اب ایک نیا فرقہ پیدا ہو گیا بلکہ فرقہ کیا فتنہ پیدا ہو گیا جسے خوارج کہتے ہیں خوارج نے کہا بھائی ہم نے پیروی کرنی ہے صرف قرآن کی ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کی نہیں تو علیؓ نے چونکہ کہا ہے کہ ہم ان کا فیصلہ مانیں گے جو سیدنا ابو موسیٰ اشعریؓ کریں تو خوارج نے کہا کہ سیدنا علیؓ نے ایسا کہہ کر شرک کیا ہے سو اس وجہ سے خوارج نے سیدنا علیؓ پر کفر کا فتویٰ دے دیا اب دیکھیں فتنے سے فتنہ پیدا ہو رہا ہے۔
ابھی سیدنا امیرِ معاویہؓ اور سیدنا علیؓ کی جنگ کا فیصلہ نہیں ہوا اور یہ ایک تیسرا ٹولہ نکل آیا اور یہ زیادہ وہی تھے جو پہلے سیدنا علیؓ کی فوج میں تھے یہ ان سے نکل گئے اور نعرہ لگایا: اِنِ الۡحُكۡمُ اِلَّا لِلّٰهِ الخ۔ (سورۃ یوسف: آیت 40)
ترجمہ: فیصلہ کرنے کا حق صرف اللہ کو ہے
یہ حق صرف اللہ کا ہے دو آدمیوں کو نہیں یہ دونوں آدمیوں کا فیصلہ یہ کفر ہے شرک ہے وہ ہے یہ ہے اور ان سے نکلے تو نکلنے والوں کو کیا کہتے ہیں؟ عربی میں اسے کہتے ہیں خارج تو خارج کی جمع ہے خوارج اب فرقہ خوارج پیدا ہوا جو سیدنا علیؓ کی فوج سے نکل گئے تھے۔
(حضرت علامہ رحمۃاللہ فرماتے ہیں:
سیدنا علی المرتضیٰؓ نے جنگِ صفین کے آخر میں سیدنا ابو موسیٰ الاشعریؓ کو اپنی طرف سے حکم مانا تھا کہ وہ جو فیصلہ کریں انہیں منظور ہو گا۔ اس پر ان کا اپنا حلقہ ان سے بگڑ گیا انہوں نے کہا کہ سیدنا علیؓ دو انسانوں کو حق مان کر کفر کے مرتکب ہوئے ہیں مسلمان صرف خدا کے فیصلے کو واجب التسلیم مانتے ہیں کسی انسانی فیصلے کو نہیں مقامِ اہواز میں ان لوگوں نے اپنی فوجی قوت کو جمع کیا اور سیدنا علیؓ کی جماعت سے نکل جانے کا اعلان کیا: اِنِ الۡحُكۡمُ اِلَّا لِلّٰهِ الخ۔ (سورۃ یوسف: آیت 40)
ان کا نعرہ تھا اس عنوان پر یہ لوگ خوارج کہلائے یہ لوگ جگہ جگہ سر اٹھاتے تھے، پھر کبھی دب بھی جاتے اور کسی اور طرف جا نکلتے اب سیدنا علیؓ کا رخ شام کی بجائے خارجیوں کی طرف ہو گیا واقعہ تحکیم سے یہ سیدنا علیؓ کے خلاف ہوئے تاہم صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں سے کوئی ان کے ساتھ نہ تھا سیدنا عبد اللہ بن عباسؓ نے ان سے مناظرے کیے، اور سیدنا علیؓ نے خوارج کے ساتھ جنگِ نہروان لڑی اب مسلمانوں کی سیاسی قوت دو نہیں تین حصوں میں منقسم ہو چکی تھی اور یہ تیسرا حصہ سیدنا امیرِ معاویہؓ کی جماعت سے نہیں سیدنا علیؓ کی جماعت سے الگ ہوا تھا ظاہر ہے کہ اس میں آپ کی سیاسی قوت کمزور ہوئی اور حالات یہاں تک پہنچے کہ آپ کو سیدنا امیرِ معاویہؓ سے 40ہجری میں صلح کرنی پڑی کہ دونوں میں سے کوئی ایک دوسرے کے مقبوضہ علاقوں پر چڑھائی نہ کرے یہ سال عام الہدنہ کہلاتا ہے اس سے یہ دونوں حضرات ایک دوسرے کے کچھ قریب آ گئے لیکن خارجی آپ کے برابر دشمن رہے اور یہی وہ لوگ تھے جنہوں نے آپ کے قتل کی سازش کی ان لوگوں نے نہ صرف یہ کہ قلمروِ اسلامی کو سیاسی طور پر کمزور کیا بلکہ انہوں نے اپنی تحریک کو ایک مذہبی رنگ بھی دیا مسلمانوں میں اعتقادی محاذ پر یہ پہلا فتنہ تھا یہ سیدنا علیؓ اور سیدنا امیرِ معاویہؓ دونوں کو بوجہِ تحکیم کافر کہتے تھے اسلام میں یہ پہلا اعتقادی فتنہ تھا جس نے مسلمانوں میں ایک مذہبی فرقہ کی شکل پائی ان کا اعتقاد ہے کہ انسان گناہِ کبیرہ کے ارتکاب سے کافر ہو جاتا ہے۔(خلفائے راشدین: جلد 2صفحہ 448)
اس موضوع پر مزید مطالعہ کے لیے کتاب عبقات جلد دوم از حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمۃاللہ کی مراجعت فرمائیں)
دراصل یہی خوارج غلط قسم کے لوگ تھے انہوں نے نکل کر یہ کہا کہ سیدنا علیؓ اس لیے مسلمان نہیں کیونکہ انہوں نے اللہ و رسول کے علاوہ ان دو آدمیوں (سیدنا ابو موسیٰ اشعریؓ اور سیدنا عمرو بن عاصؓ) کو فیصل مان لیا جب کہ اللہ اور رسول کے علاوہ اور کسی کو ماننا ہی جائز نہیں تو سیدنا علیؓ کہتے تھے کہ ہم نے ان دو کو اس لیے نہیں مانا کہ یہ اپنی مرضی کی کوئی بات کریں گے بلکہ انہیں اس لیے مانا ہے کہ قرآن کی طرف سے یہی بولیں گے کتاب خود کیا ہے؟ انما الكتاب صامت کتاب خود خاموش ہے انما تنطق عنه الرجال اس کی طرف سے جو بولیں گے وہ انسان ہی بولیں گے۔