حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ نے اپنے دور میں تراویح بند…

حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ نے اپنے دور میں تراویح بند کیوں نہ کیں؟

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 2 از 3

عليك عهد الله و ميثاقه لتعلمن بكتاب الله و سنته رسوله و سيرة الخليفتين من بعده۔

ترجمہ: آپ پر خدا کا عہد اور اققرار ہے کہ کتاب اللہ اس کے رسول برحق کے جو دو جانشین ہوئے ان کی سیرت پر چلیں گے۔

اس پر سیدنا علیؓ نے فرمایا:ارجو ان افعل واعمل بمبلغ علمی وطاقتی۔ (طبری: جلد 5، صفحہ 37)

ترجمہ: میں امید کرتا ہوں کہ کر سکوں گا اور اپنے علم اور عزیمت کی حد تک اس پر عمل کر سکوں گا۔

کیا یہ روایت اس بات کی تائید نہیں کرتی کہ اگر کہیں آپ سے انکار بھی منقول ہو تو وہ محض ایک انکساری اور تواضع کی وجہ سے ہو گا اور اس تشریح سے ان روایات کے ساتھ تطبیق بھی ہو جاتی ہے جن میں آپ کا اقرار پیروی موجود ہے۔

پھر اس بات کی تائید اس سے بھی ہوتی ہے کہ سیدنا علیؓ جب خلیفہ بنے تو انہوں نے اس وقت ان تمام شرطوں کا اقرار کیا تھا جو سیدنا عثمانؓ کے عقد خلافت کے وقت ان سے لی گئی تھیں اگر وہ ذہنی طور پر سیرتِ شیخینؓ سے جدا ہوتے تو اس اگلے وقت میں وہ اس کا اقرار کیوں کرتے شریف رضی نقل کرتا ہے کہ آپ نے اپنی خلافت کے اثبات میں ایک یہ بات بھی کہی تھی:

بايعنی القوم الذين بایعوا ابا بکر و عمر و عثمان علی ما بایعوهم علیه۔(نہج البلاغہ)

ترجمہ: میری بیعت ان لوگوں نے کی ہے جنہوں نے سیدنا ابوبکر صدیقؓ اور سیدنا عمرؓ اور سیدنا عثمانؓ کی بیعت کی تھی اور انہی شرطوں پر انہوں نے میری بیعت کی ہے جو شرطیں ان کی بیعت کے وقت ان سے لی گئی تھیں۔

جب آپ کی خلافت ان تمام شرطوں سے وجود میں آئی جو سیدنا ابوبکرؓ سیدنا عمرؓ اور سیدنا عثمانؓ کی خلافتوں کے وقت لی گئیں تو پھر آپ سیرت شیخینؓ کی اصولی رہنمائی سے کس طرح اپنے آپ کو نکال سکتے تھے۔

پھر سیدنا حسنؓ نے جب زمام خلافتِ سیدنا امیرِ معاویہؓ کے ہاتھ میں دی تو کیا انہوں نے اس سے یہ اقرار نہ لیا کہ وہ اپنی حکومت کتاب و سنت اور خلفائے راشدینؓ کے طریق پر چلائیں گے۔(دیکھیے حبیب سیر: جلد 2 صفحہ 14کشف الغمہ)

کیا یہ ہو سکتا ہے کہ سیدنا حسنؓ اس شرط کو عقد خلافت میں لا رہے ہوں جس سے ان کے والد مرحوم کے عقد خلافت میں قبول کرنے کے لیے تیار نہ تھے یہ واقعات بتا رہے ہیں کہ اگر سیدنا علیؓ نے کہیں اس سے انکار بھی کیا ہو تو وہ محض انکساری اور تواضع کے طور پر ہو گا کہ ان حضرات کی سیرتیں اور عزیمتیں اور کہاں ہیں۔

سو جن لوگوں نے انکار کو انکساری اور تواضع سے ہٹا کر اس کی بناء ذہنی مخالفت اور قلبی عداوت پر رکھی ہے وہ تحقیق کے میدان کے لوگ نہیں ان کے دلوں میں ایک آگ ہے جو مختلف پیرایوں میں ایسی موضوع روایات کے سہارے بھڑکتی رہتی ہے،

حافظ ابنِ کثیر رحمۃاللہ لکھتے ہیں:يتوهم كثير من الرافضة واغبياء القصاص الذی لا تميز عندهم بين صحيح الاخبار وضعيفها ومستقيمها وسقيمها۔ (البدايہ)

ترجمہ: (اس قسم کی باتیں) ان رافضیوں اور غبی قصہ خوانوں کا وہم ہے جو صحیح و ضعیف خبروں میں تمیز نہیں رکھتے اور ثابت اور کمزور باتوں میں فرق نہیں کر سکتے۔

پھر اس احتمال کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ سیدنا علیؓ کا قدم ولایت میں بہت راسخ تھا اصل تصوف کے تین سلسلے قادری چشتی اور سہر وردی انہی سے جاری بتلائے جاتے ہیں سو یہ بات بھی ذہن میں آتی ہے کہ آپ اہلِ کشف میں سے بھی ہوں گے گو یہ ضروری نہیں کہ وقت کے تمام سیاسی حقائق آپ پر مکشوف ہوئے ہوں سو اگر یہ تکوینی راز آپ پر کھل گیا ہو کہ آپ سیدنا ابوبکرؓ اور سیدنا عمرؓ کی طرح مدینہ منورہ میں نہیں رہیں گے یا ساری قلمرو اسلامی کو آپ متحد نہ رکھ سکیں گے اور اس انکشاف پر آپ نے کہہ دیا ہو کہ سیرت شیخینؓ پر عمل کیسے کر سکوں گا کہ یہ کوئی تعجب کی بات نہیں اور یہ بات عملاً بھی صحیح ہے کہ آپ مدینہ کو اپنا دارالحکومت نہ رکھ سکے جو خلفائے ثلاثہؓ کا دار الحکومت تھا۔

پھر یہ بات بھی ہے کہ آپ سیدنا عمرؓ کے فضائل بیان کرتے ہوئے یہ بات صراحت سے کہتے تھے کہ آپ سیدنا ابوبکرؓ کی سیرت پر چلے ہیں سو یہ بات اگر خود ان کے ہاں عیب ہوتی تو وہ اسے فضائل عمرؓ میں کیوں ذکر کرتے، ایک دن آپ منبر پر تشریف لائے اور فرمایا:

قبض رسول اللّٰہ ﷺ واستخلف ابوبكر فعمل بعملہ و سار بسيرته حتىٰ قبضه الله على ذلك ثم استخلف عمر فعمل بعملهما وسار بسيرتهما حتى قبضه الله على ذلك۔(مسند احمد: جلد 1، صفحہ 128، مجمع الزوائد: جلد 5، صفحہ 176)

ترجمہ: آنحضرتﷺ کی وفات ہوئی اور سیدنا ابوبکر صدیقؓ خلیفہ بنائے گئے تو آپ حضور کے ہی عمل پر چلے اور آپ کی سیرت پر عمل پیرا ہوئے یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو وفات دی پھر سیدنا عمرؓ خلیفہ ہوئے تو آپ بھی اپنے ان دوستوں پیشرووں کی سیرت پر چلتے رہے یہاں تک کہ آپ کو اللہ تعالیٰ نے اسی عمل پر وفات دی۔

سیدنا علیؓ کس طرح سیرت عمرؓ پر چلے؟

شریک حضرت زبیرؓ سے روایت کرتے ہیں وہ فرماتے ہیں:

كان علی يشبه بعمر يعنى فی السيرة۔

(کتاب الخراج ليعى بن آدم: جلد 203، صفحہ 24)

سب حضرات جانتے ہیں کہ کوفہ چھاؤنی سیدنا عمرؓ ہی کی قائم کی تھی اور یہیں سیدنا علیؓ اپنے عہدِ خلافت میں تشریف لے آئے تھے آپ نے کوفہ آ کر ان تمام باتوں کو بحال رکھا جو سیدنا عمرؓ کی قائم کردہ تھیں کیا یہ صریح طور پر سیدنا عمرؓ کی سیرت کی پابندی نہیں؟ اور پھر اس کی حد بندی کوفہ تک نہ تھی آپ نے اسے ایک اصول کے طور پر قبول فرمایا۔

اس قسم کے بیسیوں واقعات ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ آپ بڑی شدت سے سیدنا عمرؓ کی پالیسیوں کو اپناتے ہوئے تھے اپنی سیرت و کردار میں آپ کی یہی کوشش ہوتی کہ جہاں تک ہو سکے کتاب و سنت کے ساتھ ساتھ سیرتِ شیخینؓ کی بھی پابندی کرتے رہیں اور اب یہ کوئی نظریاتی بات نہ رہی تھی جس میں اقرار و انکار کے احتمالات موجود ہوں یہ بات اب واقعات میں جلوہ گر تھی کہ آپ عملاً سیدنا عمرؓ کو اپنا پیشرو اور پیشوا سمجھتے تھے

اور یہ بات درست نہیں کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد آپ نے حضرت عبد الرحمٰن بن عوفؓ کے سامنے سیرتِ شیخینؓ کی پابندی قبول کرنے سے انکار کیا تھا یہ بات شیعہ راویوں کی روایت ہے جو صحیح نہیں صحیح یہ ہے کہ آپ کی بیعت انہی شرطوں پر کی گئی تھی جو شرطیں آپ کے پیشرووں سے لی گئی تھیں۔

صفحہ 2 از 3