اموی اور عباسی حکومتیں - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

اموی اور عباسی حکومتیں

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

جب بنو عباس برسرِ اقتدار آئے تو بنو امیہ کے کچھ لوگوں نے بنو عباس کی خلافت کو قبول نہ کیا اور وہ لوگ کسی طرح بھاگ کر (بغداد چھوڑ کر) اسپین (Spain) پہنچ گئے اور پھر اسپین میں مسلمانوں کا خلیفہ عبد الرحمٰن ہوا اور اس طرح پیچھے سے چلی آنے والی ایک خلافت دو ہو گئی عباسیوں کی خلافت بغداد میں اور امویوں کی خلافت اسپین میں۔

اپنے اپنے علاقوں میں خلافت کرتے رہے مگر دونوں کی آپس میں ماسوا ایک آدھ جنگ کے کوئی لڑائی یا جنگیں نہ ہوئیں۔

عباسیوں نے اپنے حلقے میں علمی کام کیے اور امویوں نے (Spain) اندلس میں قرطبہ میں اپنی قوت جمائی وہاں قرطبہ میں بڑی دینی درسگاہ (یونیورسٹی) قائم کی بہت بڑی مسجد قائم کی جس کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک جانے کے لیے پیدل نہیں جا سکتے تھے بلکہ اس کے لیے ٹرین چلتی تھی اس سے آپ اندازہ کریں کہ کتنی بڑی مسجد تھی اور آج بھی اسپین جانے والے حضرات وہاں جا کر اس کا اندازہ کر سکتے ہیں جیسا کہ ڈاکٹر اقبال مرحوم جب وہاں پہنچے تو وہاں اب مسجد تو اس طرح نہ تھی مگر اقبال وہاں سجدہ کرتے ہوئے اس مسجد کی یادیں تازہ کرتے ہی، جن کا تذکرہ ان کی کتابوں اور اشعار میں ملتا ہے ع۔

کعبہ اربابِ فن سطوتِ دینِ مبین

تجھ سے حرم مرتبت اندلسیوں کی زمیں۔

1(حضرت علامہ رحمۃاللہ جن اشعار کی طرف اشارہ فرما رہے ہیں یہ شاعرِ مشرق ڈاکٹر اقبال مرحوم  رحمۃاللہ کی کتاب بابِ جبریل میں بعنوان مسجدِ قرطبہ (جو بالخصوص قرطبہ میں لکھی گئی) دعا (یہ مسجدِ قرطبہ میں لکھی گئی) عبد الرحمٰن اول کا بویا ہوا کھجور کا پہلا درخت ہسپانیہ اور طارق کی دعا کے تحت کلیاتِ اقبال میں دیکھے جا سکتے ہیں)

تاہم اتنا وقت نہیں کہ میں اس کی پوری وضاحت کر سکوں لیکن اتنی بات ہے کہ جب تک مسلمانوں نے ملکی فتوحات کو چھوڑا نہیں سلطنتوں سے منہ موڑا نہیں تب تک دنیوی شوکت کو اور عروج کو چھوڑا نہیں۔