حضرت حسین رضی اللہ عنہ جنگ کے لیے نہ نکلے تھے - ردِ رافضیت…

حضرت حسین رضی اللہ عنہ جنگ کے لیے نہ نکلے تھے

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

سامعین ایک بات آپ سے پوچھتا ہوں کہ اگر حضرت حسینؓ مدینہ سے مقابلے کے لیے نکلتے تو خود سوچو کہ پھر مدینہ کی جو حکومت تھی وہ انہیں نکلنے دیتی؟ پھر وہاں جو گورنر بیٹھا تھا وہ وہی تھا جو یزید کی طرف سے اس کی بیعت کی دعوت دے رہا تھا تو یہاں غور کریں کہ اگر سیدنا حسینؓ مقابلے کے لیے نکلتےتو کیا یہ گورنر انہیں نکلنے دیتا؟ کیا خیال ہے؟ تو کیا کربلا یہیں نہ لگ جاتی جو وہاں لگنی تھی؟ تو یہ بات یاد رکھیں کہ سیدنا حسینؓ ہرگز یہ کہہ کر نہیں نکلے کہ میں مقابلے کے لیے نکل رہا ہوں۔
پھر آگے یہ بات کہ وہ یہاں سے نکلے کیوں تھے؟ تو وہ اس لیے کہ یہ عبوری دور تھا جس میں انہوں نے کہا کہ ہم غور کریں گے سو سیدنا حسینؓ کا ارادہ تھا کہ وہ عراق جائیں کیونکہ سیدنا علیؓ جب اپنے دورِ خلافت میں عراق تشریف لائے تھے تو آپ کے ساتھ سیدنا حسنؓ اور سیدنا حسینؓ بھی اپنے والد کے ساتھ آئے تھے اس لیے یہاں ان کے دوست احباب تھے اور سیدنا حسینؓ کا خیال تھا کہ میں ان لوگوں میں پہنچ کر پھر ان سے بھی مشورہ کروں کہ اب ان حالات میں ہمیں کیا کرنا ہے۔لہٰذا سیدنا حسینؓ جب مدینہ سے نکلے تھے تو وہ مقابلے کے لیے نہیں نکلے تھے اگر آپ مقابلے کے لیے نکلے ہوتے تو مدینہ میں جو گورنر تھا کیا وہ وہاں ان کو نہ روک لیتا؟ اور پھر جو بات کربلا میں ہونی تھی وہ یہیں ہو جاتی۔
حسینی قافلہ جب مدینے سے چلا
بہر حال اب یہ حسینی قافلہ چلا۔
ریگ عراق منتظر کشتِ حجاز تشنہ کام
خون حسینؓ بازده کوفہ و شام خویش را
(شام کی سیاست اور عراق کے حالات پر ذرا غور کرنا ہے) تو یہ حسینی قافلہ چلا ہے پھر آگے جا کر کربلا میں جو ہوا سو ہوا تو یہ مضمون تو آگے چلے گا۔
میں نے آپ کو مدینہ کے اس ماحول تک پہنچا دیا جب حسینی قافلہ رات کو وہاں سے چلا تھا دو باتیں میں نے کہہ دی ہیں کہ انہوں نے گورنر حجاز کے سامنے انکار نہیں کیا سیدنا حسینؓ نے کہا مجھے سوچنے کا موقع دیں تو اس کا حاصل کیا ہے؟ کہ انہوں نے اسے عبوری دور سمجھا ہے Established Period نہیں سمجھا گورنمنٹ جب اسٹیبلش ہوتی ہے تو پھر مسلم سربراہ کے خلاف خروج جائز نہیں جب سارے علاقے مان لیں تو پھر اس پر مزید غور کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔