سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے نزدیک موجودہ قرآن ہی…

سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے نزدیک موجودہ قرآن ہی اصلی قرآن تھا

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

تاہم صفین میں سیدنا امیرِ معاویہؓ نے جب دیکھا کہ شاید میں سیدنا علیؓ کے اس حملے کا مقابلہ نہ کر سکوں تو انہوں نے ایک تدبیر کی کہ اپنی فوج کو کہا کہ تم بڑے بڑے بانسوں کے اوپر قرآن باندھ کر پیش کر دو کہ ہمارے تمہارے درمیان جنگ نہیں بلکہ یہ کتاب فیصلہ کرے گی تو ان کے (شام کے) جو فوجی تھے انہوں نے لمبے لمبے بانسوں کے اوپر قرآن باندھے اور آگے کھڑے کر دیے اب سیدنا علیؓ کی فوج کہتی تھی ہم ان کا مقابلہ کریں گے اور انہیں چھوڑیں گے نہیں مگر سیدنا علیؓ نے کہا کہ قرآن کے آگے میں جنگ جاری نہیں رکھ سکتا سیدنا علیؓ کی دلیل تھی کہ قرآن کے آگے چڑھائی نہیں کر سکتا کیونکہ جب انہوں نے قرآن پیش کیا ہے تو ہم قرآن کے آگے جھکتے ہیں سیدنا علیؓ کی فوج کے جو لوگ تھے ان میں منافقین بھی گھسے ہوئے تھے وہ نہیں چاہتے تھے کہ کسی طرح یہ صلح ہو جائے لیکن سیدنا علیؓ اس بات پر ڈٹ گئے کہ اب مزید جنگ نہ ہو گی کیونکہ انہوں نے اب قرآن پیش کر دیے ہیں لہٰذا آپ نے اپنی فوج اور سپہ سالاروں کو حکم دیا کہ ہتھیار نیچے کر لو۔
تو سیدنا امیرِ معاویہؓ کا تو مزاج ہی لڑنے کا نہیں تھا انہوں نے کہا ہمارے تمہارے درمیان یہ کتاب فیصلہ کرے گی لیکن کیا کتاب خود بولتی ہے؟ سیدنا علیؓ کہتے ہیں انما الكتاب صامت کتاب تو خاموش ہے انما تنطق عنه الرجال اس کتاب کے متعلق جب بولیں گے انسان ہی بولیں گے قرآن کے کہتے ہیں؟ جب قرآن کی طرف سے کوئی انسان بولے کہ اس کا یہ مطلب ہے کیونکہ کتاب خود تو بولتی نہیں تاہم سیدنا علیؓ نے اپنا نمائندہ سیدنا ابو موسیٰ اشعریؓ کو مقرر کیا اور سیدنا امیرِ معاویہؓ نے اپنا نمائندہ مصر کے فاتح سیدنا عمرو بن عاصؓ کو مقرر کیا تاکہ یہ دونوں حضرات مل کر جو فیصلہ کر دیں ہمیں منظور ہے۔
(واقعہ تحکیم پر تفصیلی مطالعہ کے لیے عادلانہ دفاع از حضرت مولانا سید نور الحسن شاہ بخاری رحمۃاللہ، سیرت امیر معاویہؓ از حضرت مولانا محمد نافع رحمۃاللہ، سیدنا علی المرتضیٰؓ از حضرت مولانا محمد اقبال رنگونی مظاہری مدظلہ العالی کی مراجعت فرمائیں)