دوسرے صاحب محمد بن فضيل ہیں:
1: محمد بن فضيل بن غزوان الضبی الكوفی رمی بالتشيع (تقریب: صفحہ 467)
2/3: قال احمد حسن الحديث شيعی و قال ابو داؤد كان شيعیا محترقا قال بعضهم لا يحتج بہ قال بن حبّان كان يغلو فی التشيع قال الدّار قطنی كان منحرفا عن عثمان۔
(میزان ذہبی: جلد 3 صفحہ 122،
تہذیب: جلد 9 صفحہ 406،
کتاب الجرح والتعدیل: ق اول جلد 4 صفحہ 57)
مطلب یہ ہے کہ محمد بن فضیل ضبی کوفی شیعیت کی طرف منسوب ہے۔ احمد کہتے ہیں، حسن الحدیث ہے لیکن شیعہ ہے۔ ابو داؤد ؒنے کہا ہے یہ جلنے والا شیعہ تھا یعنی خلفائے ثلاثہؓ کے اسماء سے جلتا تھا۔ بعض نے کہا ہے اس شخص کے ساتھ دلیل پکڑنا درست نہیں ہے۔ ابن حبانؒ کہتے ہیں کہ تشیع میں غالی تھا۔ دارقطنیؒ کہتے ہیں کہ خلافتِ عثمان و صداقتِ عثمانؓ سے منحرف تھا۔
محمد بن فضيل، شيعہ رجال میں:
1: محمد بن الفضيل ابن غزوان الضبی من اصحاب الصادق عليه السلام ثقة و فی الوجيزة ثقة۔
(ملخص المقال فی تحقيق احوال الرجال: صفحہ 101، طبع ایران)
یعنی محمد بن فضیل ضبی ابو عبدالرحمٰن اصحابِ صادق علیہ السلام سے ہے اور معتمد علیہ ہے اور کتاب وجیزہ میں ہے کہ یہ معتبر شخص ہے۔
محمد بن فضیل بن غزوان الضبی مولاهم ابو عبدالرحمٰن من اصحاب الصادق عليه السلام ثقۃ (صہ۔ ج۔ د)۔ (مح) (جامع الرواة: جلد 2 صفحہ 175)
2: محمد بن فضیل بن غزوان الضبی مولاهم ابو عبدالرحمٰن ثقة قلت و عن السمعانی انه كان يغلو فی التّشيع۔ (منتهی المقال ابو علی: صفحہ 357)
مطلب یہ ہے کہ محمد بن فضیل ضبی ابو عبدالرحمٰن اصحابِ صادق علیہ السلام سے ہے، ثقہ آدمی ہے اور سمعانی کہتے ہیں کہ یہ تشیع میں غالی تھے. کتاب خلاصہ میں مندرج ہے، رجال شیخ میں درج ہے اور ابنِ داؤدؒ نے بھی اس کو ذکر کیا ہے اور محمد رضا استر آبادی نے بھی اس کو ذکر کیا ہے۔
مذكوره تفصیلات سے معلوم ہوا کہ ترمذی شریف کی یہ ہر دو روایات بھی، دوستوں کی ہی مرہونِ منت ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کو اپنے مقاصدِ مجوزہ کے موافق جزائے عمل فرماتے:
كُلُّ اِمْرِئٌ بِمَا كَسَبَ رَهِیْنٌ (سورۃ الطور: آیت 21)
نیز یہ چیز امام ترمذیؒ نے واضح کر دی ہے کہ یہ روایت متواتر یا مشہور نہیں ہے بلکہ غریب ہے جیسا کہ فاضل ابو موسیٰ مدینی ؒنے بھی اس کی تصریح کی ہے کہ یہ روایت ثقلین غریب جداً ہے۔ ابو موسیٰ مدینیؒ کی تصریح عنقریب اپنے مقام پر درج کی جائے گی. اہل علم کے لیے وہ مقام قابلِ رجوع ہے اور حافظ ابن تیمیہؒ حرانی نے بھی منہاج السنّۃ جلد چہارم صفحہ 105 بحثِ الثقلین میں اپنی تحقیق لکھی ہے کہ:
واما قوله وعترتی اهل بيتی وانهما لن يتفرقا حتّى يردا علی الحوض فهذا رواه الترمذی وقد سئل عنه احمد بن حنبل فضعفه غير واحد من اهل العلم وقالوا لا يصح۔(منهاج السنّۃ: جلد 4 صفحہ 105 لابن تیمیہ حرانی)
یعنی عترت و اہل بیت کے الفاظ سے جو فاضل ترمذی نے اس کو روایات کیا، اس کے متعلق امام احمدؒ سے سوال کیا گیا. انہوں نے بھی اس کو ضعیف قرار دیا اور بھی متعدد اہل العلم نے اس کو ضعیف بتایا ہے اور فرمایا ہے کہ یہ روایت صحیح نہیں ہے۔