آٹھویں رات (مجلس 8) - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

آٹھویں رات (مجلس 8)

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

الۡحَمۡدُ لِلّٰهِ وَسَلٰمٌ عَلٰى عِبَادِهِ الَّذِيۡنَ اصۡطَفٰى خصوصا علی سید الرسل و خاتم الانبیاء وعلی آلہ الاتقیاء واصحابہ الاصفیاء اما بعد!
اَعُوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَلَـنَبۡلُوَنَّكُمۡ بِشَىۡءٍ مِّنَ الۡخَـوۡفِ وَالۡجُـوۡعِ وَنَقۡصٍ مِّنَ الۡاَمۡوَالِ وَالۡاَنۡفُسِ وَالثَّمَرٰتِ وَبَشِّرِ الصّٰبِرِيۡنَ ۞(سورۃ البقرہ آیت 155)
الَّذِيۡنَ اِذَآ اَصَابَتۡهُمۡ مُّصِيۡبَةٌ قَالُوۡٓا اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّـآ اِلَيۡهِ رٰجِعُوۡنَ ۞(سورۃ البقرہ آیت 156)
وصدق اللہ مولانا العظیم۔
حضرات سامعین کرام، بزرگانِ قوم دوستو اور بھائیو گزشتہ مجلس میں یہ گزارش کر رہا تھا کہ سیدنا حسینؓ مدینہ منورہ رہتے تھے اور ان کے بڑے بھائی سیدنا حسنؓ بھی ان کے ساتھ تھے جب سیدنا امیرِ معاویہؓ سے یہ صلح کر کے عہد و پیمان کر کے اور ان کی بیعت کر کے مدینہ طیبہ تشریف لائے اور مسلمان پھر سے ایک ہو گئے یہاں میں نے یہ عرض کی تھی کہ سیدنا حسنؓ تو شہید ہو چکے تھے کسی بدبخت نے انہیں زہر دے دیا تھا سیدنا امیرِ معاویہؓ کے بعد جب یزید بر سر اقتدار آیا تو سیدنا حسینؓ نے مدینہ نہ رہنے کا تہیہ کر لیا تو یزید کے گورنرِ مدینہ نے جب آپ سے یزید کی حکومت تسلیم کرنے کے لیے کہا تو آپ نے اس پر غور کرنے کا وقت مانگا اور راتوں رات وہاں سے چل پڑے تو سیدنا حسینؓ جب مدینہ منورہ سے چلے ہیں تو لڑائی کرنے کے لیے نہیں چلے تھے اور اپنے دلائل میں میں نے یہ بات کہی تھی کہ چونکہ یہ بچوں کے ساتھ نکلے ہیں ان کی بہن وہ بھی ساتھ تھی بیوی بھی ساتھ تھی چھوٹے بچے بڑے سب ساتھ تھے تو یہ اطوار اور یہ ڈھب فوج کا نہیں ہوتا جو لڑنے جائے وہ اس طرح تو نہیں جاتے تو اس بات کا استدلال کرتے ہوئے کہ یہ لڑنے کے لیے نہیں نکلے تھے چونکہ یہ بچوں کے ساتھ نکلے تھے اور بچوں کے ساتھ کوئی لڑنے کے لیے نہیں نکلتا ایک دلیل تو یہ پیش کی تھی۔