آنحضرتﷺ نے اِنہیں اپنے بیٹے فرمایا سیدنا حسنؓ کے بارے میں فرمایا:
ان ابنی ھذا سید ولعل اللّٰه ان یصلح بہ بین فئتین عظمتین من المسلمین۔(صحیح بخاری: رقم الحدیث 2704)
ترجمہ: میرا یہ بیٹا سید ہے اور ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کے ذریعہ مسلمانوں کی دو عظیم جماعتوں میں صلح کرا دے۔
حضورِ اکرمﷺ نے آپؓ کو اپنے کندھے پر اٹھا رکھا تھا اور فرما رہے تھے اے اللہ میں اس سے محبت رکھتا ہوں تو بھی اس سے پیار فرما۔
اللھم انی احبہ فاحبہ
(رواہ البخاری: جلد 1 صفحہ 530، رقم الحدیث: 3749)
اور صحیح مسلم میں ہے:
اللھم انی احبہ فاحبہ واحبب من یحبہ۔
(صحیح مسلم: صفحہ 282، مسند احمد: جلد 3صفحہ 51، رقم الحدیث، 2421)
ترجمہ: اے اللہ! میں اس سے محبت کرتا ہوں اور تو بھی اس سے محبت فرما اور ہر اس شخص سے جو اسے دوست رکھے۔
سیدنا عبد اللہ بن جعفر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:
كان النبیﷺ اذا قدم من سفر تلقی بنا قال فتلقی بی وبالحسن او بالحسين قال فحمل احدنا بين يديه والاخر خلفه حتى دخلنا المدينة۔(صحيح مسلم: جلد 2، صفحہ 283 رقم الحديث: 2428)
ترجمہ: آنحضرتﷺ جب کسی سفر سے واپس لوٹتے تو ہمیں اٹھا لیتے مجھے اٹھاتے اور حسنؓ کو یا حسینؓ کو ہم میں سے ایک کو آگے اٹھاتے اور دوسرے کو پیچھے یہاں تک کہ ہم مدینہ آ جاتے۔
یہ عبد اللہؓ سیدنا علیؓ کے بھائی جعفرؓ کے بیٹے ہیں حضورِ اکرمﷺ کے چچا ابو طالب کے پوتے اور سیدنا حسنؓ کے چچا زاد بھائی ان روایات سے پتہ چلتا ہے کہ سیدنا حسنؓ اور سیدنا حسینؓ کو آنحضرتﷺ نے ہمیشہ اپنا بیٹا سمجھا اور ان سے حضورِ اکرمﷺ کو اتنا پیار تھا کہ دونوں کبھی اللہ تعالیٰ کی کسی نافرمانی کے مرتکب نہیں سمجھے جا سکتے حضورِ اکرمﷺ جنہیں اپنے باغِ رسالت کے پھول فرمائیں ان کے بارے میں کوئی بدگمانی مومنین کو زیب نہیں دیتی۔