انسان کو جو سکون و آرام اپنے گھر میں ملتا ہے وہ گرد و پیش کی کسی جگہ پر نہیں یہاں انگلینڈ میں کسی کو اپنے سکون اور آرام کا اظہار کرنا ہوتا ہے تو کہتے ہیں Quite at home میں بالکل اپنے گھر میں ہوں یہاں گھر سے مراد گھر نہیں ہوتا گھر کا سکون مراد ہوتا ہے اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کو جو گھر والی دی اس کا مقصدِ وجود بتلایا: لِيَسۡكُنَ اِلَيۡهَا الخ۔ (سورۃ الاعراف: آیت 189)
ترجمہ: آدم علیہ السلام اس کے ہاں سکون پائے۔
اسی طرح گھر کے بچے ہیں وہ انسان کے جگر کے ٹکڑے سمجھے جاتے ہیں ان کی محبت ان کے کردار کے میزان پر نہیں تولی جاتی خونی رشتے میں ایک اپنی حرارت موجود ہوتی ہے کنعان کا عمل حضرت نوح علیہ السلام سے پوشیدہ نہ تھا مگر پھر بھی پکار اٹھے:
رَبِّ اِنَّ ابۡنِىۡ مِنۡ اَهۡلِىۡ وَاِنَّ وَعۡدَكَ الۡحَـقُّ وَاَنۡتَ اَحۡكَمُ الۡحٰكِمِيۡنَ ۞(سورۃ ہود: آیت 45)
ترجمہ: اے رب! میرا بیٹا میرے اہل سے ہے اور تیرا وعدہ سچا ہے اور تو سب سے بڑا حاکم ہے۔
آگے حکمِ الٰہی ایسا ہوا ہے جس کے آگے ہر چیز قربان ہو جاتی ہے اور حضرت ابراہیم علیہ السلام اپنے بیٹے کو بھی قربانی کے لیے پیش کر دیتے ہیں یہ کس لیے؟ یہ اس لیے کہ انسان کے لیے اس دنیا میں سب سے بڑی قربانی کا اور کوئی تصور نہیں۔
آنحضرتﷺ بھی نوعِ انسانی میں سے تھے اور آپ کے سینہ میں بھی اپنی اولاد کے لیے ایک انسان کا دل تھا ہمارے احساسات آپﷺ کی اولاد کے بارے میں جو ہوں گے ان کا عکس قلبِ رسالت پر بھی پڑے گا کاش آپ کبھی اس پہلو سے بھی اہلِ بیتؓ کی محبت کا احساس کرتے اور اس نتیجہ پر پہنچتے کہ اہلِ بیتِ رسالت کی محبت حضورِ اکرمﷺ کی محبت کا ہی ایک دلآویز نقش ہے جو ہر مؤمن کے دل پر لگا ہونا چاہیے۔