حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے جاتے ہوئے پیغام - ردِ رافضیت |…

حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے جاتے ہوئے پیغام

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

سیدنا حسینؓ نے خود اپنے عمل سے یہ بتا دیا کہ وہ ابنِ زیاد کے سامنے پیش ہونے کی بجائے لڑنے کو تیار ہو گئے تو جاتے ہوئے کیا وہ یہ پیغام نہیں دے گئے سوچو کہ اگر میں ابنِ زیاد کے ہاتھوں میں ہاتھ دینے کو تیار نہیں اور اس کے ہاتھ پر یزید کی بیعت کرنے کو تیار نہیں تو میرا باپ آپ تو مجھ سے زیادہ غیرت مند تھا اگر سیدنا ابوبکرؓ و سیدنا عمرؓ غلط حکمران ہوتے تو کربلا اسی دن قائم ہو جاتی تو سیدنا حسینؓ ہمارے محسن ہیں کہ سنی عقیدے کو ثابت کرنے کے لیے وہ میدان میں آئے تاکہ وہ جو کہا جاتا تھا کہ تقیہ کے طور پر غلط حکمرانوں کو مان لو تو اگر ماننا جائز ہوتا تو کیا سیدنا حسینؓ ابنِ زیاد کے پاس نہ آ جاتے؟ اگر وہ نہیں آئے تو سیدنا حسینؓ کا مقام سیدنا علیؓ سے تو نہیں بڑھ گیا اگر سیدنا حسینؓ کا عمل یہ ہے تو اگر سیدنا ابوبکرؓ و سیدنا عمرؓ غلط ہوتے تو سیدنا علیؓ بھی ان کے سامنے اسی طرح کھڑے ہو جاتے سو جب سیدنا علیؓ نے خلفائے ثلاثہؓ کو دل سے قبول کیا کہ وہ راہِ راست پر ہیں اور حضورِ اکرمﷺ کی خلافت کے صحیح طور پر حق دار ہیں تو سیدنا علیؓ کو بظاہر ماننے کا دعویٰ رکھنے والوں کو بھی خلفائے ثلاثہؓ کو دل سے ماننا چاہیے۔ 
(یہ بات بھی بڑی واضح ہے کہ سانحہ کربلا سے سیدنا حسینؓ امت سے کٹے نہ تھا بلکہ قیامت تک آپ مؤمنین کی محبت و مودت کے محور میں شامل رہیں گے کیونکہ آپ سمیت تمام اہلِ بیتؓ کی محبت اہلِ سنت کے ہاں جزوِ ایمان ہے چنانچہ استاذنا المکرم حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمۃاللہ فرماتے ہیں: سانحہ کربلا جن حالات میں پیش آیا وہ اہلِ عراق کی اچانک بے وفائی کا ایک اچانک رد عمل تھا یہ نہیں کہ حضرت خاتم النبیینﷺ کی امت جو پورے قلمروِ اسلامی میں پھیلی تھی اس کی غم خواری سیدنا حسینؓ کے ساتھ نہ تھی پوری اسلامی دنیا میں جہاں بھی سیدنا حسینؓ کا ذکر ہو تمام مؤمنین کے دل سیدنا حسینؓ کی محبت اور ان کی مظلومیت کے احساس سے برابر تڑپتے خود اہلِ شام بھی ابنِ مرجانہ پر برابر لعنت کرتے تھے اس وقت تک مسلمانوں میں کوئی اعتقادی تفریق نہ تھی اس سے یہ بات کھلے طور پر سمجھ آتی ہے کہ اس سانحہ سے سیدنا حسینؓ اپنے اس جداگانہ عمل سے امت سے ہرگز نہ کٹے تھے اور وہ سلطنتِ اسلامی کی سرحد پر اپنے موجود ہونے کو بھی اسلام کی ایک بڑی خدمت سمجھتے تھے اور اس کی آپ نے پیشکش بھی کر دی تھی آپ نہ چاہتے تھے کہ شیرازہِ اسلام کسی پہلو سے انتشار کا شکار ہو۔
مدینہ منورہ میں سیدنا علی بن الحسین رضی اللہ عنہ کی ملی جلی علمی شخصیت سیدنا زین العابدینؒ (94 ہجری) جب مدینہ منورہ آئے تو آپ سیدنا جابرؓ (74 ہجری) سیدنا عبد اللہ بن عباسؓ (68 ہجری) اور سیدنا عبد اللہ بن عمرؓ (74 ہجری) کے تلامذہ میں رہے سیدنا ابو ہریرہؓ سے بھی نہایت قریب رہے وہ بھی آپ سے بہت پیار کرتے تھے آپ کی پیشگوئی تھی کہ لوگ سیدنا حسنؓ اور سیدنا حسینؓ کی اقتدا میں چلیں گے امام زہری کہتے ہیں میں نے ان سے بڑا فقیہ کسی کو نہیں پایا مسجدِ نبوی میں ان کا علمی حلقہ اسی طرح مرجعِ عوام و خواص تھا جس طرح امت کے دوسرے اکابر اہلِ علم کے حلقے لگتے تھے اور یہ بات ان دنوں کسی کے حاشیہِ خیال میں بھی نہ تھی کہ ان کے نظریات میں اور وقت کے دوسرے اہلِ علم میں کوئی اعتقادی فاصلہ پایا جاتا ہے پھر سیدنا باقرؒ اور سیدنا جعفرؒ بھی حجاز میں اسی طرح مرجعِ عوام و خواص رہے جس طرح ان کے والد سیدنا علی بن الحسینؓ اپنے وقت کی ملی جلی شخصیت رہے تھے۔
تاہم اس میں کوئی شک نہیں کہ بعض اہلِ نفاق سیدنا عثمانِ غنیؓ کی شہادت کے بعد مسلمانوں میں اعتقادی تفریق پیدا کرنے میں لگ گئے تھے سیدنا علی المرتضیٰؓ نے ان کے سرغنہ کو زندہ جلا دیا تھا تیسری صدی کے آخر میں ان کی یہ کوششیں اس درجہ میں کامیاب ہو گئیں کہ انہوں نے ائمہِ اہلِ بیتؓ کو اب عام مسلمانوں سے بالکل علیحدہ کر کے متعارف کرانا شروع کر دیا تو بعض مورخین اور غلط قسم کے راویوں نے اس اختلاف کو اوپر تک لے جانے کی بھی بہت سعی کی ان حالات میں علماءِ حق کے ذمہ ہوا کہ وہ مسلمانوں کو متنبہ کریں کہ وہ تاریخ کے اس دھندلکے دور میں ائمہِ اہلِ بیتؓ کو کسی مشتبہ پیمانے سے جاننے کی غلطی نہ کریں انہیں اسی طرح اپنے اسلاف میں سے جانیں جس طرح وہ دیگر اکابرِ امت کو جانتے اور پہچانتے چلے آ رہے ہیں (مقدمہ، فوائد نافعہ: جلد 2صفحہ 15)
واقعہِ کربلا پر مزید مطالعہ کے لیے فوائد نافعہ: جلد دوم از حضرت مولانا محمد نافع رحمۃاللہ کی مراجعت فرمائیں)