حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے متعلق بخاری کی روایت -…

حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے متعلق بخاری کی روایت

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

ایک روایت اور عرض کرتا ہوں چونکہ امام بخاری رحمۃاللہ نے اسے روایت کیا ہے اس لیے میں بیان کر دیتا ہوں اگرچہ اس روایت کے مقابلے میں سیدنا ابو سعید خدریؓ کی روایت اس کے خلاف ہے لیکن بات سمجھانی مقصود ہے یہ بات جو میں عرض کر رہا ہوں یہ متفق علیہ نہیں ہے یعنی صحیح کتابوں میں موجود ہے لیکن اس پر سب کا اتفاق نہیں ہے۔
روایت ام المؤمنین رضی اللہ عنہا کی ہے جو بخاری شریف میں ہے لیکن ان کے مقابلے میں ایک دوسری روایت ابو سعید خدریؓ کی ہے جو صحیح بخاری میں نہیں لیکن روایت صحیح ہے حدیث کے طالب علم ہونے کی حیثیت سے ہم ان دونوں میں تطبیق پیش کرتے ہیں یعنی Plausible interpretation provide کرتے ہیں۔
(اس موضوع پر تفصیلی مطالعہ کے لیے خلفائے راشدین: جلد 1 از حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمودؒ کی مراجعت فرمائیں)
میں ذرا ترتیب سے بات کرتا ہوں کوئی یہ نہ کوئی کہے کہ میں جو بات کر رہا ہوں اس کا اقرار کر رہا ہوں کیونکہ اس روایت کے مقابلے میں میں نے ہمیشہ سیدنا ابو سعید خدریؓ کی روایت کو ترجیح دی ہے لیکن صرف مسئلہ سمجھانے کے لیے ذکر کر رہا ہوں آپ کہیں گے کہ عجیب بات آپ نے سنائی وہ بات کیا ہے؟ کہ جب سقیفہ بنی ساعدہ میں اجتماع ہوا جب سیدنا سعد بن عبادہؓ نے میٹنگ بلائی تھی اور ان کا خیال تھا کہ انصار سے خلیفہ ہو تو وہاں سیدنا ابو بکرؓ و سیدنا عمرؓ پہنچ گئے اور نبی پاکﷺ کی حدیث الائمۃ من قریش پیش کی انصار نے مان لی اور بیعت ہو گئی لیکن سیدنا سعد بن عبادہؓ نے بیعت نہیں کی آپ کن میں سے تھے؟ (سامعین: انصار میں سے) سو یہاں میں ایک اور بات بھی کہنا چاہتا ہوں وہ یہ کہ سیدنا علیؓ نے بھی ایک روایت کے مطابق بیعت نہیں کی۔
وہاں انصار کے اجتماع میں صرف یہ تین مہاجرین تھے سیدنا ابو بکرؓ و سیدنا عمرؓ اور ابو عبیدہ بن جراحؓ ان کے علاوہ مہاجرین میں سے کوئی وہاں تھا ہی نہیں تو جب یہاں سیدنا علیؓ کے علاوہ بیعت ہو گئی تو اس وقت سیدنا علیؓ کہاں تھے؟ (مسجد میں)(رسالت مآبﷺ کے وصال مبارک کے بعد خلافت کے باب میں تین گروہ ہو گئے تھے: انصار، مہاجرین، بنو ہاشم۔ بنو ہاشم سیدنا علیؓ کے ہاں اکٹھے تھے اور باقی انصار و مہاجرین کے بزرگ حضراتِ سقیفہ بنی ساعدہ میں جمع تھے اس موضوع پر تفصیلی مطالعہ کے لیے علامہ شبلی نعمانی مرحوم کی کتاب الفاروق کی مراجعت فرمائیں یا یہی مضمون حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمۃاللہ کی تالیف (خلفائے راشدین: جلد دوم میں مطالعہ فرمائیں)
تو سیدنا علیؓ کو یہ خیال آیا کہ گو وہ بڑوں کے مقابلے میں چھوٹے تھے سیدنا ابو بکرؓ کے مقابلے میں وہ چھوٹے تھے لیکن ان کو یہ خیال آیا کہ گو میں عمر میں چھوٹا ہوں لیکن اپنی شخصیت حضورِ اکرمﷺ کے رشتے اور تعارف کے اعتبار سے تو مجھے بھی سقیفہ بنی ساعدہ بلایا جانا چاہیے تھا کہ جب بیعت کرنے لگے تو مجھے کیوں نہیں وہاں بلایا گیا؟ خیال تو آیا نا ان کو؟ تو انہوں نے بیعت نہیں کی سیدنا ابو بکر صدیقؓ جب مسجد پہنچے جہاں مہاجرین جمع تھے تو سب نے بیعت کی مگر سیدنا علیؓ خاموش رہے پھر جب بھی نماز کا وقت آتا امامت سیدنا ابو بکر صدیقؓ کرتے سب نماز پڑھتے اور وہاں ان کے پیچھے نماز پڑھنے والوں میں سیدنا علیؓ بھی ساتھ کھڑے ہوتے لیکن اپنے طور پر آپ لوگوں کو کہتے رہے کہ حضرت فاطمہؓ بیمار ہیں اس لیے میں اب کسی کام میں بھی حصہ نہیں لے سکوں گا میں ان کی تیمار داری کروں گا تو سیدہ فاطمہؓ کے آخری دنوں میں ان کی تیمار داری کون کرتے رہے؟ سیدنا علیؓ تو سیدنا ابو بکر صدیقؓ نے اپنی اہلیہ کو کہا کہ تم بھی فاطمہؓ کی خدمت میں حاضر ہو جاؤ اور ان کی تم بھی عیادت کرتی رہو خدمت کرتی رہو تو سیدہ فاطمہؓ کی خدمت یا تو سیدنا ابو بکر صدیقؓ کی بیوی یعنی خلیفہ وقت کی بیوی سیدہ اسماء بنت عمیسؓ کرتی رہیں اور یا سیدنا علیؓ کرتے رہے تو سیدہ فاطمہؓ کا سیدہ اسماءؓ سے اتنا قریبی رابطہ ہو گیا کہ آخری دنوں میں جب حضورِ اکرمﷺ کی جدائی کا غم سیدہ فاطمہؓ کو تھا تو ان کی تسلی کے لیے آپ سے باتیں سیدہ اسماءؓ ہی کرتی رہیں۔