اسناد صحیفہ امام علی بن موسیٰ کاظم رضی اللہ تعالیٰ…

اسناد صحیفہ امام علی بن موسیٰ کاظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ(متوفی 203ھ)

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

عن الحافظ ابن عساکر عن زاهر السخانی عن (الحافظ البیهقی) عن ابی القاسم المفسر عن ابراهيم بن جعدۃ عن ابی القاسم عبداللہ بن احمد بن عامر الطائی بالبصرۃ
قال حدّثنی ابی، سنة مائتين وستّين 360ھ
قال حدّثنی علی بن موسىٰ الرضا عليه السلام سنة مأة واربع و تسعين 194ھ
قال حدثنی ابی موسىٰ بن جعفر، قال حدثنی ابی جعفر بن محمد، قال حدثنی ابی محمد بن علی، قال حدثنی ابی علی بن الحسین، قال حدثنی ابی الحسین بن علی، قال حدثنی علی بن ابی طالب سلام اللہ علیهم اجمعین آمین
 الیٰ يوم الدين، قال رسول اللّٰہﷺ کانی قد دعيت فاجبت وانی تارك فيكم الثّقلين احدهما اكبر من الاخر، كتاب الله عز وجل ممدود من السماء الى الارض وعترتی اهل بيتی فانظروا كيف تخلفونی فيهما۔
(صحیفہ علی رضاؒ بن موسیٰ کاظم: صفحہ 14،
مطبوعہ مطبع المعاہد بجوار الازہر مصر، طبع ثانی 1340ھ، 1921ء مع مسند امام زیدؒ)
روایت کا حاصل یہ ہے کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا:
"اللہ تعالیٰ کی طرف سے مجھے اپنی طرف دعوت دی گئی ہے اور میں نے قبول کر لی ہے اور میں تم میں دو بھاری چیزیں چھوڑتا ہوں، ایک ان میں سے دوسری چیز سے بڑی ہے کتاب اللہ جس کی مثال اس طرح ہے جیسے آسمان کی جانب سے زمین کی طرف رسی دراز کی گئی ہو اور میری عترت اہل بیت۔ دیکھنا تم ان کے حق میں کس طرح میری جانشینی کرتے ہو یعنی ان سے کیسے معاملہ کرتے ہو"
ناظرین باتمکین کی خدمت میں گزارش ہے کہ روایت ثقلین کے اسانید جمع کرنے کے سلسلہ میں جو مطالعہ جاری تھا اس میں، میں نے کوشش کی ہے کہ جس کتاب میں بھی یہ روایت، باسند مل گئی ہے اور وہ کتاب اہلسنت کی طرف منسوب کی جاتی ہے اس کو میں نے نقل کر لیا ہے تاکہ قواعد و ضوابط کے ذریعہ اس کے صحت اور سقم کو معلوم کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں صحیفہ علی رضا رضی اللہ عنہ میں بھی یہ روایت ملی ہے اور اسے میں نے بلفظہٖ بمع سند پیش کر دیا ہے۔
یہ چیز بھی واضح رہے کہ اس "صحیفہ علی رضا" میں جتنی روایات درج ہیں ان سب کی ایک سند ہے جو ابتدائے صحیفہ هٰذا میں درج ہے۔ اسی سند پر صحیفہ کی صحت کا مدار ہے۔ اب ہم ذیل میں اکابر علماء، رجال و محدثین کی آراء جو اس صحیفہ منسوب بعلی رضا کے حق میں ہم کو میسر ہوئی ہیں، من و عن پیش کرتے ہیں۔ اس کے بعد اس روایت کے قبول یا عدم قبول کا مسئلہ بڑی آسانی سے حل ہو جائے گا۔
1: میزان الاعتدال للذہبی جلد 2 صفحہ 22 میں اس صحیفہ کے راوی کی نسبت لکھا ہے کہ:
عبد اللّٰہ بن احمد بن عامر عن ابيه عن علی الرضا عن اٰبائه بتلك النّسخة الموضوعة الباطلة ما ينفك عن وضعه او وضع ابيه "قال الحسن بن علی الزھری كان امّيا لم يكن بالمرضی" الخ
2: اسی طرح لسان المیزان جلد سوم شمارہ 1097 و صفحہ 252 میں حافظ ابن حجر عسقلانیؒ نے بیعنہ مذکور الفاظ کے ساتھ اس کو ذکر کیا ہے ۔
ہر دو حوالہ جات کا حاصل یہ ہے کہ عبداللہ بن احمد نے ایک نسخہ روایت جعلی اور وضعی امام رضا اور ان کے آباؤ اجداد کی طرف منسوب کر رکھا ہے یا تو خود اس نے اس صحیفہ کو وضع کیا ہے، یا اس کے باپ نے یہ خدمت انجام دی ہے اور حسن بن علی زہری نے کہا ہے کہ یہ شخص امیّ تھا اور پسندیدہ آدمی نہیں تھا۔
نیز یاد رہے کہ یہ عبداللہ بن احمد مشہور امام احمد بن حنبلؒ کا بیٹا نہیں ہے کوئی دوسرا شخص ہے خیال رہے کہیں خلط نہ ہو جائے۔
3: حضرت امام ملا علی قاریؒ نے بھی اپنی کتاب المصنوع فی احادیث الموضوع مطبوعہ مطبع محمدی لاہور: صفحہ 32 میں اس مروی نسخہ کے متعلق تصریح فرما دی ہے کہ:
"وعبداللّٰہ بن احمد عن ابيه عن علی الرضا عن اٰبائه یروٰی نسخة باطلة موضوعة ما ينفك عن وضعه او عن وضع ابيه"
4: علامہ شوکانی بھی اپنی کتاب "فوائد المجموعہ فی احادیث الموضوعہ" مطبوعہ مطبع محمدی لاہور: صفحہ 156 پر بالوضاحت لکھتے ہیں:
وعنهما نسخة من روايته عبداللّٰه بن احمد عن ابيه عن علی الرضا عن اٰبائهٖ كلها موضوعة باطلة
حاصل یہ ہے کہ: عبداللہ بن احمد نے امام علی رضا کے باپ دادا کے نام منسوب کر کے ایک جعلی اور وضعی نسخہ لوگوں میں پھیلایا ہوا ہے۔ ان بڑے بڑے علماء کی تصریحات اور بیانات، بتلا رہے ہیں کہ یہ صحیفہ علی رضا کے نام سے جو نسخہ لوگوں میں مشہور ہے وہ عبداللہ بن احمد بن عامر الطائی یا اس کے والد کی کرم فرمائیوں میں سے ہے۔ سند میں نہایت معتمد اور معتبر ہستیوں کے نام اس لیے تجویز کیے گئے ہیں کہ لوگ بلا چون و چرا اس سند مبارک کو دیکھ کر صحیفہ مجوزہ تسلیم کر لیں گے اس تفصیل سے اس صحیفہ کی تمام روایات کا درجہ اعتماد وضح ہو گیا۔ روایت ثقلین بھی اس صحیفہ میں موجود ہے اور اسی زمرہ میں شمار ہوگی، واللہ اعلم۔
علی سبيل التنزل:
اگر تسلیم کر لیا جائے کہ مندرجہ بالا روایت معتبر ہے تو بھی یہ ہمیں مضر نہیں۔ اولاً اس لیے کہ اس کا مفہوم اپنی جگہ بالکل صاف ہے کہ: قرآن مجید کے لیے ایک رسّی کی مثال دے کر سمجھایا گیا ہے کہ اس کو مضبوطی سے پکڑا جائے اور اس کے ساتھ تمسک کیا جائے اور عترت نبیﷺ یعنی اولاد شریف اور اہل بیتؓ ان کے ساتھ حن کا معاملہ کرنا چاہیے اور ان کی توقیر و تعظیم کا خیال رکھا جائے۔ ان کے ساتھ محبت سے پیش آنا، ان کے حقوق کی رعایت کرنا، گویا اس وصیت کی روح ہے اس مفہوم و مضمون کے ساتھ اہلِ سنت کو پورا اتفاق ہے کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں۔
ثانیاً اس روایت مندرجہ بالا میں ایسے الفاظ مفقود ہیں جن سے وجوبِ تمسک ثابت ہو اور اہل بیتؓ کی اطاعت لازم قرار دی گئی ہو، کہ اگر قرآن کے ساتھ تمسک نہ کیا گیا تو ضلالت، اور گمراہی لازم آئے گی۔
پس یہ روایت اگر صحیح بھی ہے تو بھی اہل السنت کو مضر نہیں ہے اور دوستوں کو ان کے دعویٰ کے اثبات کے لیے مفید نہیں ہے۔