اہل سنت والجماعت کی عقائد کی کتابوں میں حضورِ اکرمﷺ کے دونوں دامادوں سے محبت رکھنے کی تاکید کی گئی ہے مجدد ماتہ دہم ملا علی قاری رحمۃاللہ لکھتے ہیں:
من علامات السنۃ و الجماعۃ تفضیل الشیخین و محبۃ الختنین۔(شرح فقہ اكبر: صفحہ 99، مصر)
ترجمہ: شیخین (سیدنا ابوبکرؓ و سیدنا عمرؓ) کو (تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین پر) فضیلت دینا اور دونوں دامادوں (سیدنا عثمانؓ و سیدنا علیؓ) سے محبت رکھنا اہلِ سنت والجماعت کی علامات میں سے ہے۔
یہ محبت واقعی حضورِ اکرمﷺ کی محبت کی ایک شاخ ہے خلفائے راشدینؓ میں سے پہلے دو کی عظمت و فضلیت اور پچھلے دو کی محبت و عقیدت ہر مردِ مومن میں ہونی چاہیے اور سادات میں سے ہونا اگرچہ یہ دور کی نسبت ہے تاہم بنو ہاشم سے ہونا بھی کوئی کم اعزاز نہیں ہے۔