روایت دوم از نوادر الاصول - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

روایت دوم از نوادر الاصول

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

یہ روایت جابر بن عبداللہؓ سے مروی ہے اور بغیر اسناد کے بالفاظ ذیل درج ہے:
عن جابر بن عبد اللّٰه رضی اللّٰه عنه قال رأيت رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلّم فی حجته يوم عرفة وهو علٰى ناقۃ القصوا يخطب فسمعته يقول ايّها النّاس قد تركت فیكم ما ان اخذتم به لن تضلّوا كتاب اللّٰه وعترتی اهل بيتی۔
(نوادر الاصول للحكيم الترمذی: صفحہ 68، طبع مصر)
نوادر الاصول کی اس دوسری روایت کا اسناد کہیں سے باوجود تلاش کے میسر نہیں ہوا۔ البتہ پہلا راوی جو صحابی ہے وہی ذکر کر دیا ہے، باقی نیچے کی پوری سند صاحب کتاب تک غائب ہے۔ ہمارا خیال یہ ہے کہ جابر بن عبداللہؓ کی روایت بعینہٖ انہی الفاظ کے ساتھ جامع ترمذی میں موجود ہے جو مشہور محدث امام ابوعیسیٰؒ ترمذی کی تصنیف ہے، یہ وہی روایت ہے اور اس جامع ترمذی کی روایت پر عنقریب مستقل بحث آرہی ہے۔
ان شاء اللہ تعالیٰ تھوڑی سی انتظار فرمائیں، تسکین خاطر ہو جائے گی۔
صاحبِ نوادر الاصول کی روایات اور تصانیف کے حق میں ایک ضروری تحقیق شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ نے بستان المحدثین میں ثبت فرمائی ہے۔
ناظرین کرام کی معلومات میں اضافہ کی خاطر ہم مناسب خیال کرتے ہیں کہ آخر بحث میں وہ بھی مندرج ہو جائے۔
باید دانست کہ در تصانیف ایشاں ابو عبداللہ محمد بن علی بن الحسین بن بشر بن المؤذن الملّقب بہ حکیم ترمذی، احادیث غیر معتبرہ و موضوعات بسیار مندرج است و سبب ایں حادثہ را خود ایشاں بیان کردہ اند۔ ور طبقات شعراوی مذکور است کہ ایشاں می گفتند کہ من هیچگاہ تفکر و تدبیر و تأمل پیش از کار تصنیف نہ کردہ ام و نہ غرض من آنست کہ کسی ایں مؤلفات را بہ من نسبت کند بلکہ چوں مراقبضِ وقت می شد تسلی و آرام بہ تصنیف می جستم و ہرچہ نجاطر می رسید می نوشتم پس معلوم شد کہ اکثر مصنفات ایشاں از قبیل مسودات است محتاج بہ نظر ثانی و تہذیب و تنقیح و حذف و اصلاح مانده۔(بستان المحدثین فارسی: صفحہ 63 طبع لاہور)
ترجمہ: یعنی معلوم ہونا چاہیے کہ حکیم ترمذی کی تصنیفات میں بہت سی غیر معتبر و موضوع (جعلی) روایات مندرج ہو چکی ہیں۔ اس چیز کی وجہ خود ان سے "طبقات شعراوی" میں ذکر کی گئی ہے، اس طرح کہ حکیم ترمذی کہتے تھے: میں نے تصنیف و تالیف کے کام میں اس سے قبل کبھی تدبیر و تفکر نہیں کیا اور نہ ہی میری خواہشِ طبع ہے کہ یہ تالیفات میری طرف منسوب کی جائیں۔ بلکہ جب کبھی مجھے قبض کا عارضہ اہل تصوف کی اصطلاح کے موافق قبضِ روحانی مراد ہے پیش آتا تو تسلی و سکون کی خاطر تصنیف و تالیف کی راہ اختیار کر لیتا اور جو کچھ قلب پر واردات گزرتے ان کو ضبط تحریر میں لاتا بنا بریں معلوم ہوتا ہے کہ ان کی اکثر تصنیفات مسودات کے درجہ ہی میں رہ گئی ہیں جو نظر ثانی کی محتاج تھیں، ان کی تہذیب و تنقیح، حذف اور اصلاح نہیں ہو سکی۔
حضرت شاہ صاحبؒ کے تبصرہ کے بعد نوادر الاصول کا درجۂ اعتماد تو واضح ہو چکا ہے خصوصاً جبکہ خاص کسی عقیدۂ اسلامی کے اثبات کے لیے اس قسم کی روایات اخذ کی جا رہی ہوں تو اور احتیاط کی ضرورت ہے اور صحت و سقم کا خیال کرنا ازبس ضروری ہے۔
نوادر الاصول کی بحث کا ضمیمہ:
مشہور قول ہے کہ جویٔندہ یا بندہ ہوتا ہے، نوادر الاصول حکیم ترمذی کی ثانی روایت جو جابر بن عبداللہؓ سے مروی ہے جس کی سند کے عدم حصول کا ہم اپنی جگہ افسوس کر رہے تھے۔ اتفاقاً کتاب ینابیع المؤدت جز ثالث کا مطالعہ کرتے ہوئے مذکورہ روایت مکمل سند کے ساتھ میسر ہو گئی۔ اس وقت بےحد مسرت ہوئی کہ مطلق الفاظِ اسناد جو ینابیع المؤدۃ میں پائے گئے ہیں، اس طرح ہیں:
و فی نوادر الاصول حدّثنا نصر بن عبدالرحمٰن الوشّآء قال حدّثنا زيد بن الحسن الانماطى عن جعفر بن محمد عن ابيه عن جابر بن عبداللّٰه رضی اللّٰه عنه قال رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلم فی حجته يوم عرفة وهو على ناقۃ القصوٰی يخطب فسمعته يقول ياايها النّاس انی قد تركت فیكم ما ان اخذتم به لن تضلوا كتاب الله وعترتی اهل بيتی۔
(ینابیع المؤدّة: الجزء الثالث، الباب الخامس والستون: صفحہ 19 جلد 3 طبع بيروت شام الطبعۃ الثانیہ)
اولاً ناظرین کرام پر یہ واضح ہو کہ یہ تمام سند وہی ہے جو جو ترمذی شریف میں روایتِ ثقلین کے تحت عنقریب آ رہی ہے۔ صحتِ سقم کے اعتبار سے زید بن الحسن انماطی کی وجہ سے یہ تمام معاملہ خراب ہو رہا ہے۔ اس کی تفصیل ہم ابھی ابھی اسی نوادر الاصول کی پہلی سند میں پوری تشریح کے ساتھ درج کر چکے ہیں، اعادہ کی حاجت نہیں۔
ثانياً یہ کہ ینابیع المؤدۃ کی توضیحات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ کتاب نوادر الاصول حکیم ترمذی کی روایات مقام اعتماد میں جس درجہ کی بھی ہیں، اصل نسخہ میں پورے اسناد کے ساتھ مدون تھیں مگر طبع کرنے والے لوگوں نے وقت طبع اکثر و بیشتر اسانید قطع دبرید کر دیے ہیں تاکہ حجمِ کتاب کم رہے، پھیل نہ جائے۔ صاحب ینابیع نے جامع کے ہاں وہ اصل نسخہ قلمی نوادر الاصول محفوظ ہے جس میں وہ بعض اسانید پورے نقل کر دیتے ہیں۔ 
واللّٰہ اعلم بحقيقة الحال۔