سیدنا باقرؒ کے بیٹے سیدنا جعفر صادقؒ (148 ہجری) کا تذکرہ بھی ملاحظہ کیجیے حافظ ذہبی نے پانچویں طبقے میں نویں نمبر پر آپ کا اور دسویں نمبر پر امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃاللہ (150 ہجری) کا نام درج کیا ہے آپ لکھتے ہیں:
احد السادۃ الاعلام وابن بنت القاسم بن محمد وام امہ ھی اسماء بنت عبد الرحمٰن بن ابی بکر فلذلک کان یقول ولدنی ابو بکر الصدیق مرتین حدث عن جدہ القاسم وعن ابیہ ابی جعفر الباقر وعبید اللّٰه بن ابی رافع وعروۃ بن الزبیر وعطاء ونافع وعدۃ و عنہ مالک والسفیانان وحاتم بن اسمائیل ویحییٰ القطان وابو عاصم النبیل وخلق کثیر و ثقہ الشافی ویحییٰ بن معین وعن ابی حنیفۃ قال ما رایت افقہ من جعفر بن محمد۔(ایضاً: جلد 1صفحہ 126)
ترجمہ: آپ مدینہ منورہ کے رہنے والے چوٹی کے سادات میں سے ہیں والدہ ماجدہ قاسم بن محمد کی بیٹی اور نانی حضرت عبد الرحمٰن بن ابو بکر کی صاحبزادی حضرت اسماء ہیں اس وجہ سے آپ کہا کرتے تھے کہ ابو بکر صدیقؓ نے مجھے دو مرتبہ جنا آپ نے اپنے نانا قاسم بن محمد اور والد سیدنا باقرؒ سے علم حاصل کیا سیدنا عروہ بن الزبیرؓ حضرت عطاء حضرت نافع بھی آپ کے اساتذہ میں سے تھے امام مالکؒ سفیان ثوریؒ سفیان بن عیینہؒ حاتم بن اسماعیلؒ یحییٰ بن سعید القطانؒ اور ابو عاصم النبیلؒ اور بہت سے افراد آپ کے شاگردوں میں سے ہیں امام شافعیؒ اور یحییٰ بن معینؒ نے ان کی توثیق کی ہے امام ابو حنیفہؒ فرماتے ہیں میں نے جعفر بن محمد سے بڑا فقیہ کسی کو نہیں دیکھا۔
آپؒ اور امام ابو حنیفہؒ دونوں کی پیدائش 80 ہجری کی ہے آپ نے 148 ہجری میں اور امام ابو حنیفہؒ نے 150ھ میں وفات پائی۔