اسناد صحيح مسلم شريف - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

اسناد صحيح مسلم شريف

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

صفحہ 3 از 3

6: ان توضیحات کے بعد اہلِ انصاف کو ہم اس چیز کی طرف بھی متوجہ کرنا چاہتے ہیں کہ مسلم شریف کی روایت اور مسند احمد ؒو دارمی ؒکی ہر سہ روایات کی تفصیل تو آپ کے سامنے آ چکی ہے۔ مزید تین اور محدثین (بیہقی ابن المغازیؒ و بغویؒ) سے بھی یہ روایتِ ثقلین متعدد طرق سے مروی ہے اور اس کا اندراج حسبِ ترتیب اپنے اپنے موقع پر ہوگا مگر ان میں حافظ بیہقی ؒکی روایت، دوم اور ابن المغازیؒ کی روایتِ چہارم اور محی السنّۃ بغویؒ کی روایت یہ ہر سہ روایات بالکل مسلم شریف کی روایت کے موافق ہیں، الفاظِ روایت میں شاید ہی کسی حرف کا فرق آ جائے ورنہ بعینہٖ روایتِ مسلم کے مطابق یہ روایات ثلاثہ زید بن ارقمؓ صحابی سے یہ سب مروی ہیں۔ زید موصوف سے یزید بن حیان راوی ہے اور یزید بن حیان سے روایت کنندہ ابوحیان التیمی ہے جس کا نام یحییٰ بن سعید ہے یہ سب ثقہ و معتمد و غیر مجروح راوی ہیں۔

اب ہم یہ عرض کرنا چاہتے ہیں کہ مذکور ہر سہ محدثین کی ان ہر سہ روایات کا متن بھی جب مسلم شریف کے متن کے مطابق ہوا تو یہ کل ایک روایت ٹھہری متعدد روایات نہیں ہیں اور مندرجہ بالا تفصیلات جو ہم نے مسلم کے متن کے تحت پیش کی ہیں وہ تمام معتبر اور جاری تصور ہوں گی جن کا حاصل یہ ہے کہ:

1: یہ ہر شش حوالہ جات (احمد و دارمی و مسلم و بیہقی ابن المغازی و بغوی رحمہم اللہ) تمام کی تمام روایت ایک ہے، الگ الگ اُن کو شمار نہیں کرنا چاہیے۔ ان سب مقامات میں ابوحیان اکیلا اور متفرد راوی ہے فلہٰذا یہ روایت خبر واحد ثابت ہوئی، نہ کہ خبر مشہور اور متواتر۔

2: ان سب روایات میں کتاب اللہ کو ہدایت اور نور کے الفاظ سے ذکر کیا گیا اہلِ بیتؓ کے حق میں یہ الفاظ نہیں استعمال کیے گئے۔

3: کتاب اللہ کو اخذ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اہل بیتؓ کے حق میں یہ حکم نہیں فرمایا گیا۔

4: کتاب اللہ کے ساتھ تمسک (مضبوط پکڑنا) کا فرمان ہو رہا ہے، اہل بیت کے واسطے یہ فرمان نہیں ہوا۔

5: کتاب اللہ کے متعلق تحریض (برانگیخت) کی گئی ہے۔ اہل بیت کے لیے نہ یہ حکم ہے اور نہ یہ تحریض۔

 6: کتاب اللہ کے حق میں ترغیبِ عمل دلائی گئی ہے۔ یہ چیز اہل بیت کے متعلق مذکور نہیں۔

7: ثم کا لفظ تراخیٔ مضمون کے لیے ہوا کرتا ہے۔ متحد مضمون اور متفق مضمون کی دو چیزوں کے درمیان لفظ ثم لانا موزوں نہیں ہے بلکہ اس کی وضع اور ساخت کے خلاف استعمال ہے۔

8: روایت ہٰذا میں قرائن موجودہ کی بنا پر حتماً کہا جا سکتا ہے کہ ثقلین میں سے ثانی چیز اہل بیت نہیں ہے بلکہ سنت نبویﷺ ہے علی صاحبھا الصلوٰۃ والتسلیم۔

7: مدعیان حبِّ اہل بیت ؓاور ہمارے درمیان مابہ الاختلاف یہ چیز ہے کہ اہل بیتؓ کی اطاعت اور تابعداری قرآن مجید کی طرح واجب اور لازم ہے یا نہیں؟ یہ مسئلہ روایت ہٰذا سے ہرگز ثابت نہیں ہوتا جیسا کہ ہم نے تفصیلاتِ بالا میں واضح کر دیا ہے۔ روایتِ ہٰذا میں کتاب اللہ کی اطاعت کا بیان صراحتاً موجود ہے اور اہل بیتؓ کے ساتھ تمسک کرنا اور اُن کی اطاعت کرنا یہاں مذکور نہیں۔ فلہٰذا یہ روایت جس دعویٰ کے اثبات کی خاطر پیش کی گئی ہے اس مدعی کو ثابت نہیں کر سکتی۔

دلیل ہٰذا: سے اہل بیتؓ کے حقوق کی رعایت اور احترام و حسن سلوک تو ثابت ہوتا ہے، لیکن جو مدعی وجوبِ اطاعت ہے، وہ بالکل ثابت نہیں ہوتا اور جو دلیل اپنے مدعی کو ثابت نہ کرے وہ تقریبِ تام نہیں لہٰذا یہاں تقریبِ تام نہیں ہے۔

8: چونکہ مسلم شریف کی روایت، ثقلین کی تمام روایات سے نہایت اہم تھی اس کی ذیلی تفاصیل میں بحث ذرا طویل ہو گئی ہے۔ ناظرین کرام ملال نہ فرمائیں، آخر میں ہم ایک چیز کی طرف ناظرین کی توجہ دلا کر مندرجہ بالا روایت کی بحث کو ختم کرنا چاہتے ہیں وہ یہ کہ ان دوستوں کے ہاں اہل بیت کا مفہوم یہی بارہ امام بشمول سیدہ فاطمہؓ ہیں۔

اب قابلِ توجہ یہ چیز ہے کہ اہل بیتؓ کا مفہوم و مصداق کیا ہے؟اہل بیت میں کون کون شامل ہیں؟

اس مقصد کو بھی اس روایت نے صاف بتلا دیا ہے۔ جب سیدنا زید بن ارقم رضی اللہ عنہ سے سوال ہوا کہ حضور نبی کریمﷺ کے ازواجِ مطہراتؓ اہل بیت ہیں یا نہیں؟ تو انہوں نے فرمایا کہ نبی کریمﷺ کے ازواجِ مطہراتؓ تو خود اہل بیت ہیں۔ مزید یہ چار خاندان بھی اہل بیت ہیں: اولاد علی ابنِ ابی طالبؓ، اولاد عقیل بن ابی طالبؓ، اولاد جعفر بن ابی طالبؓ، اولاد عباس بن عبدالمطلبؓ۔

یہ سب حضرات روایت ہٰذا کی رو سے "خاندانِ اہل بیت" میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اگر اس روایت مسلم سے وجوبِ اطاعت کا مسئلہ ثابت کرنا ہے، تو ثقل ثانی اُن کے گمان میں اہل بیت ہوئے اور اہل بیت یہ سب چاروں خاندان بشمول ازواج مطہراتؓ ہیں فلہٰذا ان سب کی اطاعت واجب اور لازم ٹھہری، دوستوں کو غور و فکر اور تدبر و تیقن کے بعد یہ فیصلہ کرنا چاہیے کہ مطلب ہٰذا اخذ کیا جائے یا ترک کیا جائے؟


صفحہ 3 از 3