اب میں اس کی ایک مثال دوں میں نے غالباً چوتھی رات (مجلس 4) بیان کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ سیدنا ابو بکر صدیقؓ کی خلافت کہاں وجود میں آئی تھی؟ میں نے کہا تھا سقیفہ بنی ساعدہ میں جہاں انصار میٹنگ کر رہے تھے آپ کو یاد آ گیا ہو گا؟ (سامعین: جی) جہاں انصار میٹنگ کر رہے تھے اور ان کا خیال تھا کہ ہمارے آقا دو جہاں حضورِ اکرمﷺ تو خدا کا انتخاب تھے اور وہ مکہ میں تشریف لائے اور جب آپ مکہ سے مدینہ تشریف لائے تو ہم نے مکہ سے آنے والے پیغمبرﷺ کا استقبال بھی کیا مہاجرین کو جگہ دی کہ مکہ والے اگر آپ کے ساتھ حسنِ سلوک نہیں کر رہے تو مدینہ آ جائیں لیکن مدینہ کے جو رہنے والے تھے وہ کون تھے؟ (سامعین: انصار) تو انصار کا خیال تھا کہ جانشینِ رسول انصار میں چنا جائے اور انصار کے بڑے سردار حضرت سعد بن عبادہؓ تھے انہوں نے اپنے ہاں یہ میٹنگ بلائی تھی وہاں سارے انصار جمع تھے اوس و خزرج کی تمام شاخیں وہاں موجود تھیں اور حضرت سعد بن عبادہؓ ان کے درمیان میں بیٹھے تھے۔
جب سیدنا ابو بکر صدیقؓ و سیدنا عمرؓ وہاں پہنچے تو اب وہاں ان کی وہ بات نہ چل سکی سیدنا سعدؓ بھی صحابی تھے اس لیے کوئی غیر معقول بات نہیں کر سکتے تھے لیکن آپ کا کیا خیال ہے کہ سیدنا سعد بن عبادہؓ نے بطورِ انسان کے محسوس تو کیا ہو گا نا کہ یہ کہاں آ گئے؟ کہ محسوس نہیں کیا ہو گا؟ (سامعین: کیا ہو گا) کچھ تو محسوس کیا ہو گا کہ یہ کہاں آ گئے لیکن سیدنا ابو بکر صدیقؓ نے چونکہ وہاں حدیث پیش کی تھی اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین حدیث کے بارے میں بھی سب کے سب عادل ہیں الصحابة كلهم عدول وہ حدیث کا انکار نہیں کر سکتے تھے اور اپنی طرف سے کوئی حدیث بنا نہیں سکتے تھے ان کا تقویٰ اور ان کا مقام یہ تھا کہ مجال ہے اپنی طرف سے کوئی حدیث یا کسی دوسرے پر غلط بیانی کا الزام لگائیں کہ اس نے پیغمبر پر یہ بات گھڑی ہے سو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں ایسی کوئی فضا نہ تھی۔
لیکن بطورِ انسان کے ان کو خیال تو آیا ہو گا کہ انصار اس مدینہ کے اصل لوگ ہیں اور یہ علاقے کے سردار ہیں پیغمبرﷺ کو تو اس لیے قبول کیا کہ وہ خدا کے بھیجے ہوئے ہیں ان کے سامنے کوئی انگلی نہیں اٹھ سکتی ان کے سامنے ہمارے سر تسلیمِ خم ہیں لیکن اب اقتدار میں انصار کو موقع ملنا چاہیے یہ ان کا خیال تھا لیکن حضورِ اکرمﷺ کی حدیث سن کر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ادب میں جھک گئے۔
اب میں جو اگلی بات کہنا چاہتا ہوں کہ جب سب انصار نے سیدنا ابوبکر صدیقؓ کی بیعت کی اور مسجدِ نبوی میں سارے مہاجرین نے بیعت کی مگر حضرت سعد بن عبادہؓ نے بیعت نہیں کی لیکن آپ نے کبھی کوئی مخالفت بھی نہیں کی کیونکہ جب سیدنا ابوبکر صدیقؓ نماز پڑھاتے ہیں تو وہ پیچھے کھڑے ہوتے ہیں اپنے گھر میں رہتے ہیں تو کسی سرکاری آدمی نے خلافت کے عہدے داروں میں سے ہوں یا جو ان کے کام میں سرکاری حیثیت رکھتا ہو اس کو سیدنا سعد بن عبادہؓ کے ساتھ الجھنے کی ضرورت ہی نہ تھی تو سیدنا سعد بن عبادہؓ کافی عرصہ اس حال میں رہے کہ مدینہ منورہ میں بیعت نہیں کی لیکن کوئی محاذ آرائی بھی نہیں کی کوئی مخالفت میں جذبات کا اظہار بھی نہیں کیا خاموشی سے اپنی زندگی بسر کرتے رہے اور پھر کچھ عرصہ کے بعد کسی سرحدی علاقے میں جا کر مقیم ہو گئے اس سے پتہ چلا کہ ایک ہے بیعت کرنا اور ایک ہے مقابلہ کرنا یہ دو لائنیں ہوئیں کہ جب کوئی سربراہ بنے تو دوسرا یا تو اس کی بیعت کر لے یا اس سے ٹکرائے لیکن یہاں یہ صورت نہ تھی۔