اہل بیت رضوان اللہ علیہم اجمعین کی محبت جزو ایمان ہے - ردِ…

اہل بیت رضوان اللہ علیہم اجمعین کی محبت جزو ایمان ہے

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

اب تک میں نے آپ کے سامنے جو کچھ بیان کیا اس میں ایک بات ضرور یاد رکھیں کہ سارے سانحہ محرم میں آپ کے دل سیدنا حسینؓ کے ساتھ ہونے چاہیں کیونکہ اہلِ بیتؓ کی محبت جزو ایمان ہے اور اہلِ بیتؓ کے بارے میں کوئی بے ادبی کا تصور بھی آئے تو آدمی سنی نہیں رہ سکتا اہلِ سنت سے خارج ہو جاتا ہے یہ بات بنیادی طور پر یاد رکھیں اور اسے کبھی نہ بھولیں۔
اہلِ بیتؓ کے بارے میں ایک چھوٹی سی مثال دے کر اپنی بات ختم کرتا ہوں کہ ایک بہت بڑے بزرگ صحابی گزرے ہیں جن کا نام سیدنا عبداللہ بن عمرؓ ہے آپ سیدنا عمرؓ کے بیٹے تھے میں نے پہلے ان کا ذکر کیا تھا کہ یہ بڑے علم کے پہاڑ تھے آپ ایک دفعہ حج کے موقع پر تھے (ابھی ابھی لوگ چونکہ حج سے آئے ہیں تو میں نے سوچا کہ حج کی بات پر ہی آج کی مجلس ختم کرتا ہوں) کہ سیدنا عبد اللہ بن عمرؓ کے پاس ایک شخص آیا اور اس نے مسئلہ پوچھا کہ حضرت حج میں جب احرام باندھا ہو اور سوتے سوتے یا جاگتے ہاتھ میں اگر جوں آ جائے جوں سمجھتے ہیں؟ پنجابی لوگ تو سمجھتے ہیں کہ یہ سر میں بالوں میں آ جاتی ہیں تو سیدنا عبد اللہ بن عمرؓ سے جب مسئلہ پوچھا گیا کہ اگر احرام کی حالت میں کوئی جوں قابو آ جائے تو اس کو مارنا جائز ہے یا نہیں؟ کیونکہ احرام کی حالت میں کسی جاندار کو مارنا جائز نہیں احرام کی حالت میں کوئی جانور بھی ذبح نہیں کر سکتا تو احرام کی حالت بڑی نازک ہے سیدنا عبد اللہ بن عمرؓ سے مسئلہ پوچھا کہ احرام کی حالت میں جوں مارنی جائز ہے یا نہیں؟ تو سیدنا عبد اللہ بن عمرؓ نے آنکھ اٹھا کر دیکھا اور اس سائل کو کہا کہ تو ہے کون؟ (یعنی کہاں سے آیا ہے؟ کیونکہ حج کے موقع پر جب لوگ ملتے ہیں تو پہلا سوال ذہن میں یہ آتا ہے کہ تو ہے کس ملک کا؟ تو آپ نے پوچھا کہ تو ہے کون؟ اس نے کہا میں عراق کا ہوں تو آپ نے کہا اے اہلِ عراق میں حیران ہوں کہ پیغمبر کے نواسے کو مارتے ہوئے تو تمہیں یہ خیال نہ آیا کہ عبد اللہ بن عمرؓ سے مسئلہ پوچھوں اور۔(حدثنا موسیٰ بن اسماعیل حدثنا مھدی حدثنا ابن ابی یعقوب عن ابن ابی نعم قال کنت شاھدا لابن عمر و سالہ رجل عن رجل عن دم البعوض فقال ممن انت؟ فقال من اھل العراق قال انظروا الی ھذا، یسالنی عن دم البعوض و قد قتلوا ابن النبیﷺ وسمعت النبیﷺ یقول ھما ریحانتای من الدنیا۔
(صحیح بخاری، کتاب الأدب، باب رحمة الولد وتقبيله ومعانقته: 5994)
 جوں کے مارنے کا مسئلہ پوچھنے آگئے ہو؟ جوں کا مسئلہ لے آئے ہو اور پیغمبر کے نواسے پر تم نے جو ظلم کیا اس وقت تو تمہیں یہ خیال نہ آیا؟ اس سے پتہ چلا کہ سیدنا عبداللہ بن عمرؓ تو سیاسی آدمی نہیں تھے مگر ان کا بھی یہ جواب بتا رہا ہے کہ ان کے دلوں میں عظمت اور محبت کس کی تھی؟ سیدنا حسینؓ کی سو جس کے دل میں سیدنا حسینؓ کی محبت نہ بس رہی ہو کیا وہ یہ جواب دے سکتا ہے؟
تو سیدنا ابنِ عمرؓ کا جواب یہ عقیدہ بتاتا ہے کہ اہلِ بیتؓ کی عظمت سیدنا حسینؓ کی شان اور اس خاندان کا مقام بہت اونچا ہے اور سیدنا ابنِ عمرؓ کا یہ ان سے محبت کا تعلق ہے۔
اب کیا پتا آپ کہیں گے یہ تو آپ نے اپنی ساری تقریر کا ہی رد کر دیا کیوں کہ میں نے شروع میں کہا تھا کہ قیادت کن کو دینی چاہیے؟ اہل کو خونی رشتوں کو تو نہیں؟ میں نے کہا تھا؟ (سامعین: جی کہا تھا) تو آپ کہیں گے کہ اب آپ اخیر میں اس کے الٹ آ گئے کہ اہلِ بیتؓ کی محبت جو ہے وہ اس رشتے میں ہے خونی رشتے میں ہے؟ تو آپ نے تو اپنی ساری تقریر کا رد کر دیا؟ سو ایسا نہیں ہے الحمدللہ میں نے اہلِ بیتؓ کے لیے یہ نہیں مانگا کہ ان کو قیادت دو بلکہ میں نے ان کے لیے مانگا ہے کہ ان کو محبت دو محبت
جو قیادت ہے وہ راشدینؓ کی ہے
قيادت حضرت ابو بکر و عمر رضی اللہ عنہما کی ہے
ملکوں کو آگے بڑھانا سیدنا امیرِ معاویہؓ کی شان ہے
ملکوں کو سنبھالنا اور ان کو بڑھانا سیدنا امیرِ معاویہؓ کی شان ہے ان سب کی اہلیت کا ہم اقرار کرتے ہیں لیکن میں نے جو سوال کیا، وہ یہ ہے کہ میں نے آپ حضرات سے اہلِ بیتؓ کے متعلق محبت کی اپیل کی ہے کیونکہ جس کے دل میں اہلِ بیتؓ کی محبت نہیں وہ صحیح ایمان اور عقیدہ پر نہیں تو بھائی محبت تو مانگی جا سکتی ہے خونی رشتوں پر یا نہیں؟ تو اس لیے اصول یاد رکھو اسلام کیا ہے اور ایمان کیا ہے۔
اسلام ما اطاعت خلفائے راشدینؓ
ایمان ما محبت ال محمد است
ملک کس طرح چلانے ہیں؟ نظام کس طرح چلانا ہے؟ اسلام ما کیا ہے؟ وہ اطاعت ہے کہ خلفائے راشدینؓ کے جو فیصلے ہیں امت انہی پر چلے گی ملک اسی پر چلیں گے سلطنت اسی پر چلے گی جو راشدین کی راہ تھی ۔ ع 
اسلام ما اطاعت خلفائے راشدینؓ اور ایمان ما محبت ال محمد است اور ایمان کیا ہے؟ ہم نے بیشتر دفعہ اپنی تقریروں میں خطبوں میں آپ کے سامنے یہ وعظ ہی کیا ہے کہ حضورِ اکرمﷺ کی اطاعت کرو آپ سنتے ہیں یا نہیں؟ اور اس میں ہم یہ بھی تو کہتے ہیں کہ سب سے زیادہ محبت حضورِ اکرمﷺ سے ہونی چاہیے:
لا یؤمن احدکم حتی اکون احب الیہ من والدہ۔(صحیح بخاری: جلد 1کتاب الایمان)
کوئی اس وقت تک مومن کامل نہیں ہو سکتا جب تک حضورِ اکرمﷺ سے سب سے بڑھ کر سب سے زیادہ محبت نہ ہو تو ہم حضورِ اکرمﷺ کی اطاعت مانتے بھی ہیں اور کرتے بھی ہیں اور آپ کے ساتھ سب سے بڑھ کر محبت کرنے کو مومن مانتے بھی ہیں اور کرتے بھی ہیں۔
ہم اہلِ سنت راشدین کی اطاعت مانتے ہیں اور اہلِ بیتؓ کی محبت بھی مانتے ہیں اللہ تبارک و تعالیٰ صحیح عقیدے پر رکھے کیا؟ کہ اطاعت ہے راشدین کی سیاست ہے ان کی جو اس کے اہل ہوں اور محبت ہے اس رشتے کی جو حضورِ اکرمﷺ کے رشتے کے قریب ہوں جو اہلِ بیت کرامؓ ہیں حضورِ اکرمﷺ کا کہیں بال مبارک بھی ملے تو اس کی عزت اور تعظیم چاہیے۔