ایک معیار ہے نیک کا تو نیک کون ہے؟ جو کسی کو دھوکا نہ دے اور عقل مند کسے کہتے ہیں؟ جو کسی سے دھوکا نہ کھائے جو کسی کی بات میں آ جائے کسی کے چکر میں آ جائے کسی دھوکے باز کی بات میں آ جائے تو وہ نیک کتنا بھی ہو لیکن اس کو کہیں گے کہ وہ نیک تو ہے پر عقل مند نہیں تو نیک کون ہے؟ جو کسی کو دھوکا نہ دے اور عقل مند کون ہے؟ جو کسی سے دھوکا نہ کھائے کیونکہ روایت میں یہ چیز معیار کے طور پر ملتی ہے کہ مومنِ کامل وہی ہے جو:
من لا يخدع ولا يخدع۔
(حضرت علامہ رحمۃاللہ اس عنوان پر ایک مقام پر فرماتے ہیں:اس سے پتہ چلا کہ کامل مومن کی دیانت یہ ہے کہ کسی کو دھوکا نہ دے اور فراست یہ ہے کہ کسی سے دھوکا نہ کھائے دھوکا نہ دے کے مصداق تو آپ کو بے شمار ملیں گے اور سب صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اس وصف سے متصف تھے لیکن دھوکا نہ کھانے والے لا يخدع کے مصداق آپ کو وہاں بھی بہت کم ملیں گے سیدنا حسینؓ کو جس طرح کوفیوں نے دھوکا دیا اور ان کو بار بار خطوط لکھ کر بلایا اور پھر وقت آنے پر غداری اور بے وفائی کی یا جس طرح سیدنا علی المرتضیٰؓ کو جنگِ صفین میں دھوکا دیا گیا یا جس طرح سیدنا طلحہٰ اور زبیر رضی اللہ عنہما کو شاطروں نے دھوکا دیا اور مجلسِ مفاہمت و مصالحت کو جنگِ جمل کی صورت میں بدل دیا ان واقعات میں ان حضرات کا دھوکے میں آ جانا کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔
(نبہ عليه القرطبی فی تاريخہ ووافقہ الآلوسی فی تفسير الاحزاب)
ہم یقین رکھتے ہیں کہ دھوکے میں آ جانے کی ان بزرگوں سے کوئی بازپرس نہ ہو گی کیونکہ اعمال پر مواخذہ نیات کے اعتبار سے ہوتا ہے اور دھوکا کھانے والے کی اپنی نیت کا اس میں کوئی دخل نہیں ہوتا ،رب العزت کے ہاں تو کسی بزرگ کی کوئی ایسی کمزوری قابلِ مواخذہ نہیں لیکن خلافتِ ارضی اور قیامِ امورِ عامہ کے لیے جب نظامِ عدل کا قیام ہوتا ہے تو ایسے امور کا لحاظ بھی بسا اوقات ضروری ہوتا ہے پس جو اکابر کمالِ ایمان کے ان دو جزووں سے متصف ہوں گے وہ لازماً ان سے فائق اور آگے ہوں گے جنہیں وقت کے غلط کار لوگوں نے بارہا اپنی سازش کا نشانہ بنایا لیکن یاد رہے کہ اس سے ان کی بزرگی پر کوئی داغ نہیں آتا ہاں افضلیت امرِ دیگر ہے اس معیار پر جب ہم سیدنا صدیقِ اکبرؓ کو دیکھتے ہیں تو ہمیں ان کا کوئی سہیم و شریک نظر نہیں آتا اور تاریخ نہیں بتلاتی کہ سیدنا صدیقِ اکبرؓ نے بھی کبھی دھوکا کھایا ہو آنحضرتﷺ کی وفاتِ شریفہ کے بعد صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی مجموعی رائے بھی سیدنا ابو بکرؓ کو کوئی مغالطہ نہ دے سکی اور انجام کار پتہ چلا کہ حق وہی تھا جو سیدنا ابو بکرؓ کہتے تھے فتنہ انکارِ ختمِ نبوت، لشکرِ اسامہؓ کی روانگی میں تاخیر کا مطالبہ مانعینِ زکوۃ کی تحریکات اور ان سب کے مقابلے میں سیدنا صدیقِ اکبرؓ کی اپنی رائے انہیں کسی مغالطے میں نہ کھینچ سکی ایمان کی اولیت قوت و ثقاہت اور بصیرت و فراست کے ساتھ سیدنا صدیقِ اکبرؓ کے عزم و استقامت کو بھی شامل کر لیں تو پھر ان کی شانِ ایمانی ایمان کے ہر پہلو کے اعتبار سے سب سے فائق اور آگے نظر آتی ہے اور ہم یقین کرنے پر مجبور ہیں کہ ان کمالاتِ ایمانی میں کوئی بزرگ سیدنا ابو بکر صدیقؓ کا شریک و سہیم نہیں سیدنا صدیقِ اکبرؓ کا ایمان محض رغبتِ عقلی کا نتیجہ نہ تھا صدیقیت کا مقام یہ ہے کہ صدیق رغبتِ طبعی کے ساتھ ایمان قبول کرتا ہے اور یہ اسی کا امتیاز و اختصاص ہے یہی وجہ ہے کہ سیدنا صدیقِ اکبرؓ کو ایمان قبول کرنے میں کسی دلیل کی ضرورت قطعاً محسوس نہ ہوئی۔(خلفائے راشدینؓ: جلد 1 صفحہ 250)
یہاں ہم مزید اس موضوع سے متعلق ایک استفسار اور اس کا جواب نقل کیے دیتے ہیں تاکہ کسی کے ذہن میں کوئی شک و شبہ نہ ابھرے:
سوال: دعوت کے صدیقِ اکبرؓ نمبر کے صفحہ 10 کالم 1 میں آپ نے مندرجہ ذیل روایت لکھی ہے:
المؤمن من لا يخدع ولا يخدع۔
کامل مومن وہ ہے جو نہ دھوکا دے اور نہ دھوکا کھائے؟
یہاں چند دوست اس الجھن میں پھنس گئے ہیں کہ کیا سیدنا حسینؓ (جنہیں کوفیوں نے دھوکا دیا) سیدنا علیؓ (جنہیں کوفیوں نے دھوکا دیا) سیدنا طلحہؓ سیدنا زبیرؓ (جنہیں دھوکا دے کر جنگِ جمل میں سیدنا علیؓ سے لڑا دیا گیا) کیا یہ سب کامل مومن نہ تھے (معاذ اللہ) اقبال نیر گورنمنٹ کالج چکوال۔
جواب: سیدنا حسینؓ سیدنا علیؓ سیدنا طلحہٰؓ سیدنا زبیرؓ یہ سب حضرات کامل الایمان اور علم و عمل کے نیرِ تاباں تھے۔ لیکن ان میں بھی افضل و مفضول کا سلسلہ اسی طرح ہے جس طرح انبیاء کرام علیہم السلام میں سلسلہ تفضیل و افضلیت تھا اگر خاتم الانبیاءﷺ کو سب انبیاء کرام علیہم السلام سے علماً عملاً اور رتبۃً افضل کہنا باقی انبیاء و مرسلین کے علم و عمل اور مرتبے کی توہین نہیں، تو سیدنا صدیقِ اکبرؓ کو علماً عملاً اور رتبۃً افضل کہنا باقی صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین و اہلِ بیتؓ سے افضل قرار دینا اس میں بھی ان بزرگانِ کرام اور امہات المومنینؓ کی کوئی توہین مضمر نہیں یہ بزرگانِ کرام سب کے سب کامل الایمان و العمل تھے مگر یہ کاملیت بھی ایک کلیِ مشکک ہے جس کے کئی مدارج ہیں ان میں جو شانِ اکملیت خود حضورِ ختمی مرتبتﷺ کو حاصل تھی وہ سیدنا صدیقِ اکبرؓ کے لیے حاصل نہیں اور جو شرفِ اکملیت سیدنا صدیقِ اکبرؓ کو حاصل تھا اگر اس میں وہ سیدنا عثمانؓ سیدنا علیؓ سیدنا طلحہٰؓ سیدنا زبیرؓ سیدہ فاطمہؓ اور سیدہ عائشہؓ سب سے ممتاز نظر آتے ہیں تو یہ کوئی وجہِ الجھن نہیں ہر کسی کا کامل الایمان ہونا اور ہر بزرگ کی بزرگی اپنے اپنے درجہ میں ثابت ہے جو اس میں شک یا تردد کرے اور کسی ایک بزرگ کی توہین کا مرتکب ہو، اہلِ سنت کے دائرہ حقہ میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
اسلامِ ما اطاعتِ خلفائے راشدینؓ
ایمانِ ما محبتِ آلِ محمد است
واللہ اعلم بالصواب۔ كتبہ: خالد محمود رحمۃاللہ۔ (عبقات: جلد 1 صفحہ 98)
جو نہ دھوکا دے نہ دھوکا کھائے وہ کامل مومن ہے عام لوگ جن کی سیاسی تربیت نہیں ان سے جب پوچھا جائے کہ قیادت اور سیادت کے لیے کن کو آگے لایا جائے؟ تو کہیں گے جو نیک ہو تو نیک تو وہ ہے جو کسی کو دھوکا نہ دے لیکن
اہل وہ ہے۔
عقل مند وہ ہے۔
سمجھ دار وہ ہے۔
جو دھوکا نہ کھائے۔
ہم جب تاریخِ اسلام میں اس معیار پر غور کرتے ہیں تو ایک بڑی کامل شخصیت سامنے آتی ہے کہ جس کو اللہ تعالیٰ نے بصیرت وہ دی کہ کسی سے دھوکا کھائے نہیں اور تقویٰ یہ دیا کہ کسی سے دھوکا کرے نہیں۔