سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ میرا تعلق گوجرانوالہ سے ہے، میرا مسئلہ یہ ہے کہ میری شادی کو چھ سال ہو گئے ہیں، میرا ایک بچہ بھی ہے جس کی عمر سوا چار سال ہے، میرا تعلق اہلِ سنت گھرانے سے ہے، جبکہ میری بیوی کا تعلق اہلِ تشیع گھرانے سے ہے، اب مجھے کسی نے بتایا ہے کہ آپ دونوں کا نکاح جائز نہیں ہے اور آپ دونوں اب تک حرام کر رہے ہیں، جبکہ میرا نکاح اہل سنت طریقے سے ہوا ہے۔ اب آپ سے مسئلہ یہ پوچھنا ہے کہ کیا میرا نکاح ہوا ہے یا نہیں؟ ہم دونوں میاں بیوی اکٹھے رہ سکتے ہیں یا نہیں؟ اب آپ سے مسئلہ یہ پوچھتا ہے کہ آیا میرا نکاح صحیح ہے یا نہیں؟ ہم دونوں میاں بیوی اکٹھے رہ سکتے ہیں یا نہیں؟ ہم دونوں میں یہ معاہدہ ہوا تھا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کے مسلک میں رکاوٹ نہیں بنیں گے اور اب تک ہم دونوں اسی پر قائم ہیں۔
جس مولوی صاحب نے ہمیں بتایا کہ نکاح صحیح نہیں ہوا اس کا کہنا ہے کہ اگر تمہاری بیوی تمہارے مسلک میں آ جائے تو پھر نکاح جائز ہوگا ورنہ نہیں اور نکاح بھی دوبارہ کرنا پڑے گا۔
جواب: جو شیعہ مندرجہ ذیل عقائد رکھتا ہو تو وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔
1: قرآن پاک میں تحریف کا قائل ہونا۔
2: حضرات شیخین سیدنا صدیق اکبرؓ اور سیدنا فاروق اعظمؓ کی صحابیت کا انکار کرنا۔
3: سیدہ حضرت عائشہ صدیقہؓ پر بہتان لگانا۔
4: حضرت علیؓ کو نبی یا خدا مانتا۔
5: اماموں کو نبیوں سے اونچا مرتبہ دیتا۔
لہٰذا اگر ان مذکورہ عقائد میں سے (العیاذ باللہ) ایک عقیدہ بھی ہو تو اس سے فوراً توبہ کرنی چاہیے اور اس کے بعد نکاح پڑھنا چاہیے اور بچہ والد کا ہو گا۔
نعم لا شك في تكفير من قذف السيدة عائشة او انكر صحبة الصديق او اعتقد الالوهية في علي اوان جبرئيل غلط في الوحي او نحو ذلك من الكفر الصريح المخالف للقرآن و لكن لو تاب تقبل توبته
(ردالمختار مع الشامي: جلد 3 صفحہ 321)
الرافضى اذا كان يسب الشيخين ويلعنهما والعياذ بالله فهو كافر ولو قذف عائشة بالزنا كفر..... من انكر خلافة ابى بكر فهو كافر وعلى قول بعضهم مبتدع وليس بكافر والصحيح انه كافر وكذالك من انكر خلافة عمر فى اصح الاقوال، ويجب اكفار الخوارج فى اكفارهم جميع الامة سواهم ويجب اكفارهم باكفار عثمان وعلى وطلحة والزبير وعائشة، ويجب اكفار الروافض فى قولهم برجعة الاموات الى الدنيا وبتناسخ الارواح وبانتقال روح الاله الى الائمة وبقولهم فى خروج امام باطن وبتعطيلهم الامر والنهى الى ان يخرج الامام الباطن وبقولهم ان جبرئيل عليه السلام غلط فى الوحى الى محمدﷺ دون على بن ابى طالب وهؤلاء القوم خارجون عن ملة الاسلام واحكامهم احكام المرتدين
(بزازيه على هامش الهنديه: جلد 6 صفحہ 318)
(ارشاد المفتین: جلد 1 صفحہ 531)