الۡحَمۡدُ لِلّٰهِ وَسَلٰمٌ عَلٰى عِبَادِهِ الَّذِيۡنَ اصۡطَفٰى خصوصا علی سید الرسل و خاتم الانبیاء وعلی آلہ الاتقیاء واصحابہ الاصفیاء اما بعد!
اَعُوذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اِنَّ اللّٰهَ يَاۡمُرُكُمۡ اَنۡ تُؤَدُّوا الۡاَمٰنٰتِ اِلٰٓى اَهۡلِهَا وَاِذَا حَكَمۡتُمۡ بَيۡنَ النَّاسِ اَنۡ تَحۡكُمُوۡا بِالۡعَدۡلِ اِنَّ اللّٰهَ نِعِمَّا يَعِظُكُمۡ بِهٖ الخ۔(سورۃ النساء: آیت 58)
وصدق اللّٰه مولانا العظیم۔
قیادت کے انتخاب میں قانون الٰہی:
اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس دین کو جس پر ہم ہیں جس کا نام دینِ اسلام ہے اسے دین فطرت بنایا ہے اور اس دنیا کے معاملات اللہ تعالیٰ نے اس طرح چاہے ہیں کہ فطرت کے اصولوں کے مطابق ہوں اب آپ نے یا ہم نے یا مسلمانوں نے جب کسی مرحلے میں اپنے سیاسی رہنما کو چننا ہو اور کہا جائے کہ تم اپنے سیاسی رہنماء کو چنو، تو آپ ہی خود سوچیں کہ کیا یہ فیصلہ کسی شخص کے صرف نیک ہونے پر کریں گے کہ وہ تہجد خواں ہے وہ ہر وقت روزے رکھنے والا ہے یعنی صائم الدہر ہے یا عقل انسانی تقاضا کرے گی کہ وہ اس کا اہل بھی ہو کہ کس طرح معاملات کو طے کرنا ہے اور اس انسان میں کیا کیا وصف ہونے چاہئیں تو انسان کو اس میں سبق کیا حاصل ہوا؟ کہ اس کو عدل کرنے کا سلیقہ ہو دولت کی صحیح تقسیم کرنا آئے رعیت کے حقوق ادا کر پائے تو اس کو کہتے ہیں یہ اہل ہے۔
اب نبی پاکﷺ نے اپنی جانشینی کے لیے جو معیار رکھا وہ وہی ہو سکتا ہے جو دین فطرت کے مطابق ہو تو میں نے آپ کے سامنے یہ بات واضح کی تھی کہ چاروں خلفائے راشدینؓ جب اپنا اپنا کام کر چکے اور خلافتِ راشدہ کی برکتیں اس کے اثرات اور اس کے ثمرات لوگوں نے آنکھوں دیکھے اس کے بعد یعنی خلافتِ راشدہ کے بعد یہ نظام کن کے
ہاتھ میں آیا؟ پچھلی مجلس میں بتایا گیا تھا کہ حضرت امیرِ معاویہؓ کے ہاتھ میں آیا تو سیدنا امیرِ معاویہؓ کی ایک اپنی تاریخ ہے جو میں نے آپ کے سامنے کسی درجہ میں بیان کر دی تھی تو اب میں اس بات کی طرف جانا چاہتا ہوں کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ کے دور میں امتِ مسلمہ کے سیاسی Stage کا نیا رخ کیا تھا؟