نویں رات (مجلس 9) - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

نویں رات (مجلس 9)

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

الۡحَمۡدُ لِلّٰهِ وَسَلٰمٌ عَلٰى عِبَادِهِ الَّذِيۡنَ اصۡطَفٰى خصوصا علی سید الرسل و خاتم الانبیاء وعلی آلہ الاتقیاء واصحابہ الاصفیاء اما بعد!
اَعُوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم
وَلَـنَبۡلُوَنَّكُمۡ بِشَىۡءٍ مِّنَ الۡخَـوۡفِ وَالۡجُـوۡعِ وَنَقۡصٍ مِّنَ الۡاَمۡوَالِ وَالۡاَنۡفُسِ وَالثَّمَرٰتِ وَبَشِّرِ الصّٰبِرِيۡنَ ۞(سورۃ البقرہ آیت 155)
الَّذِيۡنَ اِذَآ اَصَابَتۡهُمۡ مُّصِيۡبَةٌ قَالُوۡٓا اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّـآ اِلَيۡهِ رٰجِعُوۡنَ ۞(سورۃ البقرہ آیت 156)
وصدق اللہ مولانا العظیم۔
رسول اللہﷺ کی برکات اور بعد کا زمانہ:
بزرگانِ محترم حضرات علماء کرام واجب الاحترام سامعینِ عزیز نبی پاکﷺ پر اللہ تعالیٰ نے دین مکمل کیا اور پھر آپ سفرِ آخرت پر روانہ ہوئے نبی پاکﷺ نے پیچھے جو ماحول چھوڑا اس میں جب تک صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا غلبہ رہا تب تک تقویٰ و طہارت کی ایک الگ اور اعلیٰ شان اپنی جگہ قائم رہی اور امن عام رہا مسلمانوں کو شوکت ملی، ملکوں پر ملک فتح ہوتے گئے لیکن جوں جوں زمانہ دور ہوتا گیا وہ برکات نہ رہیں کیونکہ مسلمانوں میں اکثریت غیر صحابہ کی ہو گئی۔
اس کے لیے ان حالات کا نقشہ سامنے رکھیں کہ سیدنا عثمانِ غنیؓ بارہ سال خلافت کرنے کے بعد شکار کس کا ہو گئے؟ بغاوت کا مدینہ منورہ سے جب بڑے اکابر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین حج پر گئے ہوئے تھے تو پیچھے ان (باغی) لوگوں نے بغاوت کر کے سیدنا عثمانِ غنیؓ کو گھر بیٹھے شہید کر دیا۔ کس کو شہید کیا؟ اس سلطنت کے رہنما کو اس سلطنت کے سربراہ کو خلیفہ کو اس عظیم سلطنت کے پیشوا کو جو کئی ملکوں پر حاوی تھا تو اب جو لوگ بغاوت کے لیے اٹھے وہ اپنی زبان کے اعتبار سے کیا تھے؟ ذرا سوچو؟
زبان کے وہ مسلمان تھے۔
کلمہ پڑھتے تھے۔
نمازیں پڑھتے تھے۔
تو اتنے بڑے آدمی جو حضورِ اکرمﷺ کے بعد صرف تیسرے خلیفہ راشد ہی نہیں بلکہ حضورِ اکرمﷺ کے داماد بھی ہیں اور دوہرے داماد ہیں ان کے بارے میں اتنی بڑی سازش کی گئی باغی میدان میں نکالے گئے پھر باغیوں نے اس ماحول پر قبضہ بھی کر لیا کہ سیدنا علیؓ کی بات بھی وہ چلنے نہیں دیتے تھے تو آپ ذرا تصور کریں کہ وہ شخص جو کئی ملکوں پر حاوی ہو اور خلافت کو بارہ سال سے چلا رہا ہو اس کے خلاف اتنا بڑا ماحول بن گیا۔ ع
گئی یک بہ یک جو ہوا پلٹ
نہِیں دِل کو میرے قرار ہے
میں داغِ دِل کیا کروں بَیاں
میرا غم سے سِینہ فِگار ہے۔