بلا فصل کا معنیٰ ہے کہ جس میں فاصلہ کوئی نہ ہو تو سیدنا علیؓ اور حضورِ اکرمﷺ کے درمیان کتنے خلیفوں کا فاصلہ تھا؟ تین کا اور حضرت عثمانؓ اور حضورِ اکرمﷺ کے درمیان کتنے خلیفوں کا فاصلہ ہے؟ دو کا اور سیدنا عمرؓ اور حضورِ اکرمﷺ میں کتنے خلیفوں کا فاصلہ ہے؟ ایک کا اور سیدنا ابوبکرؓ اور حضورِ اکرمﷺ میں کوئی فاصلہ نہیں سیدنا ابوبکر صدیقؓ خلیفہ ہوئے ہیں۔
تو بات یہ ہے کہ سیدنا علی المرتضیٰؓ کی حکومت اور خلافت تقریباً ساڑھے چار سال رہی تو ساڑھے چار سال ان کا اپنا دعویٰ ان کا اپنا موقف اپنے بارے میں کیا تھا؟ کہ میں چوتھا خلیفہ ہوں اور تاریخ سے ایسی کوئی قوی شہادت نہیں ملتی کہ انہوں نے اپنے آپ کو کہیں پہلا خلیفہ کہا ہو۔
(مزید یہاں ہم اس موضوع کی مناسبت سے حضرت علامہ صاحب کی ایک اور تحریر بھی نقل کیے دیتے ہیں:
رسالت کے بعد بغاوت یا خلافت
قرآنِ کریم کا اعلان
اللہ تعالیٰ عہد رسالت کے مسلمانوں کو حضورِ اکرمﷺ کا جانشین بنائے گا۔
(دیکھیے پارہ 18، سورۃ النور: آیت 55)
اہلِ سنت و الجماعت کا اعتقاد ہے کہ حضورِ اکرمﷺ کے بعد خلافت بلافصل قائم ہوئی رسالت اور خلافت کے درمیان کوئی بغاوت نہیں آیا حضورِ اکرمﷺ کے بعد چاروں خلیفہ بلافصل ایک دوسرے کے جانشین ہوئے اور حضورِ اکرمﷺ سے سیدنا علیؓ تک خلافت مسلسل پہنچی سیدنا علی سیدنا عثمانؓ کے بعد بلافصل خلافت پر آئے۔
شیعہ عقیدہ یہ ہے کہ عہد رسالت کے بعد 24 سال تک بغاوت رہی اور سیدنا علیؓ کی خلافت 24 سال کے فصل سے قائم ہوئی اہلِ سنت کے نزدیک سیدنا علیؓ کی خلافت پہلی تین خلافتوں سے مسلسل اور بلا فصل تھی شیعہ اعتقاد یہ ہے:
عہد رسالت، 23 سال۔
عہد بغاوت، 24 سال۔
عہد خلافت، اور 6 سال۔
اب آپ خود فیصلہ کریں کہ قرآنِ کریم میں رسالت کے بعد بغاوت کی خبر دی گئی ہے یا خلافت کا وعدہ کیا گیا ہے؟ اگر قرآنِ کریم میں خلافتِ موعود ہے تو پھر حق پر اہلِ سنت ہیں اور حضورِ اکرمﷺ سے بلافصل خلافت سیدنا ابوبکرؓ کی ہے۔
فَاَىُّ الۡفَرِيۡقَيۡنِ اَحَقُّ بِالۡاَمۡنِ اِنۡ كُنۡتُمۡ تَعۡلَمُوۡنَ ۞(سورۃ الانعام: آیت 81)
(معیار صحابیت: 303)