امام مہدی سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کی اولاد میں سے ہوں گے -…

امام مہدی سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کی اولاد میں سے ہوں گے

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

یہاں ایک بات آپ سے کہتا ہوں کہ ہم مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ دنیا کا آخر ہو گا ، بھائی کیا قیامت پر ایمان ہے کہ نہیں؟ (سامعین: جی بالکل ہمارا قیامت پر ایمان ہے) دنیا آخر ہو گی یہ بھی ایمان ہے کہ نہیں؟ (سامعین: جی اس پر بھی ایمان ہے) پھر آخری دور میں مسلمانوں کا قائد جس پر مسلمان پھر اکٹھے ہوں گے وہ کون ہوں گے؟ وہ سیدنا مہدی ہیں۔ سیدنا مہدی کے دور میں تمام مسلمان ان پر اکٹھے ہو جائیں گے اور جس طرح آج زمین ظلم سے لبریز ہے ہر طرف ظلم ہی ظلم ہو رہے ہیں مگر سیدنا مہدی کے دور میں یہ دنیا عدل و انصاف سے جگمگا اٹھے گی اس وقت میرا موضوع سیدنا مہدی پر تقریر کرنا نہیں تاہم یہ ایک ضمنی بات آ گئی ہے آپ نے یہ بات سنی ہوئی ہے کہ دنیا کے آخر میں امام مہدی آئیں گے سو اس وقت دنیا کے آخر میں، پوری دنیا کے مسلمانوں کے ایک ہی پیشوا کون ہوں گے؟ سیدنا مہدی اور ان کی شان کیا ہو گی؟ کہ ان کی نصرت کے لیے اور مدد کے لیے حضرت عیسیٰ بن مریم علیہ السلام آسمان سے اتریں گے قیامت کے قریب دجال کا فتنہ ظاہر ہو گا اور اس دجال کا خاتمہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کریں گے۔(نزولِ عیسیٰ علیہ السلام اور فتنہ دجال کے موضوع پر تفصیلی مطالعہ کے لیے حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمودؒکی مایہ ناز تصنیف عقیدۃ خیر الامم فی مقامات عیسیٰ بن مریم کی مراجعت فرمائیں)
تاہم سیدنا مہدی کی سلطنت بڑی وسیع ہو گی یہاں تک کہ سیدنا ابو بکرؓ سیدنا عمرؓ سیدنا عثمانؓ سیدنا علیؓ سیدنا حسنؓ سیدنا امیرِ معاویہؓ کے دورِ خلافت میں بھی اتنی وسعت نہ تھی سو آخر میں پوری دنیا کے مسلمانوں کے پیشوا سیدنا مہدی ہوں گے کیا آپ جانتے ہیں یہ سیدنا مہدی کس کی اولاد میں سے ہوں گے؟ جواب یہ ہے کہ آپ سیدنا حسینؓ کی اولاد میں سے نہیں بلکہ سیدنا حسنؓ کی اولاد اور نسل میں سے ہوں گے ابنِ قیم رحمۃاللہ کہتے ہیں کہ جب انہوں نے اس وقت سلطنت قربان کی تو پھر اللہ نے دنیا میں اسے یہ جزا دی کہ میں دنیا کے آخر میں ساری سلطنت کو تیری نسل میں آگے جمع کروں گا اور سارے مسلمان ایک ہوں گے۔
ذرا توجہ دیجیے کہ سیدنا مہدی کے دور کی سلطنت کی وسعت اسلام کے پہلے دور کے خلفاء جتنی ہو گی یا اس سے بھی وسیع ہو گی؟ اور اس وسیع سلطنت کی قیادت سیدنا حسنؓ کی اولاد کرے گی اللہ تعالیٰ چاہتے تو سیدنا حسینؓ کی اولاد میں سے بھی کوئی ہو سکتا تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے اس کام کے لیے خاص طور پر چاہا کہ اس کے لیے کوئی سیدنا حسنؓ کی اولاد میں سے ہو مگر ایسا کیوں؟
هَلۡ جَزَآءُ الْاِحۡسَانِ اِلَّا الۡاِحۡسَانُ‌ ۞(سورۃ الرحمٰن: آیت 60)
ترجمہ: جو نیکی کرے پھر نیکی ہی اس کی طرف بدلے میں آتی ہے:
هَلۡ جَزَآءُ الْاِحۡسَانِ اِلَّا الۡاِحۡسَانُ‌ ۞فَبِاَىِّ اٰلَاۤءِ رَبِّكُمَا تُكَذِّبٰنِ ۞(سورۃ الرحمٰن: آیت  60، 61)
ترجمہ: خدا کی کون کون سی نعمتوں کو تم جھٹلاؤ گے۔ 
سیدنا حسنؓ کو یہ شان ملی کہ دنیا کے آخر میں حضورِ اکرمﷺ کی ساری امت کی قیادت سیدنا حسنؓ کی اولاد میں سے ایک فرد سیدنا مہدی کریں گے تو سیدنا حسنؓ کی اولاد میں یہ مقدر کس نے کیا؟ اللہ نے ۔
اس نکتہ کو بیان کس نے کیا؟ ابنِ قیم رحمۃاللہ نے اور یہ تاریخی شہادت بھی ہے کہ یہ سیدنا حسنؓ کی عظیم قربانی کی جزا ہے۔
تو ذرا سمجھیں کہ کیا سیدنا حسنؓ اور سیدنا امیرِ معاویہؓ کے مابین صلح کو مجبوری کی صلح کہا جا سکتا ہے؟ نہیں ایسا کیوں؟ کیونکہ پیغمبرﷺ کے ارشاد مبارک سے پتہ چلتا ہے کہ یہ مجبوری کی صلح نہ تھی اس صلح سے مسلمان پھر سے ایک ہو گئے اور اس صلح کے بعد تقریباً 100 سال تک سیدنا امیرِ معاویہؓ کے خاندان بنو امیہ میں خلافت چلی پھر بنو امیہ کے خاتمے پر عباسیوں کے دورِ خلافت کا آغاز ہوا۔