تو سیدنا علیؓ نے جو کیا اسے ہم شکایت کے طور پر نہیں کہتے کہ انہوں نے حملہ کیا لیکن واقعات یہی ہیں کہ پہلے فوجیں جو شام کی طرف بڑھی ہیں وہ سیدنا علیؓ کی ان کے حکم سے بڑھی ہیں اور ان میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو سیدنا عثمانؓ کے خلاف تھے اور وہ ساتھ شرارت کے طور پر آگے بڑھے کہ لڑائی تو ہو اس طرح جب سیدنا امیرِ معاویہؓ پر اور شام پر چڑھائی کر ہی دی تو سیدنا امیرِ معاویہؓ نے جو آگے مقابلہ کیا وہ بطورِ دفاع (Defense) کے کیا ہے بطورِ اقدام (Offence) کے نہیں تو سیدنا علیؓ کو بطورِ خلیفہ راشد ایسا کرنے کا حق تھا کہ نہیں؟ ایسے موقع پر حق تھا اور جن پر ہوا ان کو دفاع (Defense) کا حق بھی تھا کہ نہیں؟ (سامعین: انہیں بھی حق تھا) اس طرح جنگِ صفین واقع ہوئی۔
(اہل سنت کے نزدیک معرکہ صفین کوئی حق و باطل کا میدان نہ تھا بلکہ اجتہادی آراء کا اختلاف تھا اس لیے اسے حق و باطل کا نشان کہنا بالکل غلط ہے چنانچہ معرکہ صفین کے متعلق اہلِ سنت محقق علماء کا موقف حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمودؒ کے الفاظ میں ملاحظہ فرمائیں:
سوال: سیدنا علیؓ اور سیدنا امیرِ معاویہؓ کے مابین جو اختلاف ہوا اور جو جنگیں ہوئیں وہ حق و باطل کا معرکہ تھا یا یہ کوئی امرِ مشتبہ تھا جس پر دو مختلف رائیں ہو سکتی تھیں اور یہ دو متضاد فکریں تھیں اگر ان میں سے ایک فریق صریح باطل پر تھا تو کیا اسے ان کی اجتہادی خطاء کہنا جائز ہے؟ اور اگر یہ کوئی امرِ مشتبہ تھا اور واقعی اس پر دو رائیں ہو سکتی ہیں تو کسی ایک کو قطعی طور پر باطل کہنا کیا جائز ہو گا؟ اور اگر یہ ایک اجتہادی معاملہ تھا اور صواب اور خطاء کے درمیان دائر تھا تو اگر ایک مجتہد کسی ایک فریق کو خطاء پر کہے تو یہ بات تو سمجھ میں آ جاتی ہے لیکن کیا ہم یہ حق عوام کو بھی دے سکتے ہیں کہ وہ کسی مجتہد کو اجتہادی خطاء کا مرتکب قرار دیں اتنی بات تو مجھے معلوم ہے کہ امام ابو حنیفہ رحمۃاللہ کے مقلد درسِ حدیث میں برسرِعام امام مالک رحمۃاللہ امام شافعی رحمۃاللہ کے موقف کو خطاء کہتے ہیں اور شافعی علماء امام ابو حنیفہ رحمۃاللہ کا تخطئہ کرتے ہیں لیکن جب یہ اجتہادی اختلاف ائمہ کے درمیان دائر نہ ہو تو کیا کسی عامی کو یہ حق پہنچتا ہے کہ وہ خطائے اجتہادی کے نام پر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین پر تنقید کرے؟ بینوا توجروا
الجواب: سیدنا علی المرتضیٰؓ اور سیدنا امیرِ معاویہؓ میں جو جنگیں ہوئیں تو وہ حق و باطل کا معرکہ نہ تھیں ایک امرِ ملتبس میں دو مختلف آراء کا تفکر و ٹکراؤ تھا موضوعِ اختلاف سیدنا عثمانؓ کا مظلومانہ قتل اور یہ کہ امت اس کی ذمہ داری سے کس طرح عہدہ برآ ہو تھا اور اس میں ان دونوں بزرگوں کا تفکر و ٹکراؤ تھا صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں بھلا حق و باطل کے معرکے کیسے ہو سکتے ہیں؟ وہ تو سب کے سب عادل ہیں یہ صرف ایک امرِ مشتبہ اور موضوعِ ملتبس تھا جس نے دونوں میں تفکر و ٹکراؤ پیدا کر دیا تھا امرِ مشتبہ وہ ہے جس میں حقیقت نمایاں نہ ہو ہر طرف شبہ کو راہ مل سکے اور ملتبس اسے کہتے ہیں جس میں حقیقت پردے میں ہو واضح نہ ہو زیر لباس ہو یہ التباس ہے۔
معرکہ صفین حضورِ اکرمﷺ کی نظر میں:
سیدنا ابو بکرؓ کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ رسول اللہﷺ منبر پر خطبہ دے رہے تھے اور سیدنا حسنؓ آپ کے پہلو میں بیٹھے ہوئے تھے آنحضرتﷺ کبھی تو لوگوں سے مخاطب ہوتے اور کبھی اپنے نواسے کی طرف دیکھتے، آنحضرت ﷺ نے ارشاد فرمایا:
ابنی ھذا سید ولعل اللّٰه ان یصلح بہ بین فئتین عظمتین۔(صحیح بخاری، کتاب الصلح)
ترجمہ: میرا یہ بیٹا سید ہے اور ہو سکتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے ذریعہ مسلمانوں کی دو عظیم جماعتوں کو پھر سے جوڑ دے۔
آنحضرتﷺ نے دونوں فریق کو عظیمتین کے ایک وزن میں تولا ہے اور ہر ایک کا نام فئہ عظیمہ رکھا ہے ان میں سے ایک بھی فئہ باغیہ ہوتی تو آنحضرتﷺ ظالم اور مظلوم میں فرق ضرور کرتے اور دونوں کو فئتین عظیمتین کے پلڑوں میں برابر نہ رکھتے حضورِ اکرمﷺ نے ان دونوں میں سے کسی سے اسلام کی نفی نہیں کی سیدنا علیؓ اور سیدنا حسنؓ کو بھی مسلمان ہی کہا ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ دونوں حضرات مامور من اللہ نہ تھے، ان میں سے کسی کے پاس کوئی آسمانی حق امامت نہ تھا اس حدیث سے واضح طور پر پتہ چلتا ہے کہ حضورِ اکرمﷺ کی نظرِ اطہر میں یہ اختلاف کوئی ضد اور عناد کا اختلاف نہ تھا نہ یہ عہدِ جاہلیت کی ہاشمی اور اموی چنگاریاں تھیں جو پھر چمک اٹھی تھیں بلکہ یہ ایک امرِ مشتبہ تھا جس پر دونوں طرف کچھ نہ کچھ کہا جا سکتا ہے اور اس کا مرکزی نقطہ سیدنا عثمانؓ کا خون تھا کہ اس کی ذمہ داری کس پر آتی ہے اور اسے کیسے ادا کیا جائے اور دونوں بزرگ اپنے مقاصد میں حق پر تھے۔
والكل كانوا فی هم على الحق(مقدمہ ابنِ خلدون: صفحہ 205)
معرکہ صفین سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کی نظر میں:
حضرت امام ابن سیرین رحمۃاللہ (110 ہجری) سے مروی ہے کہ حضرت عبد اللہ بن بدیلؓ نے ایک خواب دیکھا اور اسے سیدنا ابوبکرؓ کے سامنے بیان کیا آپ نے ارشاد فرمایا کہ اگر تیرا یہ سچا خواب ہے تو تم ایک امرِ ملتبس میں قتل کیے جاؤ گے اور تاریخ گواہ ہے کہ وہ جنگِ صفین میں قتل کیے گئے محدث عبد الرزاق (211 ہجری) اسے اس طرح روایت کرتے ہیں:
عن ابن سيرين قال راى عبد الله بن بديل رؤيا فقصها على ابی بكر فقال ان صدقت روياك فانك تقتل فی امر ذی لبس فقتل يوم صفين(المصنف: جلد 11صفحہ 214)
ترجمہ: امام ابنِ سیرین ؒسے روایت ہے کہ عبد اللہ بن بدیلؓ نے ایک خواب دیکھا جو انہوں نے سیدنا ابو بکر صدیقؓ سے بیان کیا آپ نے فرمایا اگر تیرا خواب سچ نکلا تو تم کسی ایسے معاملے میں قتل کیے جاؤ گے جو امرِ ملتبس ہو گا اور عبد اللہ بن بدیلؓ معرکہ صفین میں قتل ہوئے۔
سیدنا ابوبکرؓ جیسے زیرک صاحبِ علم بھی اسے ایک امرِ ملتبس قرار دیتے ہیں تو اسے حق و باطل کا معرکہ کیسے کہا جا سکتا ہے سوچنا چاہیے کہ ان دو بزرگوں کی معرکہ آرائی کو اجتہادی اختلاف کا نام دیا جائے اس سے حق و باطل کا معرکہ کہنا بڑی جسارت اور خلافِ حقیقت بات ہو گی سیدنا صدیقِ اکبرؓ اسے صریح طور پر امرِ ملتبس قرار دیتے ہیں اب کیا ہے کوئی جو اسے حق و باطل کا معرکہ کہے؟
آنحضرتﷺ کا موقف:
سیدنا حضرت علی المرتضیٰؓ اور سیدنا امیرِ معاویہؓ کے باہمی اختلاف میں نبی پاکﷺ کا فیصلہ یہی ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین دونوں طرف حق کی طلب میں کھڑے تھے نفس پرستی کسی جانب نہ تھی سیدنا علیؓ دونوں میں حق کے زیادہ قریب تھے احتیاط بھی اسی میں ہے کہ سیدنا علیؓ اور سیدنا امیرِ معاویہؓ دونوں کو حق پر کہا جائے اور سیدنا علیؓ کو اولى الطائفتين بالحق قرار دیا جائے۔
سیدنا علی المرتضیٰؓ کی خوارج کے خلاف جنگیں تھیں وہ اس قبیل کی نہ تھیں، وہ مذہبی جنگیں تھیں اور اختلافِ عقیدہ پر مبنی تھیں حضورِ اکرمﷺ کے ارشاد يمرقون من الدين مروق السهم من الرمية
(صحیح بخاری: جلد 2 صفحہ 1025)
یعنی (خوارج) اسلام سے اس طرح نکل جائیں گے جس طرح تیر شکار سے نکل جاتا ہے اور حضورِ اکرمﷺ نے ان کے بارے میں کہا تھا کہ انہیں وہ لوگ ماریں گے جو اولى الطائفتين بالحق ہوں اور امرِ واقعہ یہ ہے کہ ان کا سیدنا علی المرتضیٰؓ نے مقابلہ کیا تھا سیدنا ابو سعید خدریؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے خوارج کی خبر دیتے ہوئے فرمایا کہ:
تمرق مارقة عند فرقة من المسلمين يقتلها أولى الطائفتين بالحق (سنن ابی داؤد: جلد 2صفحہ 627)
اس سے واضح ہوتا ہے کہ ارشادِ نبوت کی رو سے سیدنا علیؓ اور سیدنا امیرِ معاویہؓ اصولاً دونوں حق پر تھے اور دونوں جماعتیں فئتين عظمتين من المسلمين تھیں دونوں طرف کے لوگ مسلمان تھے ہاں حق کے زیادہ قریب سیدنا علی المرتضیٰؓ تھے اب یہ کہنا کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ حق پر نہ تھے منشاءِ نبوت کے صریح خلاف ہے ہاں ان دونوں میں سے خوارج سے لڑنے والے سیدنا علیؓ کے ساتھی تھے جو شخص یہ کہے کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ اپنے مقصد کے اعتبار سے حق پر نہ تھے وہ یقیناً اہلِ سنت و الجماعت میں سے نہیں ہے سیدنا علی المرتضیٰؓ کو تو أولى الطائفتين بالحق کہہ سکتے ہیں لیکن سیدنا امیرِ معاویہؓ کو علی الاطلاق خطاء پر کہنا ارشادِ نبوت کے صریح خلاف ہے ایسا کہنے والا اعتقاداً شیعہ ہے ۔
حضرت علامہ ابن خلدونؒ کی پوری عبارت یوں ہے:
فلم يكن معاوية قائماً فيها بقصد الباطل وإنما قصد الحق وأخطأ، والكل كانوا فی مقاصدهم على حق(مقدمہ ابنِ خلدون: صفحہ 205)
سیدنا امیرِ معاویہؓ کسی امرِ باطل پر کھڑے نہ تھے آپ حق کا قصد کیے ہوئے تھے اور چوک گئے اور دونوں گروہ اپنے مقاصد میں حق پر ہی تھے۔
شیخ الاسلام علامہ حافظ ابنِ حجر عسقلانیؒ(852 ہجری) نے تہذیب التہذیب میں تشیع بعرفِ متقدمین کی تعریف یہ کی ہے:
فالتشيع فی عرف المتقدمين هو اعتقاد تفضيل على عثمان وان عليا كان مصيبا نی حروبه وان مخالفه مخطی مع تقديم الشيخين وتفضيلهما۔
(تہذیب التہذیب: جلد 1صفحہ 94)
ترجمہ: متقدمین کی اصطلاح میں جو شخص سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ کی پوری فضیلت اور افضلیت کا اقرار کرتے ہوئے یہ دو عقیدے رکھے وہ شیعہ سمجھا جاتا تھا:
1: سیدنا علی المرتضیٰؓ سیدنا عثمانؓ سے افضل تھے۔
2: سیدنا علی المرتضیٰؓ اپنی جنگوں میں راست پر تھے اور آپؓ کے مخالف خطاء پر تھے۔
سو سیدنا امیرِ معاویہؓ کو علی الاطلاق مخطی کہنے والا متقدمین کی اصطلاح کے مطابق تفضیلی شیعہ شمار ہوتا تھا ہاں اگر یوں کہہ دیا جائے کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ اپنے فیصلے میں چوک گئے لیکن قصداً ان کا فیصلہ غلط نہ تھا وہ اپنے مقصد میں حق پر تھے اور حق کا ہی قصد کیے ہوئے تھے تو اس عقیدے سے کوئی مسلمان شیعہ نہیں ہو جاتا رہا مسئلہ تفضیلی شیعوں کا سو حق یہ ہے کہ تفضیلی شیعہ حقیقت میں شیعہ نہیں ہیں اور شیعہ کے سات بنیادی عقائد میں سے وہ ایک کے بھی قائل نہیں ہیں۔
1: عقیدہ تحریفِ قرآن،
2: عقیدہ امامت،
3' انکارِ خلافتِ خلفائے ثلاثہؓ،
4: تکفیرِ جمیع صحابہ باستثنائے چند،
5: قذفِ ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہؓ،
6: تفضیلِ ائمہ بر انبیاءِ سابقین،
7: عقیدہ رجعت (یعنی اس دنیا میں دوبارہ آنا)
یہ شیعہ کے سات بنیادی عقائد ہیں اور تفضیلی شیعہ ان میں سے کسی بات کے مدعی نہیں، ہاں یہ لوگ اہلِ سنت میں سے بھی نہیں ہیں حضرت امام ابو داؤد السجستانی رحمۃاللہ (275 ہجری) نے اپنی سنن کے کتاب السنۃ میں ان تمام لوگوں کو مردود العمل قرار دیا ہے جو سیدنا علی المرتضیٰؓ کو سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ سے احق بالولايةجانیں امام ابو داؤد ؒکے ہاں ایسے لوگ (یعنی تفضیلی شیعہ) ہرگز اہلِ سنت میں سے نہیں ہیں ۔
حضرت سفیان رحمۃاللہ فرماتے ہیں کہ:
من زعم ان عليا رضی الله عنه كان احق بالولاية منهما فقد خطا ابابكر وعمر والمهاجرين والانصار وما اراه يرتفع له مع هذا عمل الى السماء۔
(سنن ابی داؤد: جلد 2 صفحہ 630)
ترجمہ: جو شخص یہ سمجھے کہ سیدنا علیؓ سیدنا ابو بکرؓ اور سیدنا عمرؓ دونوں سے خلافت کے زیادہ حقدار تھے اس نے سیدنا ابو بکرؓ سیدنا عمرؓ اور تمام مہاجرین و انصار کو غلطی پر یقین کیا اور میں ایسے شخص کا کوئی عمل آسمان کی طرف اٹھتا ہوا نہیں دیکھتا)