عبد اللہ بن سبا ایک یہودی تھا
(عبد اللہ بن سبا کون تھا؟ اس کا تاریخی تعارف کیا ہے؟ اس کے مقاصد کیا تھے؟ ہم ان تمام سوالات کے جوابات استاذنا المكرم حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود ؒکے الفاظ میں پیش کیے دیتے ہیں:
جوں جوں انسانی تمدن ترقی کرتا گیا انسان اپنے نظریات کے حلقے وسیع کرنے کے لیے کبھی زیرِ زمین بھی گئے اور راز دارانہ مخفی تنظیمات قائم کیں حالات کو نئی ترتیب دینے میں ان خفیہ تنظیمات نے اپنے اپنے عہد میں بہت کام کیا ہے اور پرانی زندگی سے نئی زندگی میں لانے والے یہ آزاد قومی معمار اپنے کاموں سے نہیں اپنے کارناموں سے پہچانے جاتے رہے سوسائٹی کے ظاہر اعمال کے پیچھے یہ مخفی تنظیمات دور تک اثر انداز رہی ہیں۔
سیدنا عثمانِ غنیؓ کے دور خلافت میں مسلمانوں کی سیاسی عظمت کا سورج عین نصف النہار پر تھا کہ ایک یہودی منظم منصوبہ لے کر اسلام کی صفوں میں داخل ہوا اس نے اپنا نام عبد اللہ رکھا اور اس نے اپنی تحریک کا آغاز سیدنا عثمانؓ کے گورنروں کے خلاف پروپیگنڈے سے کیا رفتہ رفتہ یہ لوگ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے خلاف بھی ہونٹ ہلانے لگے تاہم ان فری میسنز کی کارروائیاں مسلمانوں میں کچھ سیاسی انتشار پیدا کرنے سے آگے نہ بڑھ سکیں تحریک زیرِ زمین چلتی رہی یہاں تک کہ تیسری صدی ہجری کے نصف آخر میں مسلمانوں میں ایک نئے مذہب نے جنم لیا اور چوتھی صدی ہجری میں عبد اللہ بن سبا کا پہلا تاریخی تعارف ان الفاظ میں سامنے آیا ابو عمرو الکشی (370 ہجری) لکھتا ہے:
ذكر بعض اہل العلم ان عبد الله بن سبا كان يهودياً فاسلم ووالى علياً وكان اول من اشهر بالقول بفرض إمامة علی واظهر البراءة من أعدائه وكاشف مخالفيه وا كفرهم فمن ههنا قال من خالف الشيعة: اصل التشيع والرفض ماخوذ من اليهودية۔ (رجال کشی، بحار الانوار: جلد 25صفحہ 287)
ترجمہ: بعض اہلِ علم نے کہا ہے کہ عبد اللہ بن سبا یہودی تھا وہ اسلام میں داخل ہوا اور سیدنا علیؓ کی محبت کا دم بھرنے لگا یہ پہلا شخص ہے جس نے سیدنا علیؓ کی منصوص امامت کی بات اڑائی اور آپ کے دشمنوں سے اظہارِ لا تعلقی کیا اور آپ کے مخالفین سے پردہ اٹھایا اور ان کی تکفیر کی اسی جہت سے وہ لوگ جو شیعہ کے خلاف ہیں کہتے ہیں کہ تشیع اور رفض کی جڑ یہودیوں سے چلی ہے آئیے اب ہم آپ کو پانچویں صدی میں لے چلیں۔ امام ابو المظفر الاسفرائنی (471 ہجری) کی شہادت لیجیے:
وزعم ابو المظفر الاسفرائنی فی الملل والنحل ان الذين احرقهم علی طائفة من الروافض ادعوا فيه الالٰهية وهم السبائية وكان كبيرهم عبد الله بن سبا يهودياً فاظهر الاسلام وابتدع هذه المقالة۔(نقلہ فی فتح الباری: جلد 26صفحہ 100)
ترجمہ: علامہ سفرائنی نے خیال ظاہر کیا ہے کہ وہ لوگ جنہیں سیدنا علیؓ نے آگ میں جلوا دیا تھا وہ رافضیوں کا ایک گروہ تھا جو سیدنا علیؓ میں خدائی طاقت کے مدعی تھے وہ سبائی تھے اور ان کا بانی عبد اللہ بن سبا یہودی تھا اس نے اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کیا اور یہ باتیں گھڑیں۔
یہ الفاظ کہ کان يهودياً فاظهر الاسلام بتلاتے ہیں کہ وہ ایک خفیہ پروگرام سے اسلام کی صفوں میں گھسا تھا یہی الفاظ ہم چھٹی صدی میں حافظ ابنِ عساکر الدمشقی (571 ہجری) سے سنتے ہیں:
كان اصله من اليمن وكان يهودياً فاظهر الاسلام وطاف بلاد المسلمين ليلفتهم من طائفة ائمة ويدخل بينهم الشر ودخل دمشق لذلك۔(تاریخ ابنِ عساکر جلد صفحہ قلمی)
ترجمہ: اس کی اصل یمن سے تھی وہ یہودی تھا بظاہر اسلام لایا اور اس نے تمام صوبوں کا دورہ کیا تاکہ انہیں ائمہ کے گروہ سے بچلا دے اور ان میں شر داخل کر دے اس کے لیے وہ دمشق آیا۔
آئیے اب ہم آپ کو ساتویں صدی میں لے چلیں مورخِ شہیر علامہ ابنِ اثیر جزری (630 ہجری) اپنی تاریخ الکامل میں لکھتے ہیں:
ان عبد الله بن سبا كان يهودياً واسلام ايام عثمان ثم تنقل فی الحجاز ثم بالبصرة ثم بالكوفة يريد اضلال الناس فلم يقدر منهم على ذلك فاخرجه اهل الشام فاتى مصر افاقام فيهم۔ (کامل ابنِ اثیر: جلد 3صفحہ 77، احوال 35 ہجری)
ترجمہ: عبد اللہ بن سبا ایک یہودی تھا، وہ سیدنا عثمانؓ کے دور میں اسلام لایا اور حجاز چلا آیا، پھر بصرہ گیا، پھر کوفہ آیا، وہ مسلمانوں کو اپنی راہ سے گمراہ کرنے کے درپے ہوا اور اس پر قادر نہ ہو سکا اہلِ شام نے اسے نکالا تو وہ مصر چلا آیا اور ان میں رہا۔
آئیے اب آپ کو اگلی صدی میں لے چلیں شیخ الاسلام حافظ ابنِ تیمیہ رحمۃاللہ (728 ہجری) لکھتے ہیں:
فالرافضة تتحل النقل من اهل البيت لما لا وجود له واصل من وضع ذلك لهم زنادقة مثل رئيسهم الاول عبد الله بن سبا الذی ابتدع لهم الرفض۔ (فتاویٰ ابنِ تیمیہ: جلد 24 صفحہ 367)
ترجمہ: سو رافض اہلِ بیتؓ کے نام سے وہ چیزیں گھڑتے ہیں جن کا کوئی وجود نہیں ہوتا اور جس نے ان کے لیے یہ باتیں گھڑیں وہ زندیق تھا جیسے کہ ان کا پہلا رئیس جس نے ان کے لیے رفض کو ایک دین بنایا، عبد اللہ بن سبا نے یہ بات یہ مورخین نہیں کہہ رہے صدیوں سے یہ بات ان میں عام رہی ہے:
ذكر غير واحد منهم ان اول من ابتدع الرفض والقول بالنص علىٰ علی وعصمته كان منافقاً زندیقاً اراد فساد دین الاسلام وأراد ان يصنع بالمسلمين ما صنع بولص بالنصارىٰ ولكن لم يتأت له ما تأتى لبولص لضعف دین النصارىٰ او عقلهم فان المسيح رفع۔ (منہاج السنۃ: جلد 3 صفحہ 261)
ترجمہ: اسے کئی لوگوں نے ذکر کیا ہے کہ پہلا شخص جس نے رفض گھڑا اور سیدنا علیؓ کے لیے منصوص اور معصوم امامت کی بات بنائی، وہ ایک منافق تھا، جس نے زندقہ کا طریقہ اختیار کیا وہ دینِ اسلام کو برباد کرنا چاہتا تھا اور اس نے چاہا مسلمانوں میں وہی کام کرے جو پولوس نے عیسائیوں میں کیا ہے لیکن اسے وہ قوت حاصل نہ ہوئی جو پولوس کو حاصل تھی دین نصاریٰ کی کمزوری اور ان کی بے سمجھی کی وجہ سے کیونکہ حضرت مسیح علیہ السلام کو تو اوپر اٹھا لیا گیا (اور ان کی خلافت قائم نہ ہو سکی تھی)
اس صدی کے آخر میں حافظ ابنِ کثیر الدمشقی (774 ہجری) بھی یہی کہتے ہیں:
أن رجلا يقال له عبد الله بن سبا كان يهودياً فاظهر الاسلام وصار الى مصر فاوحى الى طائفة من الناس كلاماً اختراعه من عند نفسه۔(البدایہ والنہایہ: جلد 7 صفحہ 167)
ترجمہ: ایک شخص تھا جسے عبد اللہ بن سبا کہا جاتا تھا وہ یہودی تھا اس نے اپنے آپ کو مسلمان کہا اور مصر چلا آیا اور کچھ لوگوں کو اکٹھا کر کے خفیہ طور پر ان سے کچھ باتیں کیں اور وہ باتیں سب اس کا اختراع تھیں۔
اب آئیے اگلی صدی میں چلیں حافظ ابنِ حجر عسقلانی (852 ہجری) بھی کہتے ہیں:
اخبار عبد الله بن سبا شهيرة فی التاريخ وليست له رواية ولله الحمد وله اتباع يقال لهم السبائية معتقد والاهية علی بن ابی طالب وقد احرقهم علی بالنار فی خلافته۔(لسان المیزان: جلد 3صفحہ 290)
ترجمہ: عبد اللہ بن سبا کی خبریں تاریخ میں عام ہو چکی ہیں اور اس کی کوئی روایت (حدیث و تاریخ) میں نہیں ہے اس پر خدا کا شکر ہے اس کے پیرو ہوئے انہیں سبائی کہا جاتا ہے وہ سیدنا علیؓ کی الوہیت کے قائل تھے سیدنا علیؓ نے اپنے دورِ خلافت میں انہیں آگ میں زندہ جلایا۔
حافظ ابنِ حجرؒ اس پر خدا کا شکر ادا کر رہے ہیں کہ عبد اللہ بن سبا سے کوئی روایت مروی نہیں ہے اس کی وجہ یہ معلوم ہوتی ہے کہ اس نے کوئی معروف زندگی نہ گزاری بلکہ وہ زیادہ جاسوس لوگوں کے پیراے میں رہا کبھی ظاہر اور کبھی مخفی اور اس قسم کے لوگ اسی پیراے میں رہتے ہیں حتیٰ کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ کوئی فرضی شخصیت ہے تاہم اس کی خبریں اس درجے میں شہرت پا چکی ہیں کہ اب اس کے بارے میں کوئی شک نہیں کیا جا سکتا اس شخص کو یہ الحادی کردار خبرِ متواتر کے طور پر ملا اور اس کا ذکر تقریباً تمام بڑے مورخین نے کیا ہے۔
معروف شیعہ مؤرخ مرزا محمد تقی نے ناسخ التواریخ لکھ کر اپنے زعم میں اپنی پہلی سب تواریخ پر پانی پھیر دیا تاہم عبد اللہ بن سبا کے تاریخی وجود کا اس نے بھی اقرار کیا ہے۔
عبد اللہ بن سبا نے مسلمانوں میں کن کن عقائد کو فروغ دیا اس سے مرزا محمد تقی کی زبان سے سنیے اور سر دھنیے گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے:
گفت ہاں اے مردم مگر نشنیدہ اید کہ نصاریٰ گویند عیسیٰ علیہ السلام بدیں جہاں رجعت کند و باز آید چنانچہ در شریعت مانیز ایں سخن استوار است چوں علی رجعت تو اں کرد محمد کہ بے گماں فاضلتر از دست چگونه رجعت نہ کند وخداوند نیز در قرآن کریم مے فرماید ان الذی فرض علیک القرآن لرادک الی معاد۔(ناسخ التواریخ: جلد 3 صفحہ 234)
ترجمہ: اس نے کہا اے لوگو! کیا تم نے نہیں سنا کہ عیسائی کہتے ہیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام اس دنیا میں پھر لوٹیں گے اور دوبارہ آئیں گے جیسا کہ ہم مسلمانوں میں بھی یہ بات پختہ ہے جب حضرت عیسیٰ علیہ السلام دوبارہ آ سکتے ہیں تو حضورِ اکرمﷺ جو بلا شبہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سے افضل ہیں وہ یہاں دوبارہ کیوں نہ آ سکیں گے اور اللہ تعالیٰ نے بھی قرآن کریم میں حضورِ اکرمﷺ کو کہا ہے: وہ خدا جس نے تمہیں قرآن دیا ہے البتہ تجھے پھر لوٹائے گا لوٹنے کی جگہ پر۔
اس کا ایک خفیہ کارکن سیدنا ابنِ عباسؓ کے دروازے پر آیا اور بر ملا سوال کیا تمہارا عقیدہ سیدنا علیؓ کے دوبارہ آنے میں کیا ہے؟
سیدنا عبد اللہ بن عباسؓ نے اس کی ڈٹ کر تردید کی۔ (تذکرۃ الحفاظ: جلد 1 صفحہ 54)
اسلام میں یہ کوئی معمولی زیادتی نہ تھی امام عجلی کوفی (261 ہجری) نے اس کفر و اسلام کا فاصلہ قائم بتلایا ہے اور کہا ہے:
جو سیدنا علیؓ کی رجعت پر ایمان رکھتا ہے وہ کافر ہے۔(تذکرہ: صفحہ 404)
عبد اللہ بن سبا کے ایک دوسرے الحادی عقیدے کی ترغیب بھی آپ اس سے سنیں:
ہمانا محمدﷺ را علی علیہ السلام وصی وخلیفہ برد چنانچہ خود فرمود انت منی بمنزلۃ ہارون و موسیٰ، ازیں میتواں دانست کہ علی علیہ السلام خلیفہ محمدﷺ۔
ترجمہ: یقیناً سیدنا علیؓ حضرت محمدﷺ کے وصی اور خلیفہ تھے چنانچہ آپ نے انہیں خود کہا تم میرے لیے اس طرح ہو جیسے حضرت ہارون علیہ السلام حضرت موسیٰ علیہ السلام کے لیے تھے اس سے یہ جانا جا سکتا ہے کہ حضورِ اکرمﷺ کے خلیفہ بلا فصل سیدنا علیؓ ہیں۔
معلوم نہیں اس سے یہ کیسے جانا گیا کہ آپ کے بعد آپ کے خلیفہ سیدنا علیؓ ہیں حضرت ہارون علیہ السلام تو حضرت موسیٰ علیہ السلام کے خلیفہ نہ ہوئے تھے وہ تو حضرت موسیٰ علیہ السلام کی زندگی میں ہی فوت ہوئے وہ صرف حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ان کی زندگی میں خلیفہ رہے اور یہ ظاہر ہے کہ سیدنا علیؓ بھی حضورِ اکرمﷺ کے جنگِ تبوک پر جانے کے موقع پر حضورِ اکرمﷺ کے خلیفہ رہے اور حضورِ اکرمﷺ کے گھر بار کی نگرانی سب آپ کے سپرد رہی۔
مؤرخین کی یہ متواتر شہادتیں اس یہودی کے تاریخی وجود کا پتہ دے رہی ہیں اس نے جن نظریات کو جنم دیا وہ آج تک اثناءِ عشریہ مذہب میں جلی عنوانوں سے تسلیم کیے گئے ہیں اور شیعہ کے اس کے نقشِ پا پر چلنے کی خبر دے رہے ہیں ہاں یہ شخص چونکہ ایک خفیہ تحریک کا رکن تھا اس لیے ہو سکتا ہے کہ کبھی چھپنا اور کبھی ظاہر ہونا اس کی عادت رہی ہو اور اسی غلط فہمی میں کسی نے یہ سمجھ لیا ہو کہ یہ کوئی فرضی شخص ہو گا یہ بات صحیح ہے کہ سیدنا علیؓ نے اسے زندقہ کی سزا دی اسے آگ میں جلوا دیا اور موت کے گھاٹ اتارا اور ظاہر ہے کہ سزائے موت کسی فرضی شخصیت پر جاری نہیں کی جا سکتی وہ کوئی حسی وجود ضرور تھا۔(عبقات: جلد 2 صفحہ 139، 144)
جس نے ہر صوبے میں سفر کیا یہ کبھی حجاز میں کبھی عراق میں کبھی مصر میں اور کبھی شام میں جاتا جتنے مسلمانوں کے صوبے تھے اور جتنے مسلمانوں کے یہ علاقے تھے ہر ایک میں سفر کرتا جاتا تھا اور سیدنا عثمانؓ کے خلاف تو زبان نہیں چل سکتی تھی سوائے ایک بات کے کہ یہ بوڑھے ہو گئے ہیں لیکن جو ان کے آگے عامل تھے اور وہ مختلف صوبوں میں نظام کو چلا رہے تھے ان کے خلاف پروپیگنڈا کرنا کہ اس عامل نے یہ غلط کیا اس عامل نے یہ کیا اس عامل نے وہ کیا ہر صوبے میں اس نے یہ پروپیگنڈہ کیا اگر صوبوں کے بارے میں یہ خیالات پیدا ہوں تو وفاق پر اثر پڑتا ہے کہ نہیں؟ وفاق جو تھا وہ سیدنا عثمانؓ کے پاس تھا اور صوبوں کے جو عامل تھے اور گورنر تھے ان کے بارے میں اس قسم کی فضا پیدا کی وہ ایک لمبی داستان ہے۔
(سیدنا عثمانؓ کی سیرت، شخصیت، خلافت اور شہادت تک پیش آنے والے واقعات پر تفصیلی مطالعہ کے لیے امام مظلوم سیرت سیدنا عثمانؓ شہادتِ عثمانؓ از حضرت مولانا سید نور الحسن شاہ بخاری رحمۃاللہ،
رحماء بینہم از حضرت مولانا محمد نافع رحمۃاللہ ،
خلفائے راشدینؓ از حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمۃاللہ، سیدنا عثمانؓ از حضرت مولانا محمد اقبال رنگونی کی مراجعت فرمائیں)