الۡحَمۡدُ لِلّٰهِ وَسَلٰمٌ عَلٰى عِبَادِهِ الَّذِيۡنَ اصۡطَفٰى خصوصا علی سید الرسل و خاتم الانبیاء وعلی آلہ الاتقیاء واصحابہ الاصفیاء اما بعد!
اَعُوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اِنَّ اللّٰهَ يَاۡمُرُكُمۡ اَنۡ تُؤَدُّوا الۡاَمٰنٰتِ اِلٰٓى اَهۡلِهَا وَاِذَا حَكَمۡتُمۡ بَيۡنَ النَّاسِ اَنۡ تَحۡكُمُوۡا بِالۡعَدۡلِ اِنَّ اللّٰهَ نِعِمَّا يَعِظُكُمۡ بِهٖ الخ۔(سورۃ النساء: آیت 58)
وصدق اللّٰه مولانا العظیم۔
نظام عالم کو چلانے کے لیے قانون فطرت:
برادرانِ اسلام، بزرگانِ مکرم اور عزیز نوجوانو !آج کا موضوع فطری نظامِ الٰہی ہے اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس جہاں کا نظام ایسا بنایا ہے اور کائنات کو اس نہج پر چلایا ہے کہ ہر لائن کو کامیاب کرنے کے لیے وہ لوگ آگے آتے ہیں جو اس لائن کے اہل ہوں انسان بیمار ہوتے ہیں تو بیماروں کی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے میڈیکل کی لائن بنے گی جس میں ڈاکٹرز (Doctors) حکماء اور اطباء بیماریوں کے علاج معالجے کے لیے آگے آئیں گے جہاں کہیں ملکوں کے نظم و نسق اور نظام چلانے کی کوئی بات آئے گی تو وہاں قانون جاننے والے ماہرین آگے آئیں گے بچوں کی دینی و دنیوی تعلیم و تربیت کے لیے مدارس اور سکول قائم کیے جائیں گے سو نظامِ کائنات کس طرح چل رہا ہے؟ کہ ہر لائن کو وہ حضرات چلا رہے ہیں جو اس لائن کے اہل اور ماہر ہیں نظامِ عالم میں وہی لوگ آگے آتے ہیں جو اس لائن کے ماہر ہوں ہر لائن اس کے اہل اور ماہر کے ساتھ چلے تو نظام بالکل صحیح چلتا ہے لہٰذا یہ بات ذہن نشین رکھیں! کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے نظامِ اسلام میں سربراہی کے لیے بھی وہی حکمت کار فرما رکھی ہے کہ اس میں آگے وہ لوگ آنے چاہئیں جو اس کے اہل ہوں اور اہلیت کی بنا پر ہی حکمران چنے جائیں۔
اہلیت کی بنا پر قائد آگے آئے یا خاندانی نسبت سے آئے؟ ذرا سوچیں اور آپ خود فیصلہ کریں کہ کسی نسل کے اعتبار سے حکمرانی ہو کہ اسی ایک نسل کا حق ہے کہ وہ حکمرانی پر آئیں حاکم بنیں؟ یا اس کا مدار اہلیت پر ہو؟ آپ کی عقل یہی فیصلہ کرے گی کہ:
- قیادت کے لیے۔
- سیادت کے لیے۔
- قوم کی سرداری کے لیے۔
انہیں لوگوں کو آگے آنا چاہیے جو حکومت کرنے کے اہل ہوں اور یہی قرآن کی رو سے نظامِ عالم کو چلانے کا حکم ہے دیکھیے پارہ 5 سورة النساء: آیت 58 آج میں نے یہی آیت آپ کے سامنے پڑھی ہے۔ ووٹ بھی قوم کی ایک امانت ہے اس لیے لوگوں کو چاہیے کہ حکومت کے لیے ووٹ انہی کو دیں جو اس کے اہل ہوں جو ملک کا نظام صحیح چلا سکیں اور قوم کی ضرورتیں پوری کر سکیں۔
اب یہ ایک سوال سامنے آتا ہے کہ نبی پاکﷺ کی جانشینی کا مسئلہ کیا ہے؟ اہلِ سنت و الجماعت کا یہی اعتقاد ہے کہ رسالت اور نبوت خدا کا انتخاب ہے لیکن انسانوں کی قیادت کے لیے ملکوں کو چلانے کے لیے اور نظام کو آگے بڑھانے کے لیے انہی لوگوں کو آگے لایا جائے جو اس کے اہل ہوں اور اس کا مدار صرف نیکی پر نہیں بلکہ نیکی کے ساتھ ساتھ اس کا مدار حکومت چلانے اور عوام کو ان کی ضروریات پوری کرنے کی اہلیت پر بھی ہے۔
عام لوگ جن کی سیاسی تربیت نہیں ہوتی ان سے جب پوچھا جائے کہ قوم کی قیادت میں کس کو آگے لانا چاہیے؟ تو نادان آدمی یہی کہے گا کہ نیک آدمی کو تو صرف اتنا ہی نہیں اس کا صحیح جواب یہ ہے کہ صرف نیک آدمی نہیں بلکہ اس کی نیکی کے ساتھ ساتھ وہ انسان ہو جو ملک چلانے کی اہلیت بھی رکھتا ہو سو یہ فطری اصول ہے جس پر اللہ نے کائنات کا نظام بنایا ہے کہ جو اہل ہوں ان کو آگے کرو۔
اب میں ایک بات پوچھتا ہوں کہ نیک کسے کہتے ہیں؟ اس کی بہت سی Definitions ہو سکتی ہیں لیکن ایک سوچی سمجھی بات جس کو Considered Opinion کہتے ہیں کہ جس پر بہت غور و فکر ہو گیا وہ یہ کہ نیک وہ ہے جو کسی کو دھوکا نہ دے اس Definition سے کوئی بھی اختلاف نہیں کرے گاسو نیک کون ہے؟ جو کسی کو دھوکا نہ دے اور عقل مند کون ہے؟ جو دھوکا نہ کھائے۔