سیدنا حسن رضی اللہ عنہ نے سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ سے…

سیدنا حسن رضی اللہ عنہ نے سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ سے صلح دب کر نہیں کی

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ


سوال: اس کے ساتھ اب یہ ایک بات بھی سمجھیں ایک ساتھی جو یہیں کھڑے ہیں انہوں نے سوال کیا تھا کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ تو بڑے سیاست دان اور بڑے آدمی تھے مگر ان کے مقابلے میں سیدنا حسنؓ بچے (چھوٹی عمر کے) تھے (گو ان کا ملک زیادہ تھا لیکن تھے تو بچے ہی؟) تو جب بچے اور بڑے میں صلح ہو تو بعض اوقات آپ نے معاشرے میں دیکھا ہو گا کہ چھوٹا بڑے کے رعب و دبدبے کی وجہ سے اس سے صلح کر لیتا ہے کہ میں اس سے مقابلہ نہ کر سکوں گا مگر کیا ایسی صلح حقیقی صلح ہوتی ہے؟ بھائی غور کریں کہ لوگ طاقتور کے ساتھ بھی مجبوراً صلح کر لیتے ہیں کہ نہیں؟ یا اس طرح سمجھو کہ ہم پاکستان والے اگر باہر کی بڑی طاقتوں سے صلح کے ساتھ چلیں تو اس میں کچھ اپنی مجبوری کا بھی پہلو ہوتا ہے کہ نہیں؟ تو سوال کرنے والوں نے (جو اسی مجلس میں موجود ہیں) سوال کیا تھا کہ آپ اس بات کو بڑے فخر سے بیان کرتے ہیں کہ سیدنا حسنؓ اور سیدنا امیرِ معاویہؓ نے صلح کر لی، لیکن یہ ایک بڑے اور چھوٹے کی صلح تھی تو کیا یہ معلوم ہو سکتا ہے کہ کہیں سیدنا حسنؓ کا احساس مجبوری میں تو یہ نہیں کہہ رہا تھا کہ شاید میں اتنے بڑے سیاست دان کا مقابلہ نہ کر سکوں؟ سو اگر ایسا ہو تو پھر یہ حقیقی صلح تو نہ ہوئی بلکہ دب کر بھی تو ہو سکتی ہے؟
سامعین آپ Agree کرتے ہیں کہ دب کر بھی ہو سکتی ہے؟ جب مجھ سے پوچھا گیا کہ یہ صلح حقیقی نہیں بلکہ اوپر اوپر سے تھی مجبوری کے طور پر تھی۔
جواب: تو میں اس کے جواب میں کہتا ہوں کہ یہ تو آپ کی رائے ہے کہ یہ مجبوری کی صلح تھی لیکن یہاں ایک عقلی سوال ہے کہ جو صلح دب کر کی جائے کیا اس میں دب کر صلح کرنے والا کوئی شرائط رکھ سکتا ہے؟ ذرا سوچو کیوں کہ یہاں تو سیدنا حسنؓ شرائط رکھ رہے ہیں جنہیں سیدنا امیرِ معاویہؓ نے منظور کیا سو کیا اس صلح کو مجبوری کی صلح کہا جا سکتا ہے؟
دوسرا یہ ہے کہ پیغمبرﷺ کی رائے میں کیا یہ مجبوری کی صلح ہے یا خوشی کی صلح ہے؟ تم جو یہ کہتے ہو کہ یہ مجبوری کی صلح ہے (کہ بڑے چھوٹے کا کیا مقابلہ) یہ تمہاری رائے ہے مگر میں کہتا ہوں پیغمبر کی رائے کیا ہے؟ یہاں کوئی یہ نہ کہے کہ جی حضورِ اکرمﷺ تو اس وقت وہاں تھے ہی نہیں، سو ان کی رائے کیسے ہو سکتی ہے؟ تو میں کہتا ہوں حضورِ اکرمﷺ کی رائے مبارک صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں سندِ صحیح کے ساتھ موجود ہے جس میں شک والی کوئی بات نہیں تو حضورِ اکرمﷺ رائے دے چکے کیسے؟ کہ ایک دفعہ حضورِ اکرمﷺ سیدنا حسنؓ کو پیار کر رہے تھے (حضورِ اکرمﷺ ان کو اپنا بیٹا کہتے تھے) آپﷺ فرماتے ہیں: ان ابنی هذا سيد میرا یہ بیٹا سید ہے۔
سید ہونا یہ کسی نسل کا بیان نہیں یہ ایک شان ہے شان کے اعتبار سے کہا کہ میرا یہ بیٹا سید ہے یہ میرا بیٹا سید یہ سید ہے:
لعل الله يصلح به فئتين عظمتين من المسلمين۔(صحیح بخاری: جلد 1 صفحہ 373)
ایک وقت آئے گا میرے اس بیٹے کے ذریعہ اللہ مسلمانوں کے دو حصوں کو جوڑیں گے حضورِ اکرمﷺ نے پیشین گوئی فرمائی اور تاریخ بتاتی ہے کہ پھر وہ وقت آیا اور واقعی ہی سیدنا حسنؓ نے دونوں جماعتوں کو جوڑا اب پیغمبر تو اس کو خوشی کی صلح کہیں اس عمل کی تعریف کریں اور اس پر خوش ہوں اور سیدنا علیؓ و سیدنا امیرِ معاویہؓ دونوں کی پارٹیوں کو فئتين عظمتين من المسلمين کہیں پیغمبر کے الفاظ میں تو یہ خوشی کی صلح ہے مگر تم (سائل) تصور کرتے ہو کہ یہ مجبوری کی صلح تھی تو جو لوگ کہتے ہیں کہ سیدنا حسنؓ کی صلح سیدنا امیرِ معاویہؓ سے ایک مجبوری میں تھی، تو یہ غلط کہتے ہیں اور جو پیغمبر ارشاد فرماتے ہیں وہ بالکل صحیح برحق اور بجا فرماتے ہیں۔
سامعین! ذرا سوچیں! یہ سیدنا حسنؓ کی کتنی بڑی قربانی ہے کہ مسلمانوں کو ایک کرنے کے لیے، آپ نے اپنا سارا حق چھوڑ دیا، جس سے سیدنا حسنؓ کی بڑی شان ہونے کا پتہ چلتا ہے سو میری حاضرین سے گزارش ہے کہ جو سیدنا علیؓ اور سیدنا حسنؓ کی شان کا عقیدہ رکھتا ہے ذرا ہاتھ تو کھڑا کرے تاکہ اللہ کے گھر میں گواہی ہو کہ ہم دل و جان سے اہلِ بیتؓ کی شان کا پورا اقرار کرتے ہیں۔
تاہم سیدنا حسنؓ نے جو صلح کی وہ پیغمبر کے فیصلے کے مطابق مجبوری کی تھی یا خوشی کی حقیقی صلح تھی؟ جب حضورِ اکرمﷺ نے فرما دیا اور خوشی کا اظہار کر دیا کہ یہ جوڑے گا اور واقعات نے بتایا کہ واقعی ہی انہوں نے جوڑا تو سیدنا حسنؓ نے کتنی بڑی قربانی کی؟ بہت بڑی قربانی کی ہے اور حضورِ اکرمﷺ کے ہاں یہ قبولیت فئتين عظمتين کے الفاظ میں ہوئی تو پیغمبر کی نظر میں تو یہ قبولیت ان الفاظ میں ہوئی تو میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ کبھی یہ بھی دھیان کرو کہ خدا کی نظر میں کیسے ہوئی؟