اہل بیت رسالت سے محبت ضروریات مذہب اہل سنت سے ہے:
الۡحَمۡدُ لِلّٰهِ وَسَلٰمٌ عَلٰى عِبَادِهِ الَّذِيۡنَ اصۡطَفٰى أَمَّا بَعْدُ!
صحیح العقائد مسلمانوں میں جس طرح صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے ایمان اور خلفائے راشدینؓ کی عظمت کا اعتقاد ضروریاتِ مسلک میں سے ہے اسی طرح جو اہلِ بیتِ کرام رضی اللہ عنہم کی شان میں گستاخی کرے وہ بھی اہلِ سنت کے دائرہِ حقہ میں شمار کے لائق نہیں رہتا اہلِ بیتِ رسالت میں جس طرح بہ نصِ قرآن امہات المؤمنین رضی اللہ عنہن ہیں اسی طرح آپ کی بیٹیاں اور ان کی اولاد بھی اہلِ بیتِ رسالت میں سے ہیں اور سیدنا علی المرتضیٰؓ بھی بہ نصِ حدیث اہلِ بیتؓ میں سے ہیں گو آپ کی ساری اولاد یہ شرف نہ رکھتی ہو، سیدنا حسنؓ اور سیدنا حسینؓ اپنے نانا کی نسبت سے اہل بیتِ رسالت میں سے ہیں اپنے والد کی نسبت سے نہیں اور نہ ان کے والد (سیدنا علیؓ) کی ساری اولاد اس شرف سے مشرف ہوئی ہے سیدنا حسنؓ اور سیدنا حسینؓ کے لیے والدہ کی نسبت والد کی نسبت سے کہیں زیادہ اعزاز رکھتی ہے۔