سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے انتخاب میں کمال فراست -…

سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے انتخاب میں کمال فراست

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

توجہ فرمائیں کہ تاریخِ اسلام میں وہ نہایت ممتاز شخصیت سیدنا عمرؓ کی ہے جو اس معیار پر ہیں کہ نیکی کا معیار یہ کہ نہ کسی کو دھوکا دیں اور عقل و بصیرت کا معیار یہ کہ نہ دھوکا کھائیں ناقدین کے سامنے سیدنا عمرؓ کی سیرت کھول کر رکھی گئی کہ بتائیے اس شخص نے دس سال حکمرانی کی اور Society میں بڑا ممتاز اور کامیاب رہا لیکن یہ بتاؤ کہ اس نے کبھی کسی سے دھوکا کھایا ہو؟ کسی نے کوئی چکر چلایا ہو اور یہ ان کی باتوں میں آ گیا ہو؟ بعض اوقات بڑے بڑے نیک لوگ بھی دانستہ طور پر باتوں میں آ جاتے ہیں لیکن سیدنا عمرؓ اس مقامِ کمال پر تھے کہ پوری سیرت میں اور پوری زندگی میں اور پھر جب خلافت کے منصب پر بھی آئے تو پوری خلافت میں آپ نے کسی سے دھوکا نہیں کھایا اللہ تعالیٰ نے انہیں یہ کمالِ بصیرت عطا فرمائی تھی۔
بلکہ مؤرخین لکھتے ہیں کہ جب خلافت کا سارا نظام اور ساری مشینری سیدنا عمرؓ کے سپرد ہوئی تو اس میں جو پرزا آپ نے جہاں فٹ کیا مجال ہے کہ اس میں کوئی نقص نکلا ہو اور وہ اس کو نہ سنبھال سکا ہو یا اپنی ذمہ داری کو پورا نہ کر سکا ہو سیدنا عمرؓ نے اپنے دور میں مختلف ملکوں میں، مختلف صوبوں میں، مختلف علاقوں میں، جس جس آدمی کو، جس جس مقام اور عہدے پر مقرر کیا، وہ ایسے اس کا اہل ثابت ہوا کہ سیدنا عمرؓ کی خلافت کو چار چاند لگ گئے تو وہ عاملین گورنر اور دیگر حضرات جو اپنے اپنے عہدے کے اہل ثابت ہوئے وہ کس کا کمال تھا؟ ان عاملوں کا یا مقرر کرنے والے کا؟ یہ صرف عاملوں کا کمال نہیں بلکہ یہ ان کی سعادت ہے، نیک بختی ہے کہ وہ سیدنا عمرؓ کے انتخاب میں آ گئے سو یہ ان عاملوں کی نیک بختی ہے، سعادت ہے لیکن یہ جو نظر بصیرت ہے وہ سیدنا عمرؓ کی ہے کہ جہاں جہاں جس جس کو فٹ (Fit) کیا، تاریخ اس پر ناز کرتی ہے۔
سیدنا عمرؓ کے متعلق کوئی یہ سامنے نہیں لا سکتا کہ انہوں نے کبھی کسی سے دھوکا کھایا ہو۔