میں ایک جگہ یہ بات کر رہا تھا تو کسی نے سوال کیا کہ جی آپ نے تاریخِ اسلام پر تبصرہ کرتے ہوئے سیدنا عمرؓ سے بات شروع کی ہے مگر آپ کو تو سیدنا ابو بکر صدیقؓ سے بات شروع کرنی چاہیے تھی چونکہ وہ پہلے آئے ہیں۔ مگر آپ نے اس کمالِ بصیرت میں سیدنا عمرؓ کو پہلے پیش کیا تو پہلے سیدنا ابو بکرؓ کا نام لینا چاہیے تھا۔
جواب: تو ذرا توجہ کیجیے سیدنا ابو بکر صدیقؓ کی ہر بات میں جو کامیابی ہے اس کے پیچھے یہ صرف عقل کی بلندی اور بصیرت کا عروج نہیں بلکہ وہ کوئی اور بات تھی مثلاً خود نبی پاکﷺ جو بعد از خدا بزرگ توئی قصہ مختصر کا مصداق ہیں ان کی جو کامیابی تھی اس کی بنیاد کیا ہے؟ اسے اللہ تعالیٰ نے خود ارشاد فرما دیا کہ:
وَاللّٰهُ يَعۡصِمُكَ مِنَ النَّاسِ الخ۔(سورۃ المائدة: آیت 67)
ترجمہ: اے میرے پیغمبر! میں تجھے بچاؤں گا لوگوں سے۔
یعنی لوگ کتنے ہی حیلے بہانے کریں، یا منافق بن کر آئیں لیکن وَاللّٰهُ يَعۡصِمُكَ مِنَ النَّاسِ الخ۔(سورۃ المائدة: آیت 67)
اور حَسۡبَكَ اللّٰهُ الخ(سورۃ الانفال: آیت 62)
ترجمہ: تجھے خدا کافی ہے۔
حضورِ اکرمﷺ کی ساری کامیابی یہ ہے کہ خدا ان کے ساتھ تھا حتیٰ کہ جب کبھی مدینہ کے گرد سرحدوں پر کوئی دھواں اٹھتا کوئی شور ہوتا اور یہ اندیشہ ہوتا کہ شاید کوئی قوم حملہ کرنے کے لیے آئی ہے کچھ لوگ آئے ہیں تو انسان ہونے کے اعتبار سے Society میں یہ بات کہی جاتی ہے کہ دیکھو تو سہی کون ہے وہاں؟ یا کون آیا ہے وہاں؟ تو ان حالات میں بعض اوقات علاقے کا Society کا چوہدری بھی اکیلا سرحدوں پر جانے میں بڑا اندیشہ محسوس کرتا ہے مگر حضورِ اکرمﷺ کے دور میں ایسا کوئی موقع آتا تو نبی پاکﷺ گھوڑے پر سوار ہوتے اور اکیلے ہی چکر لگا کر واپس تشریف لے آتے۔
یہاں اس طرف غور کریں کہ آپﷺ اکیلے ہی کیوں تشریف لے جاتے؟ کیونکہ آپ کو یقین تھا کہ خدا نے مجھے کہہ دیا ہے کہ میں تیرے ساتھ ہوں میں تجھے بچاؤں گا۔