سب ائمہ اہل بیت رضوان اللہ علیہم اجمعین اہل سنت والجماعت…

سب ائمہ اہل بیت رضوان اللہ علیہم اجمعین اہل سنت والجماعت تھے

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

دیکھیے ائمہ اہلِ بیتؓ کے یہ تین اکابر کس طرح دیگر ائمہ اہلِ سنت کے ساتھ ملے جلے ہیں جس طرح وہ احادیث روایت کرتے ہیں یہ بھی ان سے حدیث روایت کرتے ہیں اور علمِ رجال کا کوئی ماہر انہیں صفوفِ اہلِ سنت سے باہر نہیں پاتا اور حق بھی یہ ہے کہ ائمہ اہلِ بیتؓ سب کے سب اہلِ سنت والجماعت تھے اور امام بخاریؒ (256 ہجری) کی وفات تک اثناءِ عشریہ شیعہ ابھی ایک عقیدہ بن کر نہ ابھرے تھے اثناءِ عشریوں کے بارہویں امام (254ہجری) میں پیدا ہوئے اور ظاہر ہے کہ اثناءِ عشریہ عقیدہ اس کے بعد ہی کہیں جا کر قائم ہوا شیعہ حضرات ان تین ائمہ علم کو جمہور اہلِ اسلام سے کاٹ کر اپنے ساتھ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اہلِ سنت نے ان تین حضرات کو ہمیشہ اپنی صفوں سے ظاہر کیا ہے۔ اور وہ تھے بھی انہی کے اثناءِ عشریہ عقیدے کے نہ تھے۔
تاہم محمد بن یعقوب الکلینی کی کتاب الکافی میں بھی کئی مقامات پر ان اہلِ علم حضرات کا عام اختلاط مذکور ہے۔
امام کلینی الکافی جلد 1 صفحہ 198 میں سیدنا علی رضاؒ (203 ہجری) کے جامع مسجد بغداد میں جمعہ پڑھنے کا ذکر کرتے ہیں ان دنوں وہاں خطیب کون تھا؟ اہلِ سنت و الجماعت عقیدے کا اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ سیدنا علی رضاؒ عقیدۃً اہلِ سنت تھے ان کے والد سیدنا موسیٰ کاظمؒ (183 ہجری) اور امام ابو یوسفؒ (182 ہجری) کی ملاقات بھی الکافی جلد 4 صفحہ 352 پر مذکور ہے سیدنا باقرؒ اور امام ابو حنیفہؒ کی ملاقات الکافی جلد 1 صفحہ 58 اور جلد 2 صفحہ 285 پر ملاحظہ کریں۔ سیدنا باقرؒ امام ابو حنیفہؒ کو وقت کے علماء میں شمار کرتے تھے یہ الکافی جلد 8 صفحہ 292 پر موجود ہے پھر الکافی جلد 4 صفحہ 404 پر سیدنا قتادہؒ (118ھ) اور سیدنا جعفر صادقؒ اکٹھے طواف کرتے دکھائے گئے ہیں۔
اثناءِ عشریہ عقیدے کا سب سے پہلا محدث محمد بن یعقوب الکلینی (328 ہجری) چوتھی صدی میں ہوا اور چوتھی صدی سے اس فرقے کا آغاز ہوتا ہے اس وقت اہلِ سنت و الجماعت عقیدے کے بڑے محدث سیدنا ابو جعفر الطحاویؒ (328 ہجری) تھے۔