جنگ صفین میں سیدنا علی رضی اللہ عنہ حق پر تھے - ردِ رافضیت…

جنگ صفین میں سیدنا علی رضی اللہ عنہ حق پر تھے

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 2 از 2
سیدنا ابوبکرؓ جیسے زیرک صاحبِ علم بھی اسے ایک امرِ ملتبس قرار دیتے ہیں تو اسے حق و باطل کا معرکہ کیسے کہا جا سکتا ہے سوچنا چاہیے کہ ان دو بزرگوں کی معرکہ آرائی کو اجتہادی اختلاف کا نام دیا جائے اس سے حق و باطل کا معرکہ کہنا بڑی جسارت اور خلافِ حقیقت بات ہو گی سیدنا صدیقِ اکبرؓ اسے صریح طور پر امرِ ملتبس قرار دیتے ہیں اب کیا ہے کوئی جو اسے حق و باطل کا معرکہ کہے؟
آنحضرتﷺ کا موقف:
سیدنا حضرت علی المرتضیٰؓ اور سیدنا امیرِ معاویہؓ کے باہمی اختلاف میں نبی پاکﷺ کا فیصلہ یہی ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین دونوں طرف حق کی طلب میں کھڑے تھے نفس پرستی کسی جانب نہ تھی سیدنا علیؓ دونوں میں حق کے زیادہ قریب تھے احتیاط بھی اسی میں ہے کہ سیدنا علیؓ اور سیدنا امیرِ معاویہؓ دونوں کو حق پر کہا جائے اور سیدنا علیؓ کو اولى الطائفتين بالحق قرار دیا جائے۔
سیدنا علی المرتضیٰؓ کی خوارج کے خلاف جنگیں تھیں وہ اس قبیل کی نہ تھیں، وہ مذہبی جنگیں تھیں اور اختلافِ عقیدہ پر مبنی تھیں حضورِ اکرمﷺ کے ارشاد يمرقون من الدين مروق السهم من الرمية
(صحیح بخاری: جلد 2 صفحہ 1025)
یعنی (خوارج) اسلام سے اس طرح نکل جائیں گے جس طرح تیر شکار سے نکل جاتا ہے اور حضورِ اکرمﷺ نے ان کے بارے میں کہا تھا کہ انہیں وہ لوگ ماریں گے جو اولى الطائفتين بالحق ہوں اور امرِ واقعہ یہ ہے کہ ان کا سیدنا علی المرتضیٰؓ نے مقابلہ کیا تھا سیدنا ابو سعید خدریؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے خوارج کی خبر دیتے ہوئے فرمایا کہ:
تمرق مارقة عند فرقة من المسلمين يقتلها أولى الطائفتين بالحق (سنن ابی داؤد: جلد 2صفحہ 627)
اس سے واضح ہوتا ہے کہ ارشادِ نبوت کی رو سے سیدنا علیؓ اور سیدنا امیرِ معاویہؓ اصولاً دونوں حق پر تھے اور دونوں جماعتیں فئتين عظمتين من المسلمين تھیں دونوں طرف کے لوگ مسلمان تھے ہاں حق کے زیادہ قریب سیدنا علی المرتضیٰؓ تھے اب یہ کہنا کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ حق پر نہ تھے منشاءِ نبوت کے صریح خلاف ہے ہاں ان دونوں میں سے خوارج سے لڑنے والے سیدنا علیؓ کے ساتھی تھے جو شخص یہ کہے کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ اپنے مقصد کے اعتبار سے حق پر نہ تھے وہ یقیناً اہلِ سنت و الجماعت میں سے نہیں ہے سیدنا علی المرتضیٰؓ کو تو أولى الطائفتين بالحق کہہ سکتے ہیں لیکن سیدنا امیرِ معاویہؓ کو علی الاطلاق خطاء پر کہنا ارشادِ نبوت کے صریح خلاف ہے ایسا کہنے والا اعتقاداً شیعہ ہے ۔
حضرت علامہ ابن خلدونؒ کی پوری عبارت یوں ہے:
فلم يكن معاوية قائماً فيها بقصد الباطل وإنما قصد الحق وأخطأ، والكل كانوا فی مقاصدهم على حق(مقدمہ ابنِ خلدون: صفحہ 205)
سیدنا امیرِ معاویہؓ کسی امرِ باطل پر کھڑے نہ تھے آپ حق کا قصد کیے ہوئے تھے اور چوک گئے اور دونوں گروہ اپنے مقاصد میں حق پر ہی تھے۔
شیخ الاسلام علامہ حافظ ابنِ حجر عسقلانیؒ(852 ہجری) نے تہذیب التہذیب میں تشیع بعرفِ متقدمین کی تعریف یہ کی ہے:
فالتشيع فی عرف المتقدمين هو اعتقاد تفضيل على عثمان وان عليا كان مصيبا نی حروبه وان مخالفه مخطی مع تقديم الشيخين وتفضيلهما۔
(تہذیب التہذیب: جلد 1صفحہ 94)
ترجمہ: متقدمین کی اصطلاح میں جو شخص سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ کی پوری فضیلت اور افضلیت کا اقرار کرتے ہوئے یہ دو عقیدے رکھے وہ شیعہ سمجھا جاتا تھا: 
1: سیدنا علی المرتضیٰؓ سیدنا عثمانؓ سے افضل تھے۔
2: سیدنا علی المرتضیٰؓ اپنی جنگوں میں راست پر تھے اور آپؓ کے مخالف خطاء پر تھے۔
سو سیدنا امیرِ معاویہؓ کو علی الاطلاق مخطی کہنے والا متقدمین کی اصطلاح کے مطابق تفضیلی شیعہ شمار ہوتا تھا ہاں اگر یوں کہہ دیا جائے کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ اپنے فیصلے میں چوک گئے لیکن قصداً ان کا فیصلہ غلط نہ تھا وہ اپنے مقصد میں حق پر تھے اور حق کا ہی قصد کیے ہوئے تھے تو اس عقیدے سے کوئی مسلمان شیعہ نہیں ہو جاتا رہا مسئلہ تفضیلی شیعوں کا سو حق یہ ہے کہ تفضیلی شیعہ حقیقت میں شیعہ نہیں ہیں اور شیعہ کے سات بنیادی عقائد میں سے وہ ایک کے بھی قائل نہیں ہیں۔
1: عقیدہ تحریفِ قرآن، 
2: عقیدہ امامت، 
3' انکارِ خلافتِ خلفائے ثلاثہؓ، 
4: تکفیرِ جمیع صحابہ باستثنائے چند، 
5: قذفِ ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہؓ، 
6: تفضیلِ ائمہ بر انبیاءِ سابقین، 
7: عقیدہ رجعت (یعنی اس دنیا میں دوبارہ آنا)
یہ شیعہ کے سات بنیادی عقائد ہیں اور تفضیلی شیعہ ان میں سے کسی بات کے مدعی نہیں، ہاں یہ لوگ اہلِ سنت میں سے بھی نہیں ہیں حضرت امام ابو داؤد السجستانی رحمۃاللہ (275 ہجری) نے اپنی سنن کے کتاب السنۃ میں ان تمام لوگوں کو مردود العمل قرار دیا ہے جو سیدنا علی المرتضیٰؓ کو سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ سے احق بالولايةجانیں امام ابو داؤد ؒکے ہاں ایسے لوگ (یعنی تفضیلی شیعہ) ہرگز اہلِ سنت میں سے نہیں ہیں ۔
حضرت سفیان رحمۃاللہ فرماتے ہیں کہ:
من زعم ان عليا رضی الله عنه كان احق بالولاية منهما فقد خطا ابابكر وعمر والمهاجرين والانصار وما اراه يرتفع له مع هذا عمل الى السماء۔
(سنن ابی داؤد: جلد 2 صفحہ 630)
ترجمہ: جو شخص یہ سمجھے کہ سیدنا علیؓ سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ دونوں سے خلافت کے زیادہ حقدار تھے اس نے سیدنا ابو بکرؓ سیدنا عمرؓ اور تمام مہاجرین و انصار کو غلطی پر یقین کیا اور میں ایسے شخص کا کوئی عمل آسمان کی طرف اٹھتا ہوا نہیں دیکھتا)

صفحہ 2 از 2