سکھوں کا اہل سنت کے متعلق پھیلایا گیا باطل نعرہ - ردِ…

سکھوں کا اہل سنت کے متعلق پھیلایا گیا باطل نعرہ

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

ایک بات اور سامنے آ گئی کہ مولانا اسماعیل شہید رحمۃ اللہ جب بالا کوٹ کے مقام پر سکھوں سے جہاد کر رہے تھے تو ابھی ان کی شہادت شام کو جا کر ہونی تھی کہ عصر کے وقت جب وہ عصر کی نماز کے لیے آئے ہیں تو حیرانی کے ساتھ اپنے ساتھیوں کو کہا یہ مجھے جنت نظر آ رہی ہے۔ حالانکہ آپ شام کے وقت شہید ہوئے ہیں اور اچھے بھلے تھے عصر کے وقت تو انہوں نے اپنے ساتھیوں کو کہا کہ مجھے جنت نظر آ رہی ہے اس وقت ان کو نہیں پتہ تھا کہ شہادت شام کو آ رہی ہے تو کہا کہ جنت نظر آ رہی ہے۔
بالا کوٹ کے مقام پر کن کا مقابلہ تھا؟ سکھوں کا اور مولانا اسماعیل شہید رحمۃاللہ کا اور مولانا کے ساتھ سید احمد شہید بھی تھے تو سکھوں نے بڑا پروپیگنڈا کر رکھا تھا کہ مانسہرہ کے لوگ اور مانسہرہ کے باسی جو ہمارے ساتھ لڑ رہے ہیں یہ وہابی ہیں۔ حالانکہ وہ اہل سنت والجماعت تھے لیکن پروپیگنڈا کیا گیا کہ یہ وہابی ہیں کون پروپیگنڈا کر رہا تھا؟ سکھ گویا کہ سکھ پروپیگنڈا کر رہے ہیں کہ یہ وہابی ہیں گویا کہ وہاں کے لوگ اتنے ناداں ہیں کہ وہ وہابی کو زیادہ برا سمجھتے ہیں سکھوں کو نہیں سکھ پروپیگنڈا کر رہے ہیں کہ یہ وہابی ہیں لوگو !ان سے بچنا تو سب نے کہا کہ سکھ ٹھیک کہہ رہے ہوں گے۔
(حضرت شاہ اسماعیل شہید رحمۃ اللہ کی شخصیت اور تحریک پر مستند معلومات کے لیے حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمودؒ کی کتاب شاہ اسماعیل شہید کی مراجعت فرمائیں)
تاہم ایک شاعر کہتا ہے:
وہ جسے وہابیہ نے دیا ہے لقب شہید و ذبیح کا
وہ شہیدِ لیلیِ نجد تھا وہ قتیلِ تیغِ خیار ہے
وہ جسے وہابیہ نے دیا ہے لقب ذبیح و شہید کا
وہ قتیلِ لیلیٰ نہیں وہ قتیلِ شیرِ خیار ہے
تو جو آگے بڑھا تھا قتل کرنے کے لیے وہ خیار سنگھ تھا سکھ تو کہا کہ لوگ کہتے ہیں یہ شہید ہے ناں۔
وہ جسے وہابیہ نے دیا ہے لقب شہید و ذبیح کا
وہ شہیدِ لیلیٰ نجد تھا قتیلِ تیغِ خیار ہے
تو سکھوں نے بہت پروپیگنڈا کیا تھا اور لوگ تو پروپیگنڈا کرنے سے ٹلتے نہیں وہ جیسا کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ایک شہر تھا جس کا نام لائل پور تھا تو جب پاکستان بنا تو کوئی پالیسی تھی کہ جی اس شہر کا نام بدل کر اس کا نام کچھ اور رکھو تو گورنمنٹ کے کسی آدمی نے تجویز پیش کر دی کہ اس کا نام رکھا جائے فیصل آباد تو ایک مولوی صاحب تھے میں ان کا نام نہیں لیتا کیونکہ ہم نے تو کربلا کا واقعہ بیان کرنا ہے تو ایک مولوی صاحب نے نکل کر کہا فیصل آباد نام نہ رکھو کیونکہ شاہ فیصل جو ہے وہ تو وہابیوں کا بڑا ہے لہٰذا اس کے نام پر ہم اپنے شہر کا نام نہیں رکھنے دیں گے تو جب وہ جلسے میں اعلان کر رہے تھے کہ جی فیصل وہابی کے نام پر اس شہر کا نام نہیں رکھنے دیں گے اور اس کے لیے ہمیں قربانی دینی پڑی تو دیں گے لیکن یہ نام نہیں رکھنے دیں گے تو ایک لڑکا کھڑا ہوا اور کہنے لگا کہ فیصل تو وہابی ہے لیکن جس کے نام پر لائل پور بنا تھا لائل وہ تو حنفی تھا کیا؟ لائل تو تھا نا انگریز؟ اس کے نام پر وہ بنا تھا لائل پور مگر وہ لڑکا ان مولوی صاحب کو کہتا ہے کیا لائل حنفی تھا؟ اس پر وہ مولوی صاحب بالکل خاموش ہو گئے اور ان کا شہر لائل پور اب مستقل طور پر فیصل آباد بن چکا ہے۔