لوگ عام طور پر جذبات کو حقائق اور سنجیدگی کے مقابل رکھتے ہیں مگر نبوت کے جذبات پر بھی خدا کی حفاظت کا سایہ ہوتا ہے اور نبی سے جذبات میں بھی کوئی بات خلافِ حق صادر نہیں ہوتی اب دیکھیے محبوبِ دو عالمﷺ اپنے اہلِ بیتؓ کے بارے میں کن جذبات میں بولتے سنائی دیتے ہیں۔ مسلمانوں کو آپﷺ کے انہی جذبات کے آئینہ میں اہلِ بیتؓ کی قدر کرنا چاہیے ان سے محبت رکھنی چاہیے یہ ہیں جذبات ہی مگر یہ حقیقت بھی ہیں پیغمبر کے جذبات کبھی حقائق کے خلاف نہیں ہوتے پھر چاہیے کہ اہلِ بیتِ کرام کو وہ آپ کی بیویاں ہوں یا آپ کی اولاد حضورِ اکرمﷺ کی محبت اور حضورِ اکرمﷺ کے جذبات کی تہوں میں دیکھیں۔
1: ایک دفعہ منافقوں کی سازش سے ام المؤمنین رضی اللہ عنہا پر ایک الزام آیا آنحضرتﷺ نے اس پر خود فیصلہ صادر نہ فرمایا اللہ کے فیصلے کا انتظار کیا تاہم بے ساختہ یہ بات آپ کی زبان سے نکل گئی فرمایا:
ما علمت علی اھلی الا خیرا۔ (رواہ البخاری: جلد 2صفحہ 595)
ترجمہ: میں نے تو اپنے گھر والوں میں خیر کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔
بات کہنی نہ تھی مگر کہہ گئے اور عليها وغیرہ الفاظ نہ کہے ان کی نسبت اپنی طرف کرتے ہوئے بات کہی (علی اھلی) اپنے اہلِ بیتؓ کے بارے میں آپ کے جذبات بول پڑے یہ ام المؤمنین کی عمومی اخلاقی بلندی تھی جس کی آپ نے شہادت دی اور پھر اللہ رب العزت کا فیصلہ بھی انہی کے حق میں نازل ہوا۔
آپﷺ کے ام المؤمنین رضی اللہ عنہا کے بارے میں یہ جذبات تھے آپﷺ نے فرمایا جس طرح ثرید کا کھانوں میں ایک اپنا امتیاز ہے سیدہ عائشہ صدیقہؓ کو دوسری عورتوں پر ایک اسی درجہ کی فضیلت ہے آپ اندازہ کریں کہ آپﷺ جب سیدہ عائشہ صدیقہؓ کو یا حمیرا کہہ کر آواز دیتے ہوں گے تو اس لفظ اور لہجے میں آپﷺ کی آپ رضی اللہ عنہا کے لیے کتنی خیر خواہی سنائی ہوگی پھر ساتھ ہی یہ سوچیں کہ اگر کوئی ناہنجار آپ کے لیے لعن طعن کی زبان استعمال کرے تو حضورِ اکرمﷺ کے دل مبارک پر اس سے کیا گزرتی ہوگی پاک مردوں کے لیے پاک بیویاں اسلام کا طرہِ امتیاز ہے:
وَالطَّيِّبَاتُ لِلطَّيِّبِينَ وَالطَّيِّبُونَ لِلطَّيِّبَاتِ الخ۔(سورۃ النور: آیت 26)
آپﷺ کی اولاد کو لیجیے:
2: آنحضرتﷺ نے اپنی بڑی بیٹی زینب رضی اللہ عنہا کے بارے میں فرمایا:
خیر بناتی اصیبت فی۔ (مجمع الزوائد: جلد 9صفحہ 151)
ترجمہ: میری بیٹیوں میں یہ خیر البنات ہے جس نے میری وجہ سے مصیبتیں اٹھائیں۔
سیدہ زینبؓ آپﷺ کی سب سے بڑی صاحبزادی تھیں مکہ مکرمہ میں حضورِ اکرمﷺ نے جو مشکلات دیکھیں اور اسلام کی خاطر جو صدمے آپﷺ پر گزرے ان میں آپﷺ کی اہلیہ سیدہ خدیجہ الکبریٰؓ اور آپ کی بڑی صاحبزادی سیدہ زینبؓ آپ کے ساتھ برابر کی شریک تھیں آنحضرتﷺ کی نسبت اور ناطے آپ پر مشکلات کے جو پہاڑ ٹوٹے وہ آپ ہی جانتی ہیں انہی ساعات کے تصور میں حضورِ اکرمﷺ نے آپ کو خیر بناتی کے پیارے الفاظ میں ذکر کیا آپ کے بیٹے سیدنا علی بن ابی العاصؓ کس پیار سے آپ کے ساتھ فتحِ مکہ کے موقع پر لپٹے ہوئے تھے اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اس دن کن نظروں سے ردیفِ رسول کو ناقہِ رسول پر دیکھ رہے تھے ذرا تصور کی دنیا میں اتریے اور ان تمام افراد کے لیے دل میں محبت رکھیے جن سے حضورِ اکرمﷺ کو جذبات کی حد تک محبت تھی۔
3: سیدہ فاطمہؓ:
آنحضرتﷺ نے فرمایا:
انما فاطمۃ بضعۃ منی یوذینی ما آذاھا۔
(فضائل الصحابۃ: جلد 2صفحہ 567،
صحیح مسلم: رقم الحدیث2461)
ترجمہ: فاطمہؓ میرے جسم کا ٹکڑا ہے جو چیز اسے دکھ دے وہ مجھے دکھ دیتی ہے۔
کسے نہیں پتہ کہ اولاد ماں باپ کا جگر گوشہ ہوتی ہے مگر آپ کہہ رہے ہیں یہ آپ کے جذبہِ محبت کا اظہار ہے پھر آپ نے یہاں تک کہ جو اسے ایذاء دے اس نے مجھے ایذاء دی اور جس نے مجھے ایذاء دی وہ خدا کی ناراضگی پا رہا ہے۔
فانما ابنتی بضعۃ منی یریبنی ما آرابھا و یوذینی ما آذاھا۔
(سنن ابی داؤد: رقم الحدیث 2073، 2074،
حليۃالأولياء: جلد 2صفحہ 40)
اور ایک روایت میں ہے:
من آذانی فقد آذی اللّٰہ۔
(فضائل الصحابۃ: جلد 2صفحہ 77)
ترجمہ: جس نے مجھے اذیت دی اس نے اللہ تعالیٰ کو اذیت دی۔