امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃاللہ اور امام مالک رحمۃاللہ کی…

امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃاللہ اور امام مالک رحمۃاللہ کی ملاقات

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

مجھے موضوع سے ہٹ کر ایک واقعہ یاد آ رہا ہے کہ امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ کہاں رہتے تھے؟ جہاں سیدنا علی المرتضیٰؓ پہنچے امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ بھی اپنے دور میں اسی جگہ عراق کے رہنے والے تھے سو آپ جب حج پر آئے تو ایک دفعہ مدینہ منورہ میں آپ کی ملاقات امام مالک رحمۃ اللہ سے ہوئی امام مالکؒ علمِ حدیث کے بہت بڑے امام تھے اور آپ کی بڑی شہرت تھی اور امام ابو حنیفہؒ کی اپنی شہرت بھی بہت تھی تو امام ابو حنیفہؒ نے امام مالکؒ کو دیکھا ہوا نہیں تھا انہوں نے کہا چلو جی امام مالکؒ کی زیارت کریں امام مالکؒ ان سے عمر میں ذرا چھوٹے تھے اور امام ابو حنیفہؒ بڑے تھے تو انہوں نے کہا چلو جی امام مالکؒ کے پاس چلیں سو یہ امام مالکؒ کے پاس پہنچے سلام کیا تو امام مالکؒ نے کہا کہ آپ کہاں سے تشریف لائے ہیں؟ تو امام صاحبؒ نے کہا من العراق تو امام مالکؒ نے ذرا دل لگی کے پیراۓ میں کہا عراق من اهل النفاق کہ عراق کے لوگ وہ ہیں جنہوں نے نفاق کیا آپ کا اشارہ تھا سیدنا حسینؓ والے واقعے کی طرف کہ عراق والوں نے جو سیدنا حسینؓ کے ساتھ بے وفائی کی تھی:
حسینی قافلہ صحراء کی جن راہوں سے گزرا تھا
وہ راہیں آج تک اس قافلے کو یاد کرتی ہیں
امام مالکؒ نے فرمایا عراق من اهل النفاق امام مالکؒ کو ان کوفہ والوں کا عمل یاد آیا امام صاحبؒ نے کہا تھا کہ میں عراق سے ہوں تو امام مالکؒ نے کہا عراق من اهل النفاق اب امام صاحبؒ چپ ہیں کیوں کہ اگر یہ سامنے آ جاتے تو تعارف کروانا پڑتا؟ کہ کون ہوں؟ امام مالکؒ نے بھی امام صاحبؒ کا نام تو سنا ہوا تھا لیکن پتہ نہیں تھا کہ یہ میرے سامنے وہی ہیں۔ تو امام صاحبؒ اتنی بات کر کے اور سن کے کہیں چلے گئے اور کچھ دیر بعد پھر آئے اور کہنے لگے حضرت میں آپ سے کوئی علم کی سند لینا چاہتا ہوں یہ ٹھیک ہے کہ امام صاحبؒ بڑے تھے اور امام مالکؒ ان سے چھوٹی عمر کے تھے یعنی گو آپ چھوٹے ہیں مجھ سے لیکن چونکہ مدینہ میں بیٹھے ہیں تو میں آپ سے سند لینا چاہتا ہوں۔
امام صاحبؒ نے کہا کہ سند کے لیے آپ مجھے قرآن کی ایک آیت پڑھا دیں یا میں پڑھتا ہوں آپ سن لیں امام مالکؒ نے فرمایا کہ آپ پڑھیں قرآن کی آیت تو امام صاحبؒ نے آیت پڑھی تو میں (حضرت علامہ صاحب) وہ آیت پڑھتا ہوں لیکن امام صاحبؒ نے غلط پڑھی جو حافظ ہیں وہ سمجھیں گے کہ میں غلط پڑھ رہا ہوں۔
(تو میں چونکہ قصہ بیان کر رہا ہوں) تو امام صاحبؒ نے سند لینے کے لیے جو آیت پڑھی امام مالکؒ کے پاس تو وہ میں پڑھتا ہوں:
وممن حولکم من الاعراب منافقون و من اھل العراق
تمہارے ارد گرد منافق پھیلے ہوئے ہیں اے مسلمانوں وممن حولکم تمہارے ارد گرد منافقون منافق پھیلے ہوئے ہیں یہ منافق بھی مسلمانوں میں گھسے ہوئے تھے آگے امام صاحبؒ نے فرمایا و من اھل العراق تو آیت اس طرح نہیں ہے۔ بلکہ آیت اس طرح ہے:
اَعُوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ
وَمِمَّنۡ حَوۡلَــكُمۡ مِّنَ الۡاَعۡرَابِ مُنٰفِقُوۡنَ‌‌ وَمِنۡ اَهۡلِ الۡمَدِيۡنَةِ‌ ‌مَرَدُوۡا عَلَى النِّفَاقِ لَا تَعۡلَمُهُمۡ ‌نَحۡنُ نَـعۡلَمُهُمۡ‌ الخ۔(سورۃ التوبہ: آیت 101)