حضرت حسین رضی اللہ عنہ کا مقام - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

حضرت حسین رضی اللہ عنہ کا مقام

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

تو یہ جو خفت ہے کیا یہ سیدنا حسینؓ کے مقام کے مناسب تھی؟ (سامعین: نہیں) یزید بھی نہیں بلکہ یزید کا باپ سیدنا امیرِ معاویہؓ جو سیدنا حسنؓ و سیدنا حسینؓ کی عزت کرتا تھا جن کے ہاتھ میں ان دو حضرات نے اپنا ہاتھ دیا تھا اب اس کا بیٹا یزید جو ہے وہ اس پوزیشن کا نہیں تو جو اس (یزید) کے کارندے ہیں پھر ان کی حیثیت کیا ہے؟ وہ تو بالکل بھی کوئی پوزیشن نہیں رکھتے۔
تو میں نے پچھلی مجلس میں کہا تھا کہ اب سیدنا حسینؓ مقامِ غیرت میں آ گئے سیدنا حسینؓ نے کہا کہ کیا تم جانتے ہو کہ میں کون ہوں؟ کیا تم نہیں جانتے کہ میں حضورِ اکرمﷺ کا نواسہ ہوں کیا تم نہیں جانتے کہ میں فاطمہؓ کا بیٹا اور پروردہ ہوں میں علیؓ کا بیٹا ہوں میں حسنؓ کا بھائی ہوں جس نے پوری امت کو پھر سے جمع کیا۔
تو سیدنا حسینؓ نے بڑی دردمندی کے ساتھ تقریر کی آپ نے کہا کہ کیا اب میں ان کے سامنے یعنی شمر اور ابنِ زیاد کے سامنے بیعت کروں؟ اب سیدنا حسینؓ مقامِ غیرت میں آ گئے سیاست کی گتھی کو سلجھانا وہ تو ہو سکتا ہے کبھی انسان جھک کر بھی سمجھا دیتا ہے لیکن سیدنا حسینؓ کا ایک مقام تھا تو سیدنا حسینؓ نے جب یہ کہا اے لوگو !تم میں اب بھی ایسے لوگ موجود ہیں مسلمانوں میں جو حضورِ اکرمﷺ کے عہد کے ہیں صحابہ ہیں جنہوں نے حضورِ اکرمﷺ کے مبارک دہن سے یہ آواز سنی کہ آپ نے فرمایا تھا میرے بھائی کو اور میرا نام لے کر الحسن والحسین سیدا شباب اهل الجنة۔(ترمذی شریف)  
ترجمہ: حسنؓ اور حسینؓ جنت کے جوانوں کے سردار ہیں۔
(اس روایت کے متعلق حضرت علامہ رحمۃاللہ ایک اور مقام پر ایک استفسار کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں:
سوال: سیدنا حسنؓ اور سیدنا حسینؓ کے متعلق یہ حدیث ہے کہ یہ دونوں جنت کے جوانوں کے سردار ہوں گے تو جنت میں انبیاء کرام علیہم السلام بھی ہوں گے سیدنا صدیقِ اکبرؓ اور سیدنا فاروقِ اعظمؓ بھی ہوں گے اور سیدنا علی المرتضیٰؓ بھی ہوں گے تو کیا سیدنا حسن اور سیدنا حسین رضی اللہ عنہما ان سب کے بھی سردار ہوں گے کیونکہ جنت میں تو سب ہی جوان ہوں گے؟
سائل: ماسٹر محمد ابراہیم ساکن مڈ رانجھ تحصیل بھلوال
جواب: سیدنا حسنؓ اور سیدنا حسینؓ جنت میں ان لوگوں کے سردار ہوں گے جو اس دنیا میں جوان ہونے کی حالت میں فوت ہوئے پس اس سے ان کے انبیاء کرام علیہم السلام یا شیخین کریمینؓ یا سیدنا علی المرتضیٰؓ کے بھی سردار ہونے کا گمان لازم نہیں آتا یہ ٹھیک ہے کہ جنت میں سب جوان ہی ہوں گے جنتیوں کا بڑھاپا اعزاز و انعام کی صورت میں جوانی میں بدلا جا چکا ہو گا لیکن اس روایت میں کہ سیدنا حسنؓ اور سیدنا حسینؓ جنت کے جوانوں کے سردار ہوں گے جوانوں سے مراد اس دنیا کے جوان ہیں جو جنت سے سرفراز ہوں گے اس عالم جنت کے جوان مراد نہیں کیونکہ وہاں تو سبھی جوان ہوں گے پھر تخصیص کا کیا فائدہ۔ (عبقات: جلد 1 صفحہ 191)
 اب بھی وہ لوگ موجود ہیں جنہوں نے پیغمبرﷺ کی زبان سے یہ سنا کیا میں ان دو میں سے ایک نہیں ہوں؟ تو سیدنا حسینؓ نے یہ کوئی تکبر کی بات نہیں کی، وہ مقامِ غیرت پر کہ اس خاندان کے لیے یہ بڑی خفت اور بے ادبی کا مقام تھا کہ وہ یزید بھی نہیں یزیدیوں کے ہاتھ پر بیعت کریں تو یزید کی بیعت شرطیں منوا کر یہ کوئی عیب نہ تھی کیا سیدنا حسنؓ نے سیدنا امیرِ معاویہؓ سے شرطیں نہیں منوائی تھیں؟ اور کیا انہوں نے مانی نہیں تھیں؟ کیا پھر سے عالمِ اسلام ایک نہیں ہوا؟ تو سیدنا حسینؓ بھی جا کر اپنی شرطیں منواتے اسی پر عمرو بن سعد خوش تھا کہ اب تو مسئلہ حل ہو جائے گا لیکن بدبختی انہیں کے نام لکھی ہوئی تھی۔