حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ نے بیعت کیوں نہ کی؟ - ردِ…

حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ نے بیعت کیوں نہ کی؟

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

تو سیدنا علیؓ نے بیعت نہیں کی گو اس کی وجہ یہ ہے کہ آپؓ چونکہ سیدہ فاطمہؓ کی عیادت میں اور تیمار داری میں مصروف تھے اس لیے انہوں نے اور جانب توجہ نہیں کی لیکن نمازیں وہیں مسجد میں ساتھیوں کے ساتھ ادا فرماتے ہیں اور کسی نے اگر کوئی مشورہ کیا تو مشورہ بھی ساتھیوں کو دیتے ہیں لیکن بیعت نہیں کی جب سیدہ فاطمہؓ فوت ہو گئیں پھر وہ خود سیدنا ابو بکر صدیقؓ کے پاس آئے اور انہوں نے بیعت کی اور پھر سیدنا علیؓ نے جو تقریر کی امام بخاری رحمۃاللہ نے اس روایت کو لے لیا ہے اور ام المؤمنین سیدہ عائشہؓ اس کی راویہ ہیں تو سیدنا علیؓ نے سیدنا ابو بکر صدیقؓ کو کہا کہ حضورِ اکرمﷺ ہمیں آپؓ کے کمالات اور اسلام میں جو آپؓ کا مقام ہے اس سے ہرگز انکار نہیں میں جو اتنا وقت پیچھے رہا اور بیعت نہیں کی لم ننفس علیک آپ کے مقابلے میں ہمارا کوئی احساس نہیں جاگتا تھا آپ کے مقابلے میں ہمارا کوئی احساس جاگے یا دل میں ایسی کوئی تڑپ پیدا ہو بالکل بھی ایسی کوئی بات نہیں قطعاً آپ کے مقام کے بارے میں ہمارے دل میں کوئی جذبہ رشک ہو یا جذبہ حسد ہو قطعاً ایسی کوئی بات نہیں صرف اتنی بات ہے کہ ہم قرابت داران رسول میں سے تھے اتنا خیال تو ضرور آیا کہ ہمیں سقیفہ میں بلایا نہیں گیا۔ مطلب ان کا یہ تھا کہ سقیفہ میں اگر آتے تو چننا تو انہوں نے بھی سیدنا ابو بکر صدیقؓ کو ہی تھا جیسا کہ ابنِ عبد البر رحمۃاللہ نے الاستیعاب میں روایت کیا ہے سیدنا علی المرتضیٰؓ فرماتے ہیں کہ:
فلما قبض رسولِ اللہﷺ نظرت فإذا الصلاة علم الإسلام وقوام الدين فرضینا لدنیانا من رضی رسول اللہﷺ لدیننا فبايعنا ابابكر۔(الاستیعاب: جلد 3صفحہ 971، التمہید: جلد 22 صفحہ 129)
سیدنا علیؓ نے کہا ہم نے اپنی دنیا کے لیے اس کو چنا جس کو اللہ کے پیغمبر نے ہمارے دین کے لیے چنا یہ سیدنا علیؓ نے خود کہا۔
سو پتہ چلا کہ سیدنا علیؓ کو اختلاف کوئی نہیں تھا انہوں نے خود سیدنا ابو بکر صدیقؓ کے ہاتھ پر بیعت کی اور کہا کہ آپ کے مقام کے بارے میں سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ کوئی اس کا انکار کر سکے اور ہمارے اندر کوئی جذبہ مقابلے کا ابھرے پر اتنا احساس ہمارا ضرور جاگتا تھا کہ ہمیں سقیفہ بنی ساعدہ میں بلایا نہیں گیا نہ بلانے کی اور بھی وجوہات تھیں سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ کو بھی تو نہیں پتہ تھا کہ وہاں میٹنگ ہو رہی ہے ان کو بھی حضرت نعمان بن بشیرؓ نے جا کر اطلاع دی تھی جو انصار میں سے نہیں تھے۔
سیدنا نعمانؓ کے کہنے پر یہ تین حضرات یکایک آئے سو ایسے حالات کو کہتے ہیں اچانک ایک ایمرجنسی پیدا ہو جانا تو یہ ایمرجنسی میں آ گئے اگر ایمرجنسی پیدا نہ ہوتی تو سیدنا ابو بکرؓسیدنا عمرؓ اور عبیدہ بن جراحؓ جب مسجدِ نبوی سے نکلے تو سیدنا علیؓ کو ساتھ لے کر نکلتے لیکن وہ ایمرجنسی میں آئے اور ایمرجنسی کے احکام اور ہوتے ہیں تاہم اس طرف توجہ کیجیے کہ متذکرہ بالا روایت کے مطابق سیدنا علیؓ نے چھ ماہ بیعت نہیں کی اور سیدنا ابو سعید خدریؓ کہتے ہیں کہ ایسا نہیں بلکہ سیدنا علی المرتضیٰؓ نے سب کے ساتھ بیعت کی اور یہ جو بیان کیا جاتا ہے کہ چھ مہینے تک چونکہ سیدنا علیؓ سیدنا ابو بکر صدیقؓ کے ساتھ اٹھے بیٹھے ہی نہیں مگر نمازیں پیچھے پڑھتے رہے تو اس کا سبب سیدہ فاطمہؓ کی بیماری تھا لیکن جب سیدہؓ فوت ہو گئیں تو ان کے بعد سیدنا علیؓ ان کے پاس آئے اور بیعت کی مگر یہ بیعت دوسری تھی اس سے پہلے بھی آپؓ بیعت کر چکے تھے سو اس روایت کے راوی سیدنا ابو سعید خدریؓ ہیں اور یہ جو دوسری بیعت ہے اس کی راویہ ہیں ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہؓ ہم دونوں روایتوں کو آپس میں جوڑ کر کہتے ہیں۔