تو شاہِ حبشہ نے اپنی جگہ اعلان کیا کہ جو شخص مسلمانوں کے سپہ سالار کا سر میرے پاس لائے گا میں اپنی بیٹی اس کو بطورِ بیوی کے دوں گا اور ملک کی آدھی دولت بھی دوں گا سو یہ تو اعلان ہوا شاہِ حبشہ کا اور جس کو سیدنا عثمانؓ نے مسلمانوں کا کمانڈر مقرر کیا تھا جو آگے بڑھا اس نے بھی اعلان کر دیا کہ جو شاہِ حبشہ کا سر لائے گا اسے آج کا سارا مالِ غنیمت دیا جائے گا اس وقت ان کو یہی خیال آیا اب جب وہ کہہ رہے تھے کہ میں سارا مالِ غنیمت اس کو دوں گا تو سامعین ذرا خیال کیجیے کہ یہ انہوں نے جوش میں کہہ دیا نا؟ وگرنہ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں جو قانون بیان کیا ہے وہ تو اس کے خلاف ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
وَاعۡلَمُوۡۤا اَنَّمَا غَنِمۡتُمۡ مِّنۡ شَىۡءٍ فَاَنَّ لِلّٰهِ خُمُسَهٗ وَ لِلرَّسُوۡلِ الخ۔(سورۃ الانفال: آیت 41)
ترجمہ: اور جان رکھو کہ جو کچھ تم کو غنیمت ملے کسی چیز سے سو اللہ کے واسطے ہے اس میں سے پانچواں حصہ اور رسول کے واسطے۔ (ترجمہ شیخ الہند)
کہ جو مالِ غنیمت آئے، اس کے اتنے حصے ہوں گے اور سارے لشکر والوں کا بھی اس میں حصہ ہو گا اللہ اور رسول کا بھی اس میں حصہ ہو گا اس میں خمس ہو گا تو جو کمانڈر نے اعلان کر دیا وہ کیا کیا؟ بھائی کیا یہ قرآن کے مطابق تھا؟ شاہِ حبشہ نے کہا کہ جو مسلمانوں کے کمانڈر کا سر لائے گا اسے بیٹی بھی دوں گا اور آدھی سلطنت بھی دوں گا تو ادہر سے یہ بھی جوش میں آ گئے اور کہا کہ جو اس کا سر لائے گا میں اسے آج کا سارا مال غنیمت دے دوں گا یہ اعلان کرنے والے کمانڈر سیدنا عثمانؓ کے رشتہ داروں میں سے تھے۔
اب ذرا ایک طرف ہو کر سوچیں تو یہود و فطرت ابنِ سبا اور اس کے پیروکاروں نے یہ بات کی کہ دیکھو سیدنا عثمانؓ نے اپنے رشتہ دار کو مال دینے کے لیے سارا مالِ غنیمت پیش کر دیا حالانکہ قرآن تو یہ کہتا ہے؟ اب بھائی ایسے موقع پر اس قسم کا کوئی اعتراض کرنا کیا مناسب ہے؟ (سامعين: نہیں) غور کریں کہ جب شاہِ حبشہ نے اعلان کیا تو انہوں نے بھی کوئی نا کوئی اعلان تو کرنا ہی تھا مگر اب سیدنا عثمانؓ کے خلاف یہود کا یہ پروپیگنڈہ عام کرنا کہ جی قرآن نے مالِ غنیمت کی تقسیم یہ بتائی ہے اور سیدنا عثمانؓ نے اپنے رشتہ دار کو سارا مال دے دیا تو خیر اس کی بھی تفصیل ہے یہ موقع نہیں۔
(سیدنا عثمانؓ نے اس جنگ میں امداد کے لیے مدینہ سے ایک لشکر بھیجا تھا جس میں سیدنا حسنؓ، سیدنا حسینؓ، سیدنا عبداللہ بن زبیرؓ، عبداللہ بن عمرؓ اور فضل بن عباسؓ بھی شامل تھے شاہ حبشہ کے اعلان کے بعد حضرت عبداللہ بن ابی سرح رضی اللہ عنہ اپنے خیمہ میں تھے جس پر حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے پوچھا کہ آپ خیمہ میں کیوں ہیں؟ میدان میں چل کر خود فوج کی کمان کیوں نہیں کرتے اس سوال پر ابن ابی سرحؓ نے شاہِ حبشہ کے اعلان کے متعلق بتایا اس پر ابنِ زبیرؓ نے کہا کہ آپ بھی اعلان کر دیں کہ جو شخص شاہِ افریقہ کا سر لائے گا میں اس سے اپنی بیٹی کا نکاح کر دوں گا اور مال غنیمت کا پورا خمس بھی دے دوں گا مختصر یہ کہ ابنِ ابی سرحؓ نے خود ہی ایک دستے کے ساتھ شاہِ افریقہ کے خیمہ پر حملہ کیا اور اس کا سر اتار کر نیزہ پر بلند کیا اور افریقی فوج کو شکست ہوئی اس طرح ابنِ ابی سرحؓ اعلان کے موافق خمس غنیمت کے مستحق قرار پائے اور ان کے استحقاق کو سیدنا عثمانؓ سمیت فوج نے بھی تسلیم کیا مگر ابنِ سبا اور اس کے ماننے والوں نے اس واقعے کو غلط رنگ دے کر پیش کیا جس پر سیدنا عثمانؓ نے ابنِ ابی سرحسرحؓ کو لکھا کہ تم خمس بھیج دو میں تم کو اپنے پاس سے مناسب انعام دے دوں گا کیونکہ بعض لوگ اس پر چہ مگوئیاں کر رہے ہیں سو اس مختصر وضاحت سے سیدنا عثمانؓ پر اقربا نوازی کے کھوکھلے الزام کی قلعی کھل جاتی ہے۔
سیدنا عثمانؓ پر اقربا نوازی کے لگائے گئے اس غلط الزام پر تفصیلی اور تحقیقی مطالعہ کے لیے کتاب رحماء بینہم حصہ اقربا نوازی از حضرت مولانا محمد نافع رحمۃاللہ اور خلفائے راشدینؓ از حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمۃاللہ کی مراجعۃ فرمائیں)
یہ ضمنی بات میں نے آپ کے سامنے بیان کی ہے بتانا یہ چاہتا ہوں کہ سیدنا عثمانِ غنیؓ 80 سال کے بوڑھے تھے جب ان کو یہ فتح نصیب ہوئی کیونکہ آپ ذہن کے اعتبار سے جوان تھے سیدنا عثمانِ غنیؓ ضعیف العمری میں بھی اپنی رگوں میں جوانوں ساخون رکھتے تھے تبھی تو انہوں نے کہا کہ ہم نے حبشہ پہنچنا ہے اور پھر اللہ نے فتح بھی دی شاہِ حبشہ وہاں کا پرانا حکمران تھا اور اس کی فوج ہاتھیوں پر لڑتی تھی جس طرح عرب گھوڑوں پر لڑتے ہیں لیکن سیدنا عثمانِ غنیؓ کو اللہ تعالیٰ نے کوئی روحانی قوت دی تھی جو وہ اس بصیرت سے دیکھ رہے تھے کہ معلوم ہوتا ہے ان کے پیچھے اللہ تعالیٰ کے الہامات کا دخل تھا تاہم اس کی تفصیل میں جانے کا ٹائم نہیں لیکن اس ہستی کے متعلق جنہوں نے 80 سال کی عمر ہو کر بھی اپنے کام کی جو رونق دکھائی اور کامیابی دکھائی اور حبشہ پر فتح حاصل کی اس کے بارے میں ان کے خلاف تحریک چلانے والے کہنے لگے کہ ان کو اتارو اور جوانوں (Young) کو موقع دو مگر سوچیں کہ ان لوگوں کا یہ کہنا کہ جوانوں کو موقع دینا چاہیے کیا اتنے پختہ اور تجربہ کار حضرات کے ہوتے ہوئے ان لوگوں کی اس بات کی کوئی اہمیت تھی؟ اور بھلا کیا یہ کوئی بات تھی تو اصل بات یہ ہے کہ سیدنا عثمانِ غنیؓ کے دور کے آخر میں مسلمانوں کی اکثریت صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی نہ رہی تھی اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی تعداد تھوڑی ہوتی جا رہی تھی سیدنا صدیقِ اکبرؓ کے دور میں ختمِ نبوت کے معرکہ میں کچھ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین فوت ہوگئے پھر سیدنا عمرؓ کے دور میں فوت ہوئے اور اب 12 سال کے قریب سیدنا عثمانؓ کا دورِ خلافت ہے اور اس میں بھی دس سال گزر چکے جس میں کچھ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین بھی فوت ہوگئے تو مسلمانوں میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی جتنی تعداد کم ہوتی گئی برکات بھی کم ہوتی گئیں اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو عنایات ہیں وہ بھی کم ہوتی گئیں کیونکہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین پر جو عنایات اتریں ان کی مثال نہیں ملتی صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین پر حضورِ اکرمﷺ کی صحبت کے اثرات سایہ افگن تھے اور جب صحابہ کا دور تھا اس وقت رُحَمَآءُ بَيۡنَهُمۡ الخ۔(سورۃ الفتح: آیت 29)
ان کی شان تھی اور سیدنا علیؓ اور سیدنا امیرِ معاویہؓ کے دور میں دونوں طرف افواج میں غیر صحابہ کی اکثریت تھی۔
(حضرت امام احمد بن حنبل رحمۃاللہ (241 ہجری) حضرت امام محمد بن سیرین رحمۃاللہ (110 ہجری) کے حوالہ سے فرماتے ہیں کہ اس جنگ میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی تعداد تیس سے بھی کم تھی:
هاجت الفتنة واصحاب رسول اللهﷺ عشرات الوف فلم يحضرها منهم مائة بل لم يبلغوا ثلاثين۔(منہاج السنۃ: جلد 3صفحہ 86)
شیخ الاسلام حضرت حافظ ابنِ تیمیہ رحمۃاللہ (728 ہجری) اس کی سند کے متعلق فرماتے ہیں:
هذا الاسناد اصح اسناد على وجه الارض (ايضاً)