شیعوں کے ہاں بھی کل عترتِ رسولﷺ واجب الاتباع نہیں وہ عترتِ رسولﷺ میں گیارہ ائمہ کے سوا کسی کو گناہوں سے بالا اور امام مفترض الطاعت نہیں مانتے وہ سیدنا علیؓ کو ساتھ شامل کر کے انہیں اپنے بارہ امام کہتے ہیں اور بارہ کی اسی نسبت سے اثناءِ عشریہ کہلاتے ہیں ان کا مشہور محقق محمد اسحاق منہاج الفاضلین میں لکھتا ہے:
دلیل نہم روایت کردہ حسن بن یعقوب باسناد مذکور از سلمان فارسی و عمار بن یاسر و ابو ذر وغیرہم کہ گفتہ کہ شنیدم کہ رسول اللہﷺ فرمود۔
انی تارك فيكم الثقلين كتاب الله و عترتی اهل بيتی فتمسكوا بهما كی لا تضلوا ان اللطيف الخبير اخبرنی وعهده الی انهما لن يتفرقا حتى يردا علی الحوض فقام عمر بن الخطاب وهو شبه المغضب فقال يا رسول الله نتمسك بكل اهل بيتك فقال لا و لكن اوصائی وخلفائی ائمة المسلمين من بعدک اولهم اخی ووزيری و وارثی و امام المسلمين و خليفتی فی امتی۔
ترجمہ: سیدنا سلمان فارسیؓ سیدنا عمار بن یاسرؓ اور سیدنا ابو ذرؓ سے ہم نے سنا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا میں تم میں دو وزنی چیزیں چھوڑ رہا ہوں: کتاب اللہ اور اپنی عترت اپنے گھر کے لوگ تم ان دونوں سے تمسک کرنا تاکہ تم گمراہ نہ ہو جاؤ بے شک اللہ نے جو لطیف و خبیر ہے مجھے اس کی اطلاع دی ہے اور مجھے عہد دیا ہے کہ یہ دونوں چیزیں ایک دوسرے سے کبھی جدا نہ ہوں گی یہاں تک کہ حوضِ کوثر پر مجھے آ ملیں اس پر سیدنا عمرؓ اٹھے اور وہ غصے سے بھرے معلوم ہوتے تھے اُنہوں نے کہا آپ کے اہلِ بیتؓ میں سے کیا ہم ہر ایک سے تمسک کریں (اس کی پیروی کریں) آپ نے فرمایا نہیں تمسک صرف میرے وصیت یافتہ افراد سے کیا جائے میرے جان نشینوں سے اور ان سے جو میرے بعد ائمہ مسلمین ہیں ان میں پہلا میرا بھائی ہے میرا وزیر میرا وارث اور مسلمانوں کا امام ہے وہ میری امت میں میرا خلیفہ ہے۔
یہ روایت اہلِ سنت کے ہاں نہیں پائی جاتی تاہم اس سے یہ ضرور ثابت ہوا کہ شیعہ کے ہاں مطلق اہلِ بیتؓ پیشوا نہیں ہیں صرف وہ ہیں جن کے حق میں وصیت تمسک کے لیے ہو صرف اہلِ بیتؓ ہونا کافی نہیں اب سوال یہ ہے کہ وہ کون سا احساس ہے جو مومن کے دل میں ہر فردِ اہلِ بیتؓ کے لیے قائم رکھا جا سکتا ہے؟ وہ ان کی نسبت اور عزت کا احساس ہے جو ہر مومن اپنے دل میں پوری ذریتِ رسولﷺ کے بارے میں محسوس رکھ سکے شیعہ کے ہاں اہلِ بیتؓ ہونے کا معیار عترت ہونا نہیں اس کے بارے میں وصیت کا ہونا ہے سو فضیلت عترت ہونے کے پیشِ نظر نہیں وصیت ہونے کے پیشِ نظر ہے اس کی تائید اثناءِ عشریوں کے عالم شریف مرتضیٰ سے بھی ہوتی ہے:
ان اہل البيت لكل نبی اوصيائه وعلى هذا يمكن ان يقول دخول فاطمة فی اہل بيته باعتبار انها وسيلة لسائر اہل البيت كما مر فی توضیح آية سورة الاحزاب ويمكن ان لا يكون داخلة فی اہل بيت۔
ترجمہ: ہر نبی کے اہلِ بیتؓ صرف وہی ہیں جو اس کے اوصیاء ہوں اس صورت میں ہو سکتا ہے کہ سیدہ فاطمہؓ بایں طور اہلِ بیتؓ میں داخل ہوں کہ آپ سب اہلِ بیتؓ کے لیے دنیا میں سبب ٹھہری ہیں اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ سرے سے اہلِ بیتؓ میں داخل ہی نہ ہوں۔
اس روایت کی روشنی میں اس میں کوئی شک نہیں رہتا کہ شیعہ کے ہاں عترتِ رسول سے عقیدت صرف وصیت کی رو سے ہے حضورِ اکرمﷺ کی اولاد ہونے کے پہلو سے نہیں نہ یہ نسبت اور ولایت کے پہلو سے ہے حالانکہ اسی پہلو سے عترتِ رسول کے ہر فرد سے نسبت عقیدت قائم رکھی جا سکتی ہے۔
ملحوظ رہے کہ حدیثِ ثقلین میں دو وزنی چیزیں وہی مراد لی جا سکیں گی جن میں سے کسی چیز کو کم وزن نہ کرنا پڑے تاکہ اس کے وزن میں فرق نہ آئے اگر ایک چیز اہلِ بیتؓ مراد لی جائے تو پھر اسے بارہ میں محدود کرنا پڑتا ہے اور یہ سب کے سب لائقِ تمسک نہ رہے قرآن بھی وزنی چیز تبھی ٹھہرتا ہے کہ اس میں سے بھی کوئی حصہ کم نہ ہونے پائے پورے کے پورے قرآن پر ایمان ہو۔
اور اگر ثقلین سے مراد کتاب اللہ اور اہلِ بیتؓ ہی ہیں تو پھر ان دو سے تمسک اطاعت اور تعمیل کے پیراۓ میں نہیں ہو گا محبت اور ولایت کے معنیٰ میں ہو گا کیونکہ یہ ربط و تعلق تو عترت کے ہر فرد سے رکھا جا سکتا ہے انہیں بارہ میں محدود کرنے کی ضرورت نہ پڑے گی جو بھی سادات ملیں آپ ان سے محبت اور ولایت رکھ سکیں گے۔
اہلِ بیتؓ کو کم کرنے کی سوچ جیسا کہ شریف مرتضیٰ کی رائے ہے درست معلوم نہیں ہوتی اور واجب الاطاعت حضورِ اکرمﷺ کے بعد واقعی کوئی نہ ہونا چاہیے راشدین و مجتہدین کی پیروی بواسطہِ خلافت و اجتہاد ہے حضورِ اکرمﷺ کے بعد کوئی مطاع بالذات نہیں ہے۔