سیدنا عبد اللہ بن عمرؓ سیدنا ابو بکر صدیقؓ سے روایت کرتے ہیں آپؓ نے فرمایا:
ارقبوا محمداﷺ فی اھل بیتہ(صحیح بخاری: جلد 1 صفحہ 526، رقم الحدیث، 3713)
ترجمہ: حضورِ اکرمﷺ کا آپ کے اہلِ بیتؓ کے حق میں پورا دھیان رکھنا۔
یعنی آپ کے اہلِ قرابت کی جو بات بھی سامنے آئے اس میں وہی رائے اختیار کرنا جو حضورِ اکرمﷺ کے تعلق میں ایک امتی کی ہونی چاہیے۔
اس روایت کے راوی کون ہیں؟
سیدنا عمرؓ کے بیٹے عبد اللہؓ۔
بیان کرنے والے کون؟
سیدنا ابو بکر صدیقؓ۔
نقل کرنے والے کون؟
امام بخاری رحمۃاللہ۔
معلوم ہوا ان تینوں کا دل حضورِ اکرمﷺ کے اہلِ بیتؓ کی محبت سے معمور رہا ہے اور وہ حضورِ اکرمﷺ کے اہلِ قرابت کو حضورِ اکرمﷺ کی محبت کے آئینہ میں ہی دیکھ رہے ہیں اہلِ سنت کی حدیث کی کتابوں میں جس طرح صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور خلفاءِ راشدینؓ کی فضیلت میں باب بندھے ہیں اسی طرح حضورِ اکرمﷺ کی قرابت سیدہ فاطمہؓ کی فضیلت اور سیدنا حسنؓ اور سیدنا حسینؓ کے مناقب کے باب باندھے گئے ہیں۔
سیدنا عقبہ بن حارث کہتے ہیں:
رایت ابا بکر و حمل الحسن وھو یقول بابی شبیہ بالنبی لیس شبیہ بعلی وعلی یضحک۔
(صحیح بخاری: جلد 1 صفحہ 530، رقم الحدیث، 3750)
ترجمہ: میں نے سیدنا ابو بکرؓ کو دیکھا اور آپ نے سیدنا حسنؓ کو اٹھایا ہوا تھا اور آپ کہہ رہے تھے میرے والد قربان ہوں یہ نبی کریمﷺ کی شبیہ ہے علیؓ کی شبیہ نہیں سیدنا علیؓ اسے سن رہے تھے اور مسکرا رہے تھے۔
اس سے پتہ چلا کہ سیدنا ابو بکرؓ کس طرح حضورِ اکرمﷺ کے قدم بقدم چلتے تھے اگر حضورِ اکرمﷺ نے سیدنا حسنؓ کو گود میں لیا تو سیدنا ابو بکرؓ نے بھی آپ کو گود میں اٹھایا اور سیدنا علیؓ سیدنا ابو بکرؓ کی اہلِ بیتؓ سے یہ محبت دیکھ کر خوش ہوتے تھے ان دونوں بزرگوں میں محبت کا تعلق تھا عداوت کا نہیں۔
ایک سوال: عبد اللہ بن عمرؓ کی مذکورہ بالا روایت سانحہ کربلا سے پہلے کی ہے یزید اور حسینؓ کے معرکے میں سیدنا عبداللہؓ یزید کے ساتھ تھے سیدناابو بکرؓ و سیدنا عمرؓ بے شک اہلِ بیتِ رسالت سے محبت کے رشتے میں رہے لیکن عبداللہ بن عمرؓ یزید کی بیعت کر چکے تھے وہ سیدنا حسینؓ کے تو خیر خواہ نہ رہے تھے۔
الجواب: سیدنا عبد اللہ بن عمرؓ نے یزید کی بیعت غیر مشروط نہ کی تھی اس شرط کے ساتھ کی تھی کہ ان کی جو بیعت اللہ اور اس کے رسولﷺ سے پہلے ہو چکی ہے وہ قائم رہے گی اس کا مفہوم یہ ہے کہ یزید کی حکومت انہیں اگر کوئی حکم دے جو کتاب و سنت کے خلاف ہو وہ ہرگز نہ مانیں گے اسے مشروط بیعت کہتے ہیں آپ خود فرماتے ہیں:
وانا بایعنا ھذا الرجل علی بیع اللّٰه ورسولہ۔
(صحیح بخاری: جلد 2، صفحہ 1053، رقم الحدیث، 7111)
ترجمہ: ہم نے اس شخص کی بیعت کی اللہ اور اس کے رسولﷺ کی بیعت کو قائم رکھتے ہوئے۔
یہ الفاظ خود بتا رہے ہیں کہ یہ کس درجے کی بیعت تھی لیکن اس سے یہ نتیجہ نکالنا کہ آپ کی خیر خواہی کے جذبات سیدنا حسینؓ کے ساتھ نہ تھے درست نہیں نیک کام میں تعاون اور غلط کام میں عدمِ تعاون یہ خود قرآن کریم کی تعلیم ہے:
وَتَعَاوَنُوۡا عَلَى الۡبِرِّ وَالتَّقۡوٰى وَلَا تَعَاوَنُوۡا عَلَى الۡاِثۡمِ وَالۡعُدۡوَانِ الخ۔(سورۃ المائدہ: آیت 2)
معلوم ہوا ایک شخص سے دونوں رابطے رکھے جا سکتے ہیں سو سیدنا عبد اللہ بن عمرؓ کے جذبات سانحہِ کربلا میں سیدنا حسینؓ کے ساتھ خیر خواہی کے نہ تھے یہ ہرگز درست نہیں آپ سے کسی شخص نے مسئلہ پوچھا کہ احرام کی حالت میں مکھی مار دینا کیسا ہے؟ وہ مسئلہ پوچھنے والا عراق کا تھا۔ اب آپ کا جواب سنیں آپ نے فرمایا:
اھل العراق یسالون عن الذباب وقد قتلوا ابن ابنہ رسول اللّٰہﷺ وقال النبیﷺ ھما ریحانتای من الدنیا۔
(صحیح بخاری: جلد 1صفحہ 530، رقم الحدیث، 3753)
ترجمہ: عراق کے لوگ مجھ سے مکھی مارنے کے بارے میں مسئلہ پوچھتے ہیں اور انہوں نے نواسہِ رسولﷺ کو قتل کیا ہے اور حضورِ اکرمﷺ فرما گئے تھے حسنؓ اور حسینؓ میری دنیا کے پھول ہیں۔
یہ الفاظ بتا رہے ہیں کہ آپ کے خیر خواہی کے جذبات سیدنا حسینؓ کے ساتھ تھے رہا یہ مسئلہ کہ آپ نے اس سانحہِ کربلا کا بوجھ اہلِ عراق پر ڈالا ہے اہلِ شام پر نہیں ہم اس سے اتفاق نہیں کرتے حضورِ اکرمﷺ خود فرما گئے کہ والیِ سلطنت اللہ کے ہاں اپنی پوری رعايا کے بارے میں پوچھا جائے گا آپﷺ نے فرمایا:
کلکم راع وکلکم مسئول عن رعیتہ الامام راع ومسئول عن رعیتہ۔(صحیح بخاری: رقم الحدیث، 893)