روایت اول:حدثنا احمد بن منصور ثنا داود بن عمر و ثنا صالح بن موسى بن عبداللّٰه حدّثنی عبدالعزیز بن رفيع عن ابی صالح عن ابی هريرة قال قال رسول اللّٰه صلّی اللّٰه عليه وسلّم انّی قد خلفت فیكم اثنين لن تضلوا بعدهما ابدا كتاب اللّٰه و نسبی ولن يتفرقا حتّیٰ يردا على الحوض، قال الشيخ لا نعلمه يروی عن ابی هريرةؓ الا بهذا الاسناد وصالح لين الحديث۔
(مسند بزار قلمی در مسندات ابی ہریرہ موجود در کتب خانہ پیر جھنڈا و سندھ)
اہل علم کی آگاہی کے لیے عرض کیا جاتا ہے کہ مسند بزار کا نوادرات زمانہ سے ہونا تو اظہر من الشمس ہے۔ ہم نے بڑی کوشش سے اس مسند کے قلمی نسخہ جات موجود در کتب خانہ پیر جھنڈا و کتب خانہ حیدر آباد دکن میں سے روایتِ ثقلین کے دو اسناد حاصل کئے ہیں۔ ایک اسناد کامل سطر بالا میں درج کر دیا ہے۔ اس کے رواۃ کی تفتیش کے بعد دوسرا اسناد بھی حاضر خدمت ہوگا۔ اس اسناد میں ایک صاحب صالح بن موسیٰ بن عبداللہ طلحی جلوہ افروز ہیں۔ ہماری دانست کے موافق یہ روایت انہی کے احسانات بےغایات میں داخل ہے۔اب اُن کا رجال میں مندرجہ حال ملاحظہ فرمائیں:
صالح بن موسیٰ طلحی، سُنّی رجال میں:صالح بن موسىٰ بن عبداللّٰه بن اسحاق الطلحی ضعيف الحدیث، منكر الحديث جدّا كثير المناكير عن الثقات
(کتاب الجرح والتعدیل لابن ابی حاتم رازی: جلد 2 قسم اول صفحہ 415 طبع دکن)
یعنی صالح طلحی باب حدیث میں ضعیف ہے۔ بےحد منکر الحدیث ہے۔ ثقہ لوگوں کے نام سے منکر روایات چلایا کرتا ہے۔
2: صالح طلحی کوفی قال ابن معين ليس بشيئ وقال ايضا صالح و اسحٰق ابنا موسىٰ ليس بشيئ ولا يكتب حديثهما قال النسائی لا يكتب حديثه ضعیف و قال فی موضع اٰخر متروك الحديث قال ابو نعيم متروك الحديث یروی المناکیر (تهذيب: صفحہ 404، 405 جلد 4)
یعنی ابن معین کہتے ہیں کہ صالح طلحی بابِ حدیث میں کچھ بھی نہیں ہے اور یہ بھی ابن معین کہتے ہیں کہ صالح اور اسحاق موسیٰ کے دونوں فرزندِ ارجمند کوئی شے نہیں ہیں۔ ان دونوں کی حدیث نہ لکھی جاۓ اور امام نسائیؒ نے بھی یہی کہا ہے کہ صالح ضعيف ہے۔ اس کی حدیث نہ نقل کی جاۓ اور دوسرے مقام پر کہا ہے کہ ان کی روایت کو چھوڑ دینا واجب ہے۔ ابو نعیم کہتے ہیں یہ متروک الروایت آدمی ہیں، منکر روایات معتمد لوگوں کے خلاف لایا کرتے تھے۔
صالح بن موسیٰ طلحی، شیعہ رجال میں:
1/2: صالح بن موسى الطلحی الكوفی (ق)، (مح)
(2جامع الرواة: صفحہ 408 جلد 1،
رجال تفرشی: صفحہ 171)
3: عدة الشيخ اياه فى رجاله من صادق عليه السلام (رجال مامقانی: جلد 2 صفحہ 94 )
ہر سہ حوالہ جات کا خلاصہ یہ ہے کہ اس بزرگ کو شیخ طوسی نے سیدنا جعفر صادقؒ کے اصحاب میں شمار کیا ہے۔ محمد رضا استرآبادی نے بھی اس کو اپنے رجال میں ذکر کیا ہے۔
ناظرین کرام مطلع رہیں، اس روایت مندرجہ بالا کی جرح و قدح میں ہم متفرّد نہیں ہیں بلکہ مجمع الزوائد الہثیمی جلد 9 صفحہ 163 پر بھی اس روایت کی جرح ان الفاظ کے ساتھ دستیابی ہو گئی ہے: رواه البزار وفیه صالح بن موسى الطّلحی وهو ضعيف یعنی اس روایت کو محدث بزار اپنے مسند میں لائے ہیں اور کہا ہےکہ سند میں صالح بن موسیٰ طلحی ضعیف شخص ہے اور خود صاحبِ کتاب محدث بزار نے بھی ختمِ روایت پر یہ لفظ ثبت فرما دیے ہیں کہ راوی صالح لین الحدیث ہے یعنی روایت کے باب میں یہ کمزور فرد ہے۔
روایت دوم:حدثنا الحسين بن علی بن جعفر ثنا علی بن ثابت ثنا سعاد بن سليمان عن ابی اسحٰق عن الحارث عن علیؓ قال قال رسول اللّٰه صلّی اللّٰه عليه وسلم انی مقبوض وانی قد تركت فيكم الثقلين یعنى كتاب اللّٰه واهل بيتی وانّكم لن تضلّوا بعدھما و انه لن تقوم حتى يبتغی اصحاب رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلّم کما ینبغی الضالۃ فلا توجد الحدیث ضعیف۔(مسند بزار قلمی: مسنداتِ علیؓ)
مسند بزار کی اس دوسری سند میں تین چار بزرگ شیعہ حضرات تشریف فرما ہیں۔ اُن کی تفصیلات اسماء رجال کی زبانی معلوم کر لینے کے بعد قارئین کو تسلی ہو جائے گی۔ علی بن ثابت، سعَاد بن سليمان الحارث الاعور، اِن ہر سہ افراد کے حالات علی الترتیب ذکر کیے جاتے ہیں۔
علی بن ثابت، سُنّی رجال میں:
1: علی بن ثابت بن نِ الدهان صدوق لكنہ شيعی معروف۔(میزان الاعتدال ذہبی: صفحہ 219 جلد 2)
یعنی علی بن ثابت کو علامہ ذہبی میزان میں لکھتے ہیں کہ صدوق تو ہے لیکن مشہور و معروف شیعہ ہے۔
علی بن ثابت شیعہ رجال میں:
1: علی بن ثابت (ین) (مح)(جامع الرواة: جلد 1 صفحہ 506)
2: عدّہ الشيخ فی رجاله من اصحاب السجاد عليه السلام۔(رجال مامقانی: جلد 2 صفحہ 271)
ان حوالہ جات کا حاصل یہ ہے کہ شیخ طوسی نے اس بزرگ علی بن ثابت کو، سیدنا زین العابدینؒ کے اصحاب میں شمار کیا ہے اور محمد مرزا استرآبادی نے اس کو اپنے رجال میں درج کیا ہے۔ ہر سہ حوالہ جات شیعی کا خلاصہ یہی ہے۔
سُعاد بن سلیمان:
1: سعاد بن سليمان الجعفی صدوق يخطئ وكان شيعيا۔(تقریب صفحہ 180)
2: سعاد بن سليمان قال ابوحاتم كان من عنق الشيعة و ليس بقوی فی الحديث۔(تہذیب: جلد 3 صفحہ 462)
3: سعاد بن سليمان الجعفی الكوفی قال ابو حاتم شيعی ليس بقوی۔(میزان ذہبی: جلد 1 صفحہ 371)
ان تصریحات و مندرجات کا مطلب یہ ہے کہ سعاد مذکور روایت میں خطا کار ہے اور شیعہ بزرگ ہے۔ ابو حاتمؒ کہتے تھے کہ یہ شخص شیعہ کے سرداروں میں سے ہے اور باب حدیث میں قوی نہیں ہے۔