عبد اللہ بن سبا کی تاریخ میں آمد - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

عبد اللہ بن سبا کی تاریخ میں آمد

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 2 از 3

أن رجلا يقال له عبد الله بن سبا كان يهودياً فاظهر الاسلام وصار الى مصر فاوحى الى طائفة من الناس كلاماً اختراعه من عند نفسه۔(البدایہ والنہایہ: جلد 7 صفحہ 167)

ترجمہ: ایک شخص تھا جسے عبد اللہ بن سبا کہا جاتا تھا وہ یہودی تھا اس نے اپنے آپ کو مسلمان کہا اور مصر چلا آیا اور کچھ لوگوں کو اکٹھا کر کے خفیہ طور پر ان سے کچھ باتیں کیں اور وہ باتیں سب اس کا اختراع تھیں۔

اب آئیے اگلی صدی میں چلیں حافظ ابنِ حجر عسقلانی (852 ہجری) بھی کہتے ہیں:

اخبار عبد الله بن سبا شهيرة فی التاريخ وليست له رواية ولله الحمد وله اتباع يقال لهم السبائية معتقد والاهية علی بن ابی طالب وقد احرقهم علی بالنار فی خلافته۔(لسان المیزان: جلد 3صفحہ 290)

ترجمہ: عبد اللہ بن سبا کی خبریں تاریخ میں عام ہو چکی ہیں اور اس کی کوئی روایت (حدیث و تاریخ) میں نہیں ہے اس پر خدا کا شکر ہے اس کے پیرو ہوئے انہیں سبائی کہا جاتا ہے وہ سیدنا علیؓ کی الوہیت کے قائل تھے سیدنا علیؓ نے اپنے دورِ خلافت میں انہیں آگ میں زندہ جلایا۔

حافظ ابنِ حجرؒ اس پر خدا کا شکر ادا کر رہے ہیں کہ عبد اللہ بن سبا سے کوئی روایت مروی نہیں ہے اس کی وجہ یہ معلوم ہوتی ہے کہ اس نے کوئی معروف زندگی نہ گزاری بلکہ وہ زیادہ جاسوس لوگوں کے پیراے میں رہا کبھی ظاہر اور کبھی مخفی اور اس قسم کے لوگ اسی پیراے میں رہتے ہیں حتیٰ کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ کوئی فرضی شخصیت ہے تاہم اس کی خبریں اس درجے میں شہرت پا چکی ہیں کہ اب اس کے بارے میں کوئی شک نہیں کیا جا سکتا اس شخص کو یہ الحادی کردار خبرِ متواتر کے طور پر ملا اور اس کا ذکر تقریباً تمام بڑے مورخین نے کیا ہے۔

معروف شیعہ مؤرخ مرزا محمد تقی نے ناسخ التواریخ لکھ کر اپنے زعم میں اپنی پہلی سب تواریخ پر پانی پھیر دیا تاہم عبد اللہ بن سبا کے تاریخی وجود کا اس نے بھی اقرار کیا ہے۔

عبد اللہ بن سبا نے مسلمانوں میں کن کن عقائد کو فروغ دیا اس سے مرزا محمد تقی کی زبان سے سنیے اور سر دھنیے گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے:

گفت ہاں اے مردم مگر نشنیدہ اید کہ نصاریٰ گویند عیسیٰ علیہ السلام بدیں جہاں رجعت کند و باز آید چنانچہ در شریعت مانیز ایں سخن استوار است چوں علی رجعت تو اں کرد محمد کہ بے گماں فاضلتر از دست چگونه رجعت نہ کند وخداوند نیز در قرآن کریم مے فرماید ان الذی فرض علیک القرآن لرادک الی معاد۔(ناسخ التواریخ: جلد 3 صفحہ 234)

ترجمہ: اس نے کہا اے لوگو! کیا تم نے نہیں سنا کہ عیسائی کہتے ہیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام اس دنیا میں پھر لوٹیں گے اور دوبارہ آئیں گے جیسا کہ ہم مسلمانوں میں بھی یہ بات پختہ ہے جب حضرت عیسیٰ علیہ السلام دوبارہ آ سکتے ہیں تو حضورِ اکرمﷺ جو بلا شبہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سے افضل ہیں وہ یہاں دوبارہ کیوں نہ آ سکیں گے اور اللہ تعالیٰ نے بھی قرآن کریم میں حضورِ اکرمﷺ کو کہا ہے: وہ خدا جس نے تمہیں قرآن دیا ہے البتہ تجھے پھر لوٹائے گا لوٹنے کی جگہ پر۔

اس کا ایک خفیہ کارکن سیدنا ابنِ عباسؓ کے دروازے پر آیا اور بر ملا سوال کیا تمہارا عقیدہ سیدنا علیؓ کے دوبارہ آنے میں کیا ہے؟

سیدنا عبد اللہ بن عباسؓ نے اس کی ڈٹ کر تردید کی۔ (تذکرۃ الحفاظ: جلد 1 صفحہ 54)

اسلام میں یہ کوئی معمولی زیادتی نہ تھی امام عجلی کوفی (261 ہجری) نے اس کفر و اسلام کا فاصلہ قائم بتلایا ہے اور کہا ہے:

جو سیدنا علیؓ کی رجعت پر ایمان رکھتا ہے وہ کافر ہے۔(تذکرہ: صفحہ 404)

عبد اللہ بن سبا کے ایک دوسرے الحادی عقیدے کی ترغیب بھی آپ اس سے سنیں:

ہمانا محمدﷺ را علی علیہ السلام وصی وخلیفہ برد چنانچہ خود فرمود انت منی بمنزلۃ ہارون و موسیٰ، ازیں میتواں دانست کہ علی علیہ السلام خلیفہ محمدﷺ۔

ترجمہ: یقیناً سیدنا علیؓ حضرت محمدﷺ کے وصی اور خلیفہ تھے چنانچہ آپ نے انہیں خود کہا تم میرے لیے اس طرح ہو جیسے حضرت ہارون علیہ السلام حضرت موسیٰ علیہ السلام کے لیے تھے اس سے یہ جانا جا سکتا ہے کہ حضورِ اکرمﷺ کے خلیفہ بلا فصل سیدنا علیؓ ہیں۔

معلوم نہیں اس سے یہ کیسے جانا گیا کہ آپ کے بعد آپ کے خلیفہ سیدنا علیؓ ہیں حضرت ہارون علیہ السلام تو حضرت موسیٰ علیہ السلام کے خلیفہ نہ ہوئے تھے وہ تو حضرت موسیٰ علیہ السلام کی زندگی میں ہی فوت ہوئے وہ صرف حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ان کی زندگی میں خلیفہ رہے اور یہ ظاہر ہے کہ سیدنا علیؓ بھی حضورِ اکرمﷺ کے جنگِ تبوک پر جانے کے موقع پر حضورِ اکرمﷺ کے خلیفہ رہے اور حضورِ اکرمﷺ کے گھر بار کی نگرانی سب آپ کے سپرد رہی۔

مؤرخین کی یہ متواتر شہادتیں اس یہودی کے تاریخی وجود کا پتہ دے رہی ہیں اس نے جن نظریات کو جنم دیا وہ آج تک اثناءِ عشریہ مذہب میں جلی عنوانوں سے تسلیم کیے گئے ہیں اور شیعہ کے اس کے نقشِ پا پر چلنے کی خبر دے رہے ہیں ہاں یہ شخص چونکہ ایک خفیہ تحریک کا رکن تھا اس لیے ہو سکتا ہے کہ کبھی چھپنا اور کبھی ظاہر ہونا اس کی عادت رہی ہو اور اسی غلط فہمی میں کسی نے یہ سمجھ لیا ہو کہ یہ کوئی فرضی شخص ہو گا یہ بات صحیح ہے کہ سیدنا علیؓ نے اسے زندقہ کی سزا دی اسے آگ میں جلوا دیا اور موت کے گھاٹ اتارا اور ظاہر ہے کہ سزائے موت کسی فرضی شخصیت پر جاری نہیں کی جا سکتی وہ کوئی حسی وجود ضرور تھا۔(عبقات: جلد 2 صفحہ 139، 144)

جس نے ہر صوبے میں سفر کیا یہ کبھی حجاز میں کبھی عراق میں کبھی مصر میں اور کبھی شام میں جاتا جتنے مسلمانوں کے صوبے تھے اور جتنے مسلمانوں کے یہ علاقے تھے ہر ایک میں سفر کرتا جاتا تھا اور سیدنا عثمانؓ کے خلاف تو زبان نہیں چل سکتی تھی سوائے ایک بات کے کہ یہ بوڑھے ہو گئے ہیں لیکن جو ان کے آگے عامل تھے اور وہ مختلف صوبوں میں نظام کو چلا رہے تھے ان کے خلاف پروپیگنڈا کرنا کہ اس عامل نے یہ غلط کیا اس عامل نے یہ کیا اس عامل نے وہ کیا ہر صوبے میں اس نے یہ پروپیگنڈہ کیا اگر صوبوں کے بارے میں یہ خیالات پیدا ہوں تو وفاق پر اثر پڑتا ہے کہ نہیں؟ وفاق جو تھا وہ سیدنا عثمانؓ کے پاس تھا اور صوبوں کے جو عامل تھے اور گورنر تھے ان کے بارے میں اس قسم کی فضا پیدا کی وہ ایک لمبی داستان ہے۔

صفحہ 2 از 3