ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہؓ بیان کرتی ہیں آنحضرتﷺ ایک صبح نکلے اور آپ پر سیاہ اون کی ایک چادر تھی آپ کے پاس سیدنا حسنؓ آئے سیدنا حسینؓ آئے سیدہ فاطمہؓ آئیں اور سیدنا علیؓ آئے آپ نے ان سب کو چادر کے نیچے لیا اور ان پر آیتِ تطہیر پڑھی:
فجاء الحسن بن علی فادخلہ ثم جاء الحسین فدخل معہ ثم جاءت فاطمۃ فادخلھا ثم جاء علی فادخلہ ثم قال اِنَّمَا يُرِيۡدُ اللّٰهُ لِيُذۡهِبَ عَنۡكُمُ الرِّجۡسَ اَهۡلَ الۡبَيۡتِ وَيُطَهِّرَكُمۡ تَطۡهِيۡرًا۔(صحیح مسلم: جلد 4 صفحہ 283، رقم الحديث: 2424)
ترجمہ: سیدنا حسنؓ آئے آپﷺ نے ان کو اس چادر کے اندر کر لیا پھر سیدنا حسینؓ آئے ان کو بھی اندر کر لیا پھر سیدہ فاطمہؓ آئیں ان کو بھی اندر کر لیا پھر سیدنا علیؓ آئے ان کو بھی اندر کر لیا بعد اس کے یہ تلاوت فرمائی اللہ تعالیٰ چاہتا ہے کہ دور کرے تم سے ناپاکی کو اور پاک کرے تم کو اے گھر والو۔
اس حدیث کی رو سے حسنین کریمین رضی اللہ عنہما اہلِ بیتؓ میں شمار ہوئے اور اللہ تعالیٰ نے ان چاروں حضرات کے دلوں کو پاکیزہ فرمایا اور ان کے دلوں سے ہر قسم کے شک و تذبذب کو کو دور فرمایا یہ صادق الایمان ٹھہرے ان کے دلوں میں دین میں کسی قسم کا شک اور نا پاکی نہ رہی ہر میل ان کے دلوں سے اٹھالی گئی۔
آنحضرتﷺ کی اولاد اسی ایک بیٹی سے چلی اور ان کی شانِ طہارت کا اثر آپ کی کل اولاد کو شامل رہے گا دوسری بیٹیوں کے بیٹے سیدنا علیؓ اور عبد اللہ لڑکپن میں ہی فوت ہو گئے ان سے آپ کی نسل آگے نہ چلنی تھی۔