اسناد صحيح مسلم شريف - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

اسناد صحيح مسلم شريف

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

صفحہ 2 از 3

 3: اس روایت میں ثقلین (دو بھاری چیزیں) کے بعد اولھما کتاب اللہ کا ذکر صریحاً کر دیا گیا ہے اور ثانیہا کا تذکرہ تصریحاً نہیں کیا گیا کہ دوسری کیا چیز ہے؟ نیز کتاب اللہ کے ذکر کے ساتھ ضروری تشریحات فرما دی گئی ہیں کہ اس میں ہدایت و نور ہے، اس کو اخذ کیا جائے۔ اس کے ساتھ تمسک کیا جائے۔ اس پر عمل کرنے کے لیے برانگیختہ کیا گیا ہے۔ اس کے ماننے کی ترغیب دلائی گئی ہے۔ ادھر اہل بیت کے ساتھ یہ الفاظ جن سے اُن کا مدارِ دین ہونا ثابت ہو سکے اور واجب الطاعۃ ہونا معلوم ہو سکے نہیں ذکر کیے گئے بلکہ اُن کے ساتھ حسن سلوک اور محبت کرنے کی تلقین فرمائی گئی ہے۔ جس میں کسی کو کلام نہیں ہے اور یہ امر بین الفریقین مسلم ہے۔

4: نیز روایت ہذا میں ثم قال کے الفاظ اس بات کو ظاہر کر رہے ہیں کہ ثقلین میں دوسری چیز اہل بیت نہیں ہے۔ عربی زبان میں ثم کا لفظ تراخیٔ مضمون کے لیے آیا کرتا ہے۔ یہ بتلا رہا ہے کہ اہل بیت کا تذکرہ سابقہ مضمون سے جدا ہے۔ اس سے قبل کچھ اور مفہوم بیان کیا جا رہا تھا جس کو روایت کرنے والے نے حذف کرکے ثم قال کے الفاظ کہہ کر باب اھل بیت کا نیا مضمون شروع کر دیا ہے۔ حاصل یہ ہے کہ ثم کے بعد اہل بیت کا ذکر کیا جانا بالکل جدید چیز ہے۔ اس کا دو ثقل کے ساتھ کوئی ربط و تعلق نہیں ہے۔ اس وجہ سے کہ کسی مسلسل اور متصل کلام کے درمیان ثم قال کا لفظ موزوں نہیں ٹھہرتا۔ چنانچہ خود اسی روایت میں اس ثم سے پہلے دو بار لفظ ثم کا استعمال موجود ہے۔ ان تمام مقامات میں غور فرما لیا جائے تو مسئلہ واضح ہو جائے گا۔

1: پہلی بار زید بن ارقمؓ نے اپنے مخاطب کو حضورﷺ کی حدیث بیان فرمانے سے قبل ایک معقول معذرت کی ہے کہ عمر رسیدہ ہو گیا ہوں۔ زمانۂ دراز گزر گیا ہے، بعض چیزیں فراموش ہو چکی ہیں اب جو کچھ از راہِ خود ذکر کروں، اسی پر اکتفا کرنا ہوگا۔ اس طویل تمہید کے بعد ثم قال کا لفظ لایا گیا ہے یعنی اب مقصد کی بات شروع ہوتی ہے۔ اس مقام میں ثم سے قبل اور ثم کے بعد کا متفاوت ہونا بالکل واضح ہے۔

2: دوسری دفعہ اس روایت میں ثم کا استعمال اس طرح ہوا ہے کہ نبی کریمﷺ نے ایک يوم غدیر خم کے مقام پر خطبہ دیا۔ حمد و ثنا بیان فرمائی، وعظ و نصیحت کی، ثم قال اما بعد یعنی حمد و ثنا اور وعظ و تذکیر کے بعد ایها الناس کے ساتھ خطاب کرکے، ایک مستقل دوسری چیز بیان فرمانی شروع کی۔ یہاں ثم کا ماقبل مضمون ثم کے مابعد مضمون سے صاف طور پر جدا اور مختلف چیز ہے، متحد نہیں ہے۔

 3: اب تیسری بار یہاں ثم کا لفظ ذکر ہوا ہے۔ اس کو بہ نظر انصاف سوچ لیا جائے۔ یہاں حضورﷺ نے فرمایا، لوگو! ہمارے ارتحال و انتقال کا وقت آ گیا ہے ہم دو بڑی اہم چیزیں تم میں چھوڑ رہے ہیں۔ اول ان کی کتاب اللہ ہے جس میں ہدایت اور نور ہے۔ اس کو اخذ کرنے اور تمسک کی طرف توجہ دلائی اور اس پر عمل کی ترغیب دی، پھر ثم کا لفظ استعمال ہوا ہے۔ اس ثم سے قبل کتاب اللہ کی اہمیت بیان ہو رہی ہے اور اس کا وجوب تمسک و ترغیب عمل کا ذکر ہے پھر اس مضمون سابق سے رخ بدل کر اہل بیتؓ کے ساتھ حسن معاملہ کا جدید مضمون شروع کر دیا گیا۔ اگر صاحبِ کلام کا قصد دو بڑی چیزوں کے درمیان اتحاد فی التمسک اور وجوب فی الطاعۃ ہے تو ان چیزوں کے ذکر کے درمیان ثم قال کا استعمال ہرگز موزوں نہیں ہے۔ یہ امر بھی واضح رہے کہ محدثین میں کسی روایت کے مضمون کو مختصر کر کے بیان کرنے کا عام دستور تھا۔ اس چیز سے کوئی واقف شخص انکار نہیں کر سکتا۔ اس اختصار کے پیشِ نظر روایت ہٰذا میں رواۃ کی طرف سے ثقلین میں سے ثانی چیز ذکر نہیں کی گئی اور اس مقام میں غور و فکر کرنے سے ایسے شواہد و قرائن پائے گئے ہیں جو اس امر کی طرف رہنمائی کرتے ہیں کہ ثقلین میں سے ثانی چیز اہل بیت نہیں ہے بلکہ کوئی دوسری چیز ہے۔

قرینہ اول: ثقلین کے بعد متصلاً اولهما کتاب اللہ فرمایا ہے۔ اول کا لفظ خود نشان دہی کر رہا ہے کہ اول کے مقابلہ میں یہاں ایک ثانی چیز مذکور ہونی چاہیے جس کو ثانيهما سے تعبیر کیا جاتا اور اہل بیت کو ثانیہما کے عنوان سے نہ تعبیر کرنا بتلاتا ہے کہ ثانی چیز اہل بیت نہیں ہے۔

قرینہ دوم:ثقلین میں سے کتاب اللہ کا ذکر ہوا ہے تو اس کی اہمیت اور ضرورت میں متعدد وصفات ذکر کی گئی ہیں۔ اس میں ہدایت و نور کا پایا جانا اس کے اخذ کا حکم کرنا، استسماک کا فرمان دینا۔ اس پر عمل در آمد کے لیے برانگیختہ کرنا۔ اس سے فائدہ حاصل کرنے کی ترغیب دلانا۔ لیکن اہل بیت کے ذکر کے ساتھ ان ضروری و اہم چیزوں میں سے کوئی بات مذکور نہیں پس ثقل ثانی اہل بیتؓ نہیں اور جہاں اہل بیتؓ کا ذکر ہے وہ ایک علیحدہ مضمون ہے۔

قرینہ سوم: نیز اس موقع میں لفظ ثم کا استعمال ہوا ہے جو تراخیٔ مضمون کے لیے مستعمل ہوتا ہے (جیسا کہ بالتفصیل سابقاً گزرا ہے) تو ثقلین میں سے ایک ثقل کے تذکرہ ختم ہونے کے بعد دوسرے ثقل کے مذکور ہونے سے قبل لفظ ثم کا لایا جانا موزوں اور مناسب نہیں ہے۔

ان قرائن اور شواہد کی بنا پر یقیناً کہا جا سکتا ہے کہ ثقلین میں سے ثانی چیز یہاں اہل بیت نہیں ہے بلکہ جمہور علماء کے نزدیک وہ ثانی چیز سنت نبوی علیٰ صاحبھا الصلوٰۃ والسلام ہے۔ اختصار مضمون کی بنا پر اس کا ذکر یہاں نہیں ہو سکا۔

تنبیہ: رسالہ ہذا کے دوسرے حصہ میں ہم نے حضورﷺ کی مشہور وصیت کتاب اللہ وسنتی کی روایات کو یکجا کر کے پیش کرنے کا ارادہ کیا ہے تاکہ ثقلین کا صحیح مفہوم اور مصداق عوام و خواص کے سامنے آ جائے۔ اللہ کریم اس مقصدِ خیر کی تکمیل کرنے کی توفیق عنایت فرمائیں۔ اس دوسرے حصہ میں ثابت کیا جائے گا کہ ثقلین کتاب اللہ و سنّتِ رسول اللہ ہیں جن کے ساتھ امت کا تمسک کرنا واجب ہے۔

صفحہ 2 از 3