خونی مہدی کا تصور - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

خونی مہدی کا تصور

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

ہندوستان میں مرزا غلام احمد قادیانی نے دنیا کو خونی مہدی کا تصور دیا اور انگریزوں کو باور کرایا کہ میرے مقابل جتنے مسلمان ہیں سب ایک خونی مہدی کے آنے کا عقیدہ رکھتے ہیں صرف میں ہوں جو اس کی راہ روکے ہوئے ہوں حکومتِ برطانیہ اپنے اس خود کاشتہ عقیدے کی پوری امداد کرے۔ مرزا غلام احمد قادیانی کے یہ چند اشتہارات ملاحظہ ہوں
1: یہ مولوی ایک ایسے مہدی کے منتظر ہیں جو تمام دنیا کو خون میں غرق کر دے اور خروج کرتے ہی قتل کرنا شروع کر دے۔(مجموعہ اشتہارات: جلد 2 صفحہ 21)
2: ایسا ہی یہ لوگ ایک خونی مہدی کے منتظر ہیں جو دنیا کو خون سے بھر دے یہ لوگ درحقیقت ایک خونی مہدی کے دن رات منتظر ہیں۔(ایضاً: صفحہ 128)
3: عام مولوی اس وجہ سے میرے دشمن ہو گئے ہیں کہ میں نے ان کے خونی مہدی اور خونی مسیح کا انکار کر دیا۔(ایضاً: صفحہ 130)
4: میں کسی خونی مسیح کے آنے کا قائل نہیں اور نہ خونی مہدی کا منتظر۔(ایضاً: صفحہ 287)
5: میں خدا کی طرف سے ہوں اور کسی خونی مسیح اور خونی مہدی کا انتظار کرنا جیسا کہ عام مسلمانوں کا خیال ہے یہ سب بے ہودہ قصے ہیں۔(ایضاً: صفحہ 416)
مرزا غلام احمد قادیانی نے حضرت امام مہدی کے بارے میں جو تصور پیش کیا ہے شیعہ کی کتابوں سے کیا ہے اور انہی کتابوں سے اس نے یہ عقیدہ قائم کیا ہے کہ حضرت امام مہدی کا کام بس قتل و غارت گری کرنا ہو گا۔ (معاذ اللہ)
اہلِ سنت مسلمان حضرت امام مہدی کے بارے میں کوئی ایسا تصور نہیں رکھتے ان کا عقیدہ ہے کہ ان کی تشریف آوری حضور رحمت اللعالمین کے سایہ میں ایک رحمت کا نشان ہو گی تمام زمین ان کے عدل و انصاف سے جگمگا اٹھے گی اور ان کی آمد پر شیعہ اور سنی کی صدیوں کی نزاع بھی اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائے گی جس طرح روئے زمین ایک ہے اس پر حکمران بھی ایک ہو گا اور یہ وہ پاک ہستی ہو گی کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام بھی ان کے پیچھے نماز پڑھیں گے اہلِ بیتؓ کا فیض عام اور وجودِ تام ان شاء اللہ قیامت تک رہے گا حضورِ اکرمﷺ کی اولاد جو سیدنا علی المرتضیٰؓ سے چلی وہ قیامت تک رہے گی اور ہوا کا کوئی جھونکا نورِ اہلِ بیتؓ کو بجھا نہ سکے گا جو حضورِ اکرمﷺ کو بے اولاد ہونے کا طعنہ دیتے تھے قرآن نے ان کو "ابتر"  کہا ہے سو آج ان کی اولاد میں سے کوئی نہیں۔ قرآن میں کہا گیا:
اِنَّ شَانِئَكَ هُوَ الْاَبْتَرُ ۞(سورۃ الکوثر: آیت 3)
خلفائے ثلاثہؓ اگر اہلِ بیتِ کرامؓ کے دشمن ہوتے تو آج روئے زمین پر نہ کوئی صدیقی ہوتا نہ فاروقی اور نہ عثمانی حالانکہ قریش کی ان لڑیوں سے دنیا بھری پڑی ہے۔