سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو لسان نبوت سے بشارت - ردِ…

سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو لسان نبوت سے بشارت

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

تاہم حضورِ اکرمﷺ کو جو خواب آیا اس کو امام بخاری رحمۃاللہ نے نقل کیا ہے یہ رکوب البحر کے متعلق ہے کہ سمندروں میں مسلمان کیسے اتریں گے۔
اس خواب کو روایت کرنے والی حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کی اہلیہ حضرت امِ حرامؓ ہیں جو سیدنا انس بن مالکؓ کی خالہ تھیں اس پر سب مؤرخین کا اتفاق ہے کہ آنحضرتﷺ کا رشتہ ان سے محرم ہونے کا تھا شارحِ بخاری علامہ کرمانیؒ لکھتے ہیں:
انہم اتفقوا على انها كانت محرمة لرسول اللهﷺ فقال ابن عبد البر كانت احدى خالاته من الرضاعة وقال آخرون كانت خالة لابيه او لجده لان عبد المطلب كانت امه من بنی النجار۔
ترجمہ: اس پر سب کا اتفاق ہے کہ حضرت امِ حرام بنتِ ملحان رضی اللہ عنہا حضورِ اکرمﷺ کی محرم تھیں ابنِ عبد البر رحمۃاللہ لکھتے ہیں آپ رضاعت کے رشتے سے حضورِ اکرمﷺ کی خالہ تھیں اور دوسرے کہتے ہیں کہ وہ حضورِ اکرمﷺ کی خالہ آپ کے والد یا دادا عبد المطلب کی وجہ سے تھیں۔ عبد المطلب کی والدہ بنی نجار میں سے تھیں حضورِ اکرمﷺ جب ان کے ہاں کبھی آتے تو وہاں ٹھہر جاتے اور وہ حضورِ اکرمﷺ کی بہت خدمت کرتی تھیں سیدنا انس بن مالکؓ حضورِ اکرمﷺ کے ان کے ہاں آنے اور آرام کرنے کا ایک واقعہ روایت کرتے ہیں:
فاطعمته وجعلت تفلى راسه فنام رسول اللهﷺ ثم استيقظ وهو يضحك قالت فقلت ما يضحكك يا رسول الله قال اناس من امتی عرضوا على غزاة فى سبيل الله يركبون ثبج هذا البحر ملوكا على الاسرة او مثل الملوك على الاسرة۔ (صحیح بخاری: جلد 1 صفحہ 391)
ترجمہ: آپ حضورِ اکرمﷺ کو کھانا بھی کھلاتیں آپ کا سرِ مبارک بھی کھجلا تیں تھیں حضورِ اکرمﷺ ایک دفعہ ان کے ہاں سوئے تھے کہ اس حالت میں بیدار ہوئے کہ آپﷺ کے چہرہ مبارک پر ظہورِ مسرت تھا آپ مسکرا رہے تھے حضرت امِ حرامؓ نے آپﷺ سے خوشی کا سبب پوچھا آپﷺ نے فرمایا کہ نیند میں مجھے اپنی امت کے کچھ لوگ اللہ کی راہ میں لڑتے دکھائے گئے وہ اس سمندر میں اس طرح جا رہے تھے گویا تختوں پر بادشاہ بیٹھے ہوں یا وہ بادشاہوں کی طرح بیٹھے تھے۔
حضورِ اکرمﷺ دنیا میں تھے ابھی سفرِ آخرت پر نہیں گئے تھے اللہ تبارک و تعالیٰ نے آپﷺ کو خواب دکھایا جو ابھی ذکر کیا گیا ہے کہ حضورِ اکرمﷺ امِ حرام بنتِ ملحان جو عبادہ بنت صامت رضی اللہ عنہ کی بعد میں بیوی بنیں، آپ ملحان کی بیٹی تھیں حضورِ اکرمﷺ ان کے ہاں گئے حضورِ اکرمﷺ کو بیٹھے بیٹھے کبھی اونگھ بھی آ جاتی تو اس کے دوران حضورِ اکرمﷺ کو کوئی بلاتا نہیں تھا ایسا کیوں؟ ایسا اس لیے کہ شاید وحی اتر رہی ہو تو حضورِ اکرمﷺ امِ حرام بنتِ ملحانؓ کے ہاں گئے ہوئے تھے تو وہاں بیٹھے اونگھ آ گئی یا نیند کہہ سکتے ہیں پھر جب آپ ﷺبیدار ہوئے تو چہرے پر مسکراہٹ تھی تو امِ حرامؓ نے پوچھا حضور آپ کے چہرے پر یہ خوشی کیا ہے؟ فرمایا کہ میں نے خواب دیکھا کہ میری امت کے لوگ سمندروں میں کشتیوں پر اس طرح جا رہے ہیں کہ دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ بادشاہ جا رہے ہیں رايتهم میں نے ان کو دیکھا كالملوك على الأسرة کہ تختوں پر بادشاہ جا رہے ہیں اس میں اشارہ تھا کہ اب میری امت آگے سمندروں میں دوڑے گی اور جو جائیں گے وہ کامیاب ہوں گے تبھی تو کہا کہ بادشاہوں کی طرح جا رہے ہیں تو بادشاہ اسی کو کہتے ہیں جو کامیاب ہوں میں نے مسلمانوں کو کشتیوں میں اس طرح دیکھا كالملوك على الأسرة جس طرح کہ تخت پر بادشاہ جاتے ہیں تو اس کو دیکھ کر حضورِ اکرمﷺ کو کوئی فکر اور غم لاحق ہوا یا خوشی ہوئی؟ چہرے کی مسکراہٹ نے بتا دیا کہ حضورِ اکرمﷺ خوش ہیں۔
اب حضور تو بحری جنگوں کے معرکوں سے خوش ہوں اور اعتراض کرنے والے کہیں کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ نے تو بس لڑنے کے لیے بحری جنگوں کا آغاز کیا تو اس پر آپ خود سوچیں کہ کون سی بات بہتر اور درست ہے؟ بھائی حضورِ اکرمﷺ کو خواب کس نے دکھایا؟ اللہ نے۔
سو اس سے معلوم ہوا کہ مسلمانوں کی بحری مشقوں سے بحری بیڑوں سے کشتیوں کے چلنے سے بادشاہوں کی شوکت ظاہر کرنے سے اللہ بھی خوش تھا پیغمبر کے چہرے پر بھی مسکراہٹ تھی تو جو قوم اپنی شوکت سے بھاگے کہ ہمیں شوکت نہیں حاصل کرنی بڑائی حاصل نہیں کرنی اور قومی سطح پر دنیا پر نہیں چھانا تو اس خواب کی رو سے وہ خاتم النبیین کی لائن کے نہیں رہے کیونکہ حضورِ اکرمﷺ نے فرمایا کہ میں نے خواب دیکھا ہے کہ میری امت کے لوگ کشتیوں میں جا رہے ہیں اور اس شان سے جا رہے ہیں جیسے بادشاہ اپنے تختوں پر بیٹھے ہوں تو امِ حرامؓ نے جب یہ بات سنی تو انہوں نے کہا ادع اللّٰه اے اللہ کے پاک پیغمبر! اللہ سے دعا کریں کہ میں بھی ان میں شامل ہو جاؤں جو بحری جنگوں میں جائیں گے (گو یہ عورت ہیں اور خدمت کے لیے جائیں گی) حضورﷺ آپ دعا کریں کہ مجھے بھی اس جہاد میں جانے کا موقع ملے ادع اللہ، اللہ سے کہیں۔