محمد بن عبداللہ بن عبدالرحمٰن التميمی متوفی 255ھ
محدث دارمی کا پورا نام اس طرح ہے: عبداللہ بن عبدالرحمٰن بن الفضل التميمی الدارمی السمرقندی، المتوفی 255ھ، ان کا اسناد مکمل مندرجہ ذیل ہے:
حدثنا جعفر بن عون حدثنا ابو حیان عن يزيد بن حيان، عن زيد بن ارقمؓ قال، قال رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلم يوما خطيبا فحمداللّٰه واثنى عليه ثم قال ياايّها النّاس انّما انا بشر يوشك ان يأتینی رسول ربى فاجیبه وانى تارك فيكم الثقلين اولهما كتاب اللّٰہ فيه الهدى والنور فتمسكوا بكتاب اللّٰه وخذوا به وحث عليه ورغب فيه ثم قال واهل بيتی اذكركم اللّٰه فی اهل بيتی ثلث مرات
(دارمی: صفحہ 424، باب فضل من قراء القرآن طبع نظامی کانپوری)
واضح رہے کہ دارمی شریف کا اسناد روایت ہٰذا بالکل صحیح متصل ہے اور زید بن ارقمؓ کی یہ روایت وہی ہے جو مسلم شریف باب فضائل علیؓ میں زید بن ارقمؓ سے مروی ہے۔ صرف قدرے اجمال و تفصیل کا فرق ہے اس کے متعلق جتنا قدر کلام ہم عرض کرنا چاہتے ہیں وہ مسلم کی روایت کے تحت ایک ہی دفعہ ذکر کیا جائے گا۔
ناظرین کرام! دارمی کی روایت ہٰذا کی متعلقہ بحث کو مسلم کی روایت کے تحت ہی مفصل ملاحظہ فرمائیں:
اسناد نوادر الاصول حکیم ترمذی متوفی 255، 320ھ
قبل ازیں کہ کتاب مذکور سے اسناد بمع کامل متن نقل کیا جائے ایک چیز قابلِ وضاحت ہے۔ روایت ثقلین کی تلاش کے سلسلہ میں ایک کتاب "ینابیع المؤة" (تالیف شیخ سليمان بن شيخ ابراهيم بلخی قندوزی) دستیاب ہوئی ہے۔ "مکتبہ العرفان" بیروت (شام) کی شائع شدہ ہے۔ اس وقت یہ عرض کرنا ہے کہ ینابیع المؤدۃ کے ذریعہ ہم کو نوادر الاصول حکیم ترمذی کا اسناد جو کچھ میسر ہوا ہے، وہ ہم "ینابیع" سے نقل کر کے زیرِ بحث لانا چاہتے ہیں۔ یہ کتاب "ینابیع المؤدۃ" خاص کر شیعوں کے مذاق کے موافق تالیف کی گئی ہے اور تمام تر اسی مسلک کی تائید کے لیے روایات رطب و یابس جمع کی گئی ہیں۔ اس سے کتاب کا حال خود ظاہر ہے۔ بہرحال روایت کا اسناد بالفظہ درج ذیل ہے۔
اسناد روایت اول:وفی نوادر الاصول حدثنا ابی قال حدثنا زيد بن الحسن قال حدثنا معروف بن خربوذ المكی عن ابی الطفيل عامر بن واثلة عن حذيفة بن اسيد الغفادی رضی اللّٰه عنه قال لماصدر رسول اللّٰه صلّى اللّٰه عليه وسلم من حجّة الوداع فقال يا ایها النّاس انه قد انباءنی اللطيف الخبير انه لويعمرنی الامثل نصف عمر النبی الذی يلیه من قبل وانی اظن انی يوشك ان ادعىٰ فاجيب وانی فرطكم على الحوض وانی سائلكم حين تردون علی عن الثقلين فانظروا كيف تخلفونی فيهما الثقل الاكبر كتاب اللّٰه عزّ وجلّ سبب طرفه بيد اللّٰه تعالٰى وطرف بايدیكم فاستمسكوا به ولا تضلوا ولا تبدلوا والثقل الاصغر وعترتی اهل بيتی فانی قد نبانی اللّطيف الخبير انهما لن يفترقا حتّٰى يردا على الحوض۔
(ینابیع المؤدت: جز اول صفحہ 29، باب رابع، فصل روایت ثقلین)
نوادر الاصول کی مذکورہ منقولہ روایت کے رواة کو اسماء رجال سنی و شیعہ میں دیکھنے سے جو تاثرات ہمیں حاصل ہوتے ہیں ہم انہیں بلاکم و کاست قارئین کرام کی خدمت میں حاضر کرتے ہیں۔ فَاعْتَبِرُوْا يٰآُولِى الْاَبْصَارِ
اسناد مذکور میں زید بن الحسن اور اس کا شیخ معروف بن خربوذ مکی ہیں۔ ان اُستاد شاگرد دونوں کی کرم فرمائیوں سے یہ روایت بھی ممنون احسان ہے۔