الحمدللہ و سلام علی عبادہ الذین اصطفیٰ خصوصا علی سید الرسل و خاتم الانبیاء و علی آلہ الاتقیاء واصحابہ الاصفیاء اما بعد!
اَعُوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَلَا تَقُوۡلُوۡا لِمَنۡ يُّقۡتَلُ فِىۡ سَبِيۡلِ اللّٰهِ اَمۡوَاتٌ بَلۡ اَحۡيَآءٌ وَّلٰـكِنۡ لَّا تَشۡعُرُوۡنَ ۞(سورۃ البقرہ: آیت 154)
عن ابی ہریرۃ قال قال رسول اللّٰہﷺ ما من مکلوم یکلم فی سبیل اللّٰه الا جاء یوم القیامۃ وکلمہ یدمی اللون لون دم و الریح ریح مسک۔(صحیح البخاری)
وقال النبیﷺ افضل الجھاد کلمۃ حق عند سلطان جائر او کما قال النبیﷺ۔
(المعجم الکبیر للطبرانی: جلد 8 صفحہ 282)
حضرات علماءِ کرام واجب الاحترام بزرگان قوم سامعین عزیز دوستو اور بھائیو! شہادت کا لفظ آپ کے لیے اجنبی لفظ نہیں ہر روز آپ سنتے ہیں کہ جی فلاں کورٹ میں شہادت ہوئی یا شہادت دی گئی۔ شہادت کا لفظ (Word) کوئی اوپر کا لفظ نہیں اس کا انگریزی میں معنیٰ ہے کہ To Bear Evidence یا To Provide The Evidence کہ کسی حقیقت کی خبر دینا جب کسی حقیقت کی خبر بطورِ گواہی کے دی جائے تو کہتے ہیں شہادت دی ہے تو آپ نے جو یہ اپنے دینی حلقے میں لفظ سنا ہے کہ فلاں شہید ہوئے تو شہید وہی لفظ ہے بمعنیٰ شہادت گواہی دینے والا گواہی کس پر؟ گواہی کس پر دی جا رہی ہے؟ جو واقعہ سامنے نہیں یا پردہ غائب میں ہے وہ ماضی کا کوئی واقعہ ہو یا پردہ میں کوئی حقیقت ہو تو اس کی گواہی دینا عدالتوں میں یہی شہادت اور بطورِ گواہی دی جاتی ہے۔
تو اللہ تبارک و تعالیٰ نے اپنے آپ کو پردہ غائب میں رکھا وہ یہاں ان آنکھوں سے نظر نہیں آتا تو اس کی جو بھی باتیں ہم نے مانیں اور سیکھیں
يُؤْمِنُوْنَ بِالْغَيْبِ الخ۔(سورۃ البقرہ: آیت 3)
To believe in unseen کے طور پر مانیں سو جب کوئی چیز پردہ میں ہو تو اس کے لیے گواہی دینے کے دو طریقے ہیں گواہی دینا کسے کہتے ہیں؟ Lips service زبان کے ساتھ گواہی دینا کہ میں یہ بات کہتا ہوں کہ I bear witness تو اب خدا کے ہونے کی گواہی آپ نے اپنی زبان کے ساتھ دی تو یہ آپ کی شہادت ہے کہ اللہ ہے۔
لیکن انسان کی زبان کبھی صحیح چلتی ہے اور کبھی غلط بھی جب صحیح چلے تو یہ صادقین کی زبان ہے اور غلط چلے تو یہ جھوٹ ہے جھوٹ بھی زبان سے ادا ہوتا ہے لیکن اگر مطابق واقعہ نہ ہو تو کہتے ہیں یہ جھوٹ ہے تو زبان کی گواہی جھوٹی بھی ہو سکتی ہے اور سچی بھی ہو سکتی ہے لیکن ایک گواہی ہے جو زبان سے نہیں بلکہ اچھلتے خون سے دی جائے کیوں؟ انسان جھوٹ بولتا ہے اپنی ساکھ بنانے کے لیے انسان جھوٹ بولتا ہے اپنے دنیا کے کسی کام کے لیے اور جس کی دنیا ہی باقی نہیں رہنی وہ جھوٹ کیا بولے گا؟ جس کی دنیا ہی باقی نہیں رہے گی ظاہر ہے وہ جھوٹ تو نہیں بولے گا اس لیے یہ اپنے خون کے قطروں سے اور اچھلتے خون سے گواہی دینا کہ وہ (اللہ) ہے یہ میدان میں اس طرح کی گواہی ہے کہ جس میں کذب کا کوئی شائبہ تک نہیں اللہ تبارک و تعالیٰ نے جن کو اس گواہی کے لائق بنایا ان کو کہتے ہیں شہداء کرام۔