حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی نیت حضرت فاطمہ رضی اللہ…

حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی نیت حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کو ناراض کرنے کی نہ تھی

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

سیدنا علی المرتضیٰؓ نے ابو جہل کی بیٹی سے اپنا عقد کرنا چاہا تھا سیدہ فاطمہؓ کو اس خبر سے اذیت پہنچی آنحضرتﷺ نے بھی کہہ دیا کہ اللہ کے نبی کی بیٹی اور اللہ کے دشمن کی بیٹی ایک جگہ جمع نہیں ہو سکتیں اس پر سیدنا علیؓ اپنے اس پروگرام سے رک گئے سو سیدنا علی المرتضیٰؓ اس وعید کی زد میں نہیں آئے کہ جس نے فاطمہؓ کو اذیت دی اس نے مجھے اذیت دی کیوں کہ ایذاء اس اذیت دینے کو کہتے ہیں جس میں قصدِ فعلِ اذیت دینا ہو لیکن اگر کسی کا قصد اسے اذیت دینا نہ ہو لیکن اس کے کسی عمل سے اسے بلا ارادہ اذیت پہنچے تو اسے ایذاء دینا نہ کہا جا سکے گا سیدنا علیؓ کی نیت ابو جہل کی بیٹی سے نکاح میں اذیتِ فاطمہؓ نہ تھی ایک اپنی ضرورت پوری کرنی پیشِ نظر تھی اگر اس سے سیدہ فاطمہؓ کو اذیت پہنچی تو یہ سیدنا علیؓ کے قصد سے نہ ہوئی نہ وہ سیدہ فاطمہؓ کو کوئی اذیت پہنچانا چاہتے تھے پس سیدنا علیؓ پر اس حدیث کی رو سے کوئی اعتراض وارد نہیں ہوتا تاہم اس ارشادِ نبوت سے یہ ضرور واضح ہوتا ہے کہ آنحضرتﷺ کے اپنی بیٹی کے بارے میں جذباتِ عاطفت کتنے لطیف تھے۔
یہی احساس تھا جس کے باعث سیدنا ابو بکر صدیقؓ نے سیدہ فاطمہؓ سے جب انہوں نے آپ کے پاس فدک کی زمین لینے کے لیے کسی کو بھیجا تو یہ زبان استعمال کی تھی۔ صحیح بخاری میں ہے:
فتکلم ابو بکر فقال والذی نفسی بیدہ لقرابۃ رسول اللّٰہﷺ احب الی ان اصل من قرابتی۔
(صحیح بخاری: جلد 1 صفحہ 526، رقم الحدیث، 3711)
ترجمہ: اور ابو بکر صدیقؓ بولے قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضے میں میری جان ہے آنحضرتﷺ کی قرابت مجھے اپنی قرابت سے زیادہ محبوب ہے۔
اس کا مطلب اس کے سوا کیا ہے کہ میں حضورِ اکرمﷺ کے اہلِ قرابت کو کسی پیراۓ میں کوئی تکلیف دینا نہیں چاہتا آپ ان الفاظ کی نزاکت پر غور کریں آپ کس طرح سیدہ فاطمہؓ کے دل کو تسلی دے رہے ہیں اگر سیدہ فاطمہؓ کی طبیعت پر فدک کا سوال کرنے میں کوئی بشری بوجھ آیا ہو تو کیا وہ اس بیان سے نہ اٹھ گیا ہو گا؟ پھر کیا اس بات کو بھلایا جا سکتا ہے کہ سیدنا ابو بکرؓ کی بیوی سیدہ اسماء بنتِ عمیسؓ سیدہ فاطمہؓ کے ایامِ علالت میں آخر دم تک آپ کی عیادت میں موجود رہیں۔ اگر سیدنا ابو بکرؓ سیدہ فاطمہؓ کو راضی نہ کر چکے ہوتے تو کیا وہ اپنی اہلیہ کو ان کے پاس خدمت اور عیادت کے لیے بھیج سکتے تھے اور سیدہ اسماءؓ کی پرہیز گاری اور تقویٰ اس بات کو بھی جائز نہیں کرتے کہ وہ بغیر آپ کی اجازت کے ان کے گھر آ بیٹھتی ہوں (الجوہر النقی) پھر سیدنا ابو بکرؓ نے آپ کو فدک کی زمین کے بارے میں جو کچھ کہا وہ اپنے فیصلے کی رو سے نہ تھا خود ارشادِ نبوت کی وجہ سے تھا آپ نے درست کہا تھا کہ میں وراثت کے قانون میں اپنی طرف سے کوئی تبدیلی نہیں لا سکتا حضرت خود فرما گئے ہیں کہ انبیاء کے مال میں وراثت نہیں چلتی سو اس ناراضگی میں سیدنا ابو بکرؓ کی طرف سے انہیں ناراض کرنا ہرگز نہ تھا جس طرح سیدنا علیؓ کا ابو جہل کی بیٹی سے نکاح کرنے کا ارادہ سیدہ فاطمہؓ کو ناراض کرنے کے لیے نہ تھا گو آپ نے اس پر اپنی ناراضگی ظاہر کی تھی۔
حافظ ابنِ کثیر رحمۃاللہ (774 ہجری) لکھتے ہیں:
ثم ترضاھا حتیٰ رضیت وھذا اسناد جید قوی والظاھر ان عامرا الشعبی سمعہ من علی او ممن سمعہ من علی وقد اعترف علی واھل البیت بصحۃ ما حکم بہ ابو بکر فی ذلک۔
(البدایہ والنہایہ: جلد 5صفحہ 289)
ترجمہ: پھر آپ نے سیدنا ابو بکرؓ نے آپ کو راضی کرنا چاہا اور آپ راضی ہو گئیں ظاہر ہے کہ عامر شعبی نے اسے سیدنا علیؓ سے سنا ہو گا یا اس سے جس نے اسے سیدنا علیؓ سے سنا یعنی اہل بیتؓ نے اس فیصلے کی صحت کو تسلیم کیا ہے جو سیدنا ابوبکرؓ نے دیا۔
اصولاً کسی کا کسی سے اظہارِ ناراضگی اور بات ہے اور دوسرے  سے فعلِ غضاب ناراض کرنا ہوا یا نہیں یہ اور بات ہے جو غصہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا حضرت ہارون علیہ السلام پر تھا وہ اپنی جگہ تھا لیکن حضرت ہارون علیہ السلام عملِ اغضاب کے مرتکب ہوئے ہوں یہ اور بات ہے سیدہ فاطمہؓ کو ناراض کرنے کا قصد نہ سیدنا علیؓ کا تھا نہ سیدنا ابو بکرؓ کا سیدہ فاطمہؓ اگر کسی سے کسی وقت ناراض ہوئی ہوں تو جب تک دوسرے کا اغضاب ثابت نہ ہو جائے اسے اس کا ذمہ دار نہیں کہا جا سکتا۔
حضرت خاتم النبیینﷺ کا سیدہ فاطمہؓ کو اپنے جگر کا ٹکڑا کہنا اظہارِ محبت کا ایک جذباتی پیراسیہ ہے ورنہ کسے معلوم نہیں کہ آپ رضی اللہ عنہا حضورِ اکرمﷺ کی صاحبزادی تھیں؟ اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ حضورِ اکرمﷺ کو اپنی اولاد سے محبت جذبات کی حد تک تھی لیکن یہ بات ہم کیسے مان لیں کہ نبوت کے جذبات کبھی اعتدال سے تجاوز کرتے تھے استغفر الله العظیم کبھی نہیں۔
اب حضورِ اکرمﷺ کی امت کے لیے بھی سچائی کی راہ یہی ہے کہ ان کی حضورِ اکرمﷺ کی اولاد سے محبت جذبات کی حد تک ہو اگر کوئی مسلمان عترتِ رسولﷺ کے بارے میں محبت کا پیراسیہ نہیں رکھتا وہ حلقہِ رسالت کے مقربین میں سے نہیں ہو سکتا۔ اہل بیتِ رسالت سے محبت کا تعلق جذبات کی حد تک ہونا چاہیے مسلمان انہی کی خوشی میں خوش ہوں اور ان کی غمی میں غمزدہ اور اشک فشاں ہوں اور ان کی بے ادبی اور گستاخی اسی طرح نامنظور ہو جس طرح کسی کو آگ میں جانا قابلِ قبول نہیں ہوتا۔